ایمز ٹی وی (لاہور) ہائیکورٹ کے راولپنڈی بنچ نے جی ایچ کیو، کامرہ کمپلیکس اور حمزہ کیمپ پر حملے میں ملوث ۲ ملزمان کی بریت کے خلاف دائر حکومتی اپیلیں خارج کرتے ہوئے انسداد دہشتگردی کی عدالت کی جانب سے دیا گیا بریت کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔ جسٹس عبادالرحمان کودھی اور جسٹس قاضی امین پر مشتمل ۲ رکنی ڈویژن بنچ نے جی ایچ کیو، کامرہ کمپلیکس اور حمزہ کیمپ پر ہونے والے حملوں میں ملوث ملزمان کے خلاف دائر حکومتی اپیلوں پر سماعت کی۔ سماعت کے دوران عدالت نے قرار دیا کہ ملزمان کے خلاف کوئی ٹھوس شواہد پیش نہیں کئے گئے جب کہ انسداد دہشتگردی کی عدالت کی جانب سے ملزمان کے حق میں سنایا گیا فیصلہ درست ہے۔ عدالت نے ملزمان کی بریت میں انسداد دہشتگردی عدالت کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے حکومتی اپیلیں خارج کردیں اور ملزمان کو تینوں مقدمات میں عدم ثبوت پر بری کردیا۔
واضح رہے کہ ۳ سال قبل کامرہ کمپلیکس پر راکٹ حملہ، جی ایچ کیو کے گیٹ نمبر ۴ اور حمزہ کیمپ پر خودکش حملہ کیا گیا تھا جس کی تحقیقات کے دوران ۲ ملزمان کو گرفتار کیا گیا تھا جنہیں انسداد دہشتگردی عدالت نے عدم ثبوت پر بری کر دیا تھا۔