ایمز ٹی وی(لاہور) آئی سی آئی جے نے پانامہ لیکس میں مریم نواز شریف سے متعلق کچھ نئی دستاویزات سماجی رابطے کی ویب سائٹ ”ٹوئٹر“ پر جاری کر دی ہیں اور کہا ہے کہ یہ دستاویزات پاکستانی سپریم کورٹ میں جاری مقدمے اور عوامی دلچسپی کے باعث جاری کی جا رہی ہیں۔
آئی سی آئی جے کی جانب سے جاری ہونے والی نئی دستاویزات میں منروا کمپنی سے متعلق کاغذات ہیں اور مریم نواز شریف کے پاسپورٹ کی فوٹو کاپی بھی شامل ہے۔ آئی سی آئی جے کے رکن باسٹین اوبرمیر نے ٹوئٹر پر جاری پیغام میں لکھا کہ ”ہم نے پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف اور پانامہ پیپرز کے معاملے پر عوامی دلچسپی کیلئے مزید دستاویزات جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔“ ان کی جانب سے منروا کمپنی کی دستاویزات اور مریم نواز شریف کے پاسپورٹ کی کاپی بھی جاری کی کی گئی ہے۔
تحقیقاتی صحافی، پانامہ پیپرز کتاب کے شریک منصف اور آئی سی آئی جے کے ممبر فریڈریک اوبرمائر نے بھی اپنے ٹوئٹر اکاﺅنٹ پر ایک پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے مریم نواز شریف کے پاسپورٹ کی کاپی جاری کرتے ہوئے اسے ”ثبوت“ لکھا۔ اس کے علاوہ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ ” آپ پانامہ پیپرز کیس کے معاملے میں مریم نواز اور شریف خاندان کے بارے میں جاننا چاہتے ہیں؟ تو یہ لیں۔“
انہوں نے مزید لکھا ”جیسا کہ سپریم کورٹ میں سماعت کے بعد بھی کچھ لوگ شکوک و شبہات کا اظہار کر رہے ہیں کہ کیا مریم نواز شریف کا نام واقعی پانامہ پیپرز میں ہے، جی ہاں، ان کا نام ہے۔“
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ان دستاویزات کو ری ٹویٹ کیا ہے اور کہا ہے کہ پانامہ پیپرز کے معاملے پر مریم نواز شریف سے متعلق حقائق جاننے کے خواہشمند افراد خود ان دستاویزات کو دیکھ کر فیصلہ کر سکتے ہیں۔