ایمزٹی وی (لاہور) لاہور کے علاقے میکلوڈ روڈ چوک پر اورنج لائن ٹرین منصوبے کے تعمیراتی کام کے دوران گیس پائپ لائن پھٹ گئی۔ پائپ لائن پھٹنے سے علاقے میں سوئی گیس کی ترسیل منقطع ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پرائیویٹ کمپنی کے تعمیراتی کارکنوں کی جانب سے کھدائی کے دوران میکلوڈ روڈ چوک پر پائپ لائن پھٹ گئی جس سے قلعہ گوجر سنگھ اور ملحقہ علاقوں میں گیس کی ترسیل منقطع ہو گئی۔ اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ شکایت پر محکمہ گیس کی ٹیم صرف معائنہ کر کے چلی گئی اور چھے گھنٹے سے زائد کا وقت گزر جانے کے باوجود لیکیج بند نہیں ہو سکی جس سے سانس لینے میں بھی دشواری ہو رہی ہے۔ سوئی گیس حکام کا کہنا ہے کہ ٹیم روانہ کر دی ہے جلد ہی لیکیج پر قابو پا لیا جائے گا۔ اس موقع پر اہل علاقہ نے حکومت کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔