ایمز ٹی وی (لاہور) کاؤنٹرٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے مقابلے کے دوران 7 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے جن کا تعلق کالعدم تحریک طالبان اور لشکر جھنگوی سے ہے شیخوپورہ کے علاقے شرقپور روڈ پر واقع مکان میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سی ٹی ڈی نے چھاپہ مارا جس پر مکان میں موجود دہشت گردوں نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ شروع کردی اور دستی بموں سے بھی حملے کیے گئے۔ سی ٹی ڈی حکام کےمطابق پولیس کی جوابی فائرنگ میں 3 دہشت گرد مارے گئے جب کہ اس دوران 4 دہشت گردوں نے 2 موٹرسائیکلوں پر فرار ہونے کی کوشش کی تاہم ان کی کوشش ناکام بناتے ہوئے چاروں دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا سی ٹی ڈی حکام کے مطابق دہشت گردوں کا 12 رکنی گروہ مکان میں پناہ لیے ہوئے تھا جن کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی گئی جب کہ اس دوران دہشت گردوں سے فائرنگ کا تبادلہ 2 گھنٹے تک جاری رہا تاہم دہشت گردوں کے 5 ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔ سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہےکہ ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان اور لشکر جھنگوی سے ہے جو لاہور اور شیخوپورہ میں دہشت گردی کی بڑی کارروائی کرنا چاہتے تھے جن میں سیکیورٹی فورسز کو بھی نشانہ بنانے کا منصوبہ تھا کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے ایک موٹرسائیکل، دھماکا خیز مواد، رائفلیں اور کلاشنکوف بھی برآمد کی گئی ہے جب کہ فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں ناکہ بندی کردی گئی ہے اور مزیدنفری طلب کرکے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔