ایمز ٹی وی (راولپنڈی) سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے قتل کے جرم میں ممتاز قادری کو پھانسی دے دی گئی۔
سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے قتل کے مجرم ممتاز قادری کو علی الصبح راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں تختہ دار پر لٹکا دیا گیا، اس موقع پر جیل کے اندر اور اطراف سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے اور کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو جیل کی طرف آنے کی اجازت نہیں تھی۔
ممتاز قادری کو سزائے موت کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی ریلیاں نکالی جا رہی ہیں، لاہور میں شاہدرہ موٹر پر مظاہرین نے ممتاز قادری کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی اور ٹائروں کو آگ لگا کر سڑک بلاک کردی۔ راولپنڈی میں بھی مظاہرین ممتاز قادری کو سزائے موت کے خلاف میٹرو بس کے ٹریک پر آ گئے جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ حیدر آباد میں مظاہرین نے مختلف سڑکوں پر ٹائر جلا کر روڈ بلاک کردیئے اور اسکول بند کروا دیئے۔
واضح رہے کہ ممتاز قادری نے سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کو 4 جنوری 2011 کو اسلام آباد کی کوہسار مارکیٹ میں فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔ ممتاز قادری کے خلاف پہلے انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سزائے موت کا حکم دیا پھر اسلام آباد ہائی کورٹ نے بھی سزائے موت کے فیصلے کو برقرار رکھا اور پھر گزشتہ برس دسمبر میں سپریم کورٹ نے بھی ممتاز قادری کی درخواست مسترد کردی۔ صدر ممنون حسین نے بھی چند روز قبل ممتاز قادری کی رحم کی اپیل مسترد کر دی تھی۔