ایمزٹی وی(کراچی) سندھ حکومت کی توجہ صفائی کی طرف دلانے کے لیے شہر قائد کے نوجوانوں نے انوکھا قدم اٹھاتے ہوئے کچرا فیسٹیول کا انعقاد کیا اور شہر کو صاف کرنے کا مطالبہ کیا۔
سندھ سرکار کو جگانے کے لیے کراچی کے نوجوانوں نے 14 اگست کے دن پاکستان کی تاریخ کے انوکھے فیسٹیول کا افتتاح کیا۔ اس ضمن میں کچرا فیسٹیول کا پہلا پروگرام گلشن اقبال کے بلاک 13 ڈی 2 ریلوے پٹڑی کے قریب منعقد کیا گیا۔
فیسٹیول میں حصہ لینے والے نوجوانوں کا کہنا تھا کہ ’’یہ تاریخ کا انوکھا فیسٹیول اس لیے ہے کہ ہم خود صفائی کر کے حکومت کا کام سمیٹ نہیں رہے بلکہ حکومت کی آنکھیں کھول رہے ہیں کہ یہ کچرا آپکا منتظر ہے
کچرا فیسٹیول کے انعقاد کے بعد کراچی کے عوام سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اس کا حصہ بن رہے ہیں، عوامی پذیرائی کو دیکھتے ہوئے سندھ حکومت کے حکام کی جانب سے منتظمین پر دباؤ ہے کہ اس فیسٹیول کے انعقاد کو روکا جائے۔
کچرا فیسٹیول کے منتظمین کا کہنا ہے کہ ’’اگر ہم صفائی مہم شروع کردیں گے تو حکومت اس کام سے پیچھے ہٹ جائے گی تاہم یہ انوکھا راستہ اختیار کرنے کی وجہ یہ ہے کہ حکومت ہم سے ٹیکسز وصول کرتی ہے اور مہذب معاشرے میں عوام کو بنیادی ضروریات کو پورا کرنا حکومت ہی کی ذمہ داری ہے
منتظم ارسلان خان کا کہنا ہے کہ ’’ہم عوام کی جانب سے بھیجی گئی تصاویر کا بغور جائزہ لیتے ہیں جس کے بعد کسی بھی مقام کا تعین کر کے ٹیم اُس مقام کا رخ کرتی ہے اور پھر فیسٹیول والے روز ہم وہاں جاکر کچرا سجاتے ہیں اور ڈھول بجاتے ہیں جسے دیکھ کر وہاں کے مکین جمع ہوجاتے ہیں‘‘۔
اُن کا کہنا تھا ’’آگے چل کر اس فیسٹیول کی تقاریب کو بڑھایا جائے گا اور جب تک سندھ حکومت اپنی کارکردگی بہتر نہیں بناتی تب تک اس کا انعقاد جاری رہے گا، اُن کا کہنا تھا کہ ’’فسیٹیول کے انعقاد سے قبل ہم نے وزیر اعلیٰ سندھ اور سندھ حکومت کو خط بھی تحریر کیا تھا تاہم وہاں سے کوئی جواب نہیں آیا
فیسٹیول میں حصہ لینے والے نوجوانوں سے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ’’سوشل میڈیا پر احتجاج کے باعث ہم اکٹھے ہوئے ہیں اور ہم حکومت کو جگانا چاہتے ہیں کہ حکومت اپنے اندر احساسِ ذمہ داری پیدا کرے اور عوام کی خدمت کرے‘‘۔
دیگر جماعتوں کی جانب سے صفائی مہم پر نوجوانوں کا کہنا تھاکہ ’’ہم حکومت کا کام آسان نہیں کرنا چاہتے، عوام حکومت کو ٹیکس ادا کرتے ہیں اگر ہم حکومت کے کام کو آسان کریں گے تو آئندہ حکومت ہر کام سے جان چھڑائے گی
فیسٹیول کے منتظم نے بتایا کہ ’’کراچی میں روزانہ کی بنیاد پر 12 ہزار ٹن کچرا پیدا ہوتا ہے تاہم حکومت کے پاس صرف 3 ہزار ٹن کچرا اٹھانے کے لیے مشینری موجود ہے باوجود اس کے سندھ میں گزشتہ 8 سال سے اقتدار پر ایک ہی جماعت قابض ہے جبکہ ماضی میں یہی کراچی بلدیاتی نمائندوں کی موجودگی میں صاف ستھرا تھ
نوجوانوں کا کہنا ہے کہ ’’کراچی میں مسائل کی ایک اہم وجہ مقامی قیادت کے پاس اختیار نہ ہونا ہے، غیر مقامی قیادت کے پاس وزارتیں ہونے کے باوجود صفائی نہ ہونے کی ایک اہم وجہ کراچی سے ناواقفیت بھی ہے
نوجوانوں کا کہنا ہے کہ مستقبل میں جگہ کا تعین کرنے کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اعلان کردیا جائے گا تاکہ حکومت سندھ کے منتعلقہ عہدیداران فیسٹیول کے انعقاد سے قبل اگر اپنی کارکردگی بہتر بنا سکتے ہیں تو وہاں سے کچرا صاف کردیں