ایمز ٹی وی(کراچی) سندھ رینجرز نے کہا ہے کہ مشرف کالونی میں مصدقہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے زیراستعمال مدفون اسلحہ اور ایمونیشن کی بڑی کھیپ برآمد کرلی گئی ہے۔
ترجمان رینجرز کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’’رینجرز نے مصدقہ اطلاع پر کارروائی عمل میں لاتے ہوئے مشرف کالونی سے ایم کیو ایم کے زیر استعمال مدفون اسلحہ برآمد کرلیا ہے جو شہر میں بدامنی اور ٹارگٹ کلنگ کے لیے استعمال ہونا تھا‘‘۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’’کارروائی کے دوران اسلحے اور ایمونیشن کی بڑی تعداد برآمد کی گئی ہے جن میں 3 عدد رائفل، 7 ایم ایم کی 4 عدد رائفلز ، چار ایس ایم جیز، ایک عدد 30 بور پستول اور سینکڑوں گولیاں برآمد کی گئیں ہیں‘‘۔
رینجرز اعلامیے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ’’زیر زمین مدفون اسلحہ ایم کیو ایم کے زیر استعمال تھا اور یہ شہر میں ٹارگٹ کلنگ، بدامنی کے لیے استعمال کیا جانا تھا‘‘۔
rangers_karachi
علاوہ ازیں رینجرز کی بھاری نفری کی موجودگی میں ناظم آباد عید گاہ کے قریب واقع ایم کیو ایم کے یونٹ 83 کو بعد نمازِ جمعہ مسمار کردیا گیا ہے، کارروائی کرنے والے افسران کا کہنا ہے کہ ’’سیاسی جماعت کا دفتر سرکاری اراضی پر غیر قانونی طور پر تعمیر کیا گیا تھا جسے سندھ حکومت کے احکامات پر مسمار کیاگیا‘‘