ایمز ٹی وی (کراچی) اورنگی ٹاؤن کے علاقے بنارس کالونی میں نامعلوم افراد نے پولیو ٹیم پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں پولیو رضا کاروں کی سیکیورٹی پرتعینات اہلکار گولیاں لگنے سے شہید ہوگیا۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق اورنگی ٹاؤن کے علاقے بنارس کالونی یو سی 6 میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے پولیو ٹیم پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے اے ایس آئی تبسم موقع پر جاں بحق ہوگئے جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق اے ایس آئی تبسم کے سر میں 2 گولیاں لگیں جس کے باعث وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ اسپتال انتظامیہ نے ضروری کارروائی شروع کردی۔ دوسری جانب اے ایس آئی تبسم کی شہادت کے بعد سائٹ اور اورنگی ٹاؤن میں پولیو مہم عارضی طور پر روک دی گئی جب کہ آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے کراچی میں 3 دن تک موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی کی سفارش کردی ہے۔ ترجمان کراچی پولیس کا کہنا ہے کہ پولیو مہم کو موثر بنانے کے لئے کراچی میں ڈبل سواری کی پابندی کا فیصلہ کیا گیا جس کی منظوری کے بعد شہر بھر میں ڈبل سواری قابل گرفت جرم ہوگا۔