ایمز ٹی وی(کراچی) کراچی کے علاقے سائٹ میں گودام میں لگی آگ پر 14گھنٹوں بعد قابو پالیا گیا ہے۔ گودام میں رکھا لاکھوں کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا، آگ اتنی شدید تھی کہ شہر بھر کے فائر ٹینڈر طلب کئے گئے تھے، مگر چند ہی پہنچ سکے۔ کراچی کے علاقے سائٹ ایریا میں واقع گودام میں اچانک آگ بڑھک اٹھی اور بھڑکتی چلی گئی۔
تیسرے درجے کی آگ بجھانے کیلئے چار چھ فائر ٹینڈر ناکافی ہوتے اس لئے پورے شہر کے فائر ٹینڈر طلب کئے گئے تھے۔ تاخیر کے ساتھ فقط 14 فائر ٹینڈر ہی موقع پر پہنچے اور وہ بھی بے دانت کے ہاتھی ثابت ہوئے کیونکہ اُن کے پاس فوم تک نہیں تھا، جو اس طرح کی آگ پر قابو پانے کیلئے ناگزیر ہوتا ہے۔
کپڑے کے گودام میں دھاگے کے 12 سے 13 کنٹینر بھی کھڑے تھے جس کے باعث آگ کی شدت میں اور اضافہ ہوگیا۔ گودام کے مالک کا کہنا ہے کہ گودام میں آگ لگائی گئی ہے اور وہ اس واقعے کا مقدمہ درج کرائے گا۔ آگ لگنے کے وقت عملہ کھانے گیا ہوا تھا اس لئے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ میڈیا پر خبر چلی تو6 گھنٹے بعد فائر فائٹرز کو فوم فراہم کیا گیا۔ آگ پر 14گھنٹوں بعد رات گئے قابو پالیا گیا۔