پیر, 11 نومبر 2024


بلاول بھٹو تاریخی جلسے سے خطاب کرینگے، نثار کھوڑو

 

ایمز ٹی وی (حیدرآباد) سینئر صوبائی وزیرخوراک اور پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ سانحہ کارساز کراچی کے شہداء کو سلام پیش کرنے کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری حیدرآباد آرہے ہیں جہاں وہ تاریخی جلسے سے خطاب کریں گے. حیدرآباد میں رونقیں اپنے عروج پر ہیں اور حیدرآباد کے عوام پیپلز پارٹی سے والہانہ محبت کا اظہار جلسے کے منتظر ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے ہٹڑی بائی پاس پر ہونے والے جلسے کے انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

جلسہ گاہ سے متعلق میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے نثار کھوڑو نے بتایا کہ جلسہ گاہ کے لیے بنایا جانے والا اسٹیج 160 فٹ لمبا اور بیس فٹ چوڑا ہے جبکہ اسٹیج کے عقب میں اسکرین بھی آویزاں کی جائیگی اور ساؤنڈ سسٹم بھی لگایاجائیگا تاکہ دور تک عوام اپنے لیڈر کو دیکھ اور سن سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ 40 ہزار سے زائد کرسیاں جلسہ گاہ میں موجود ہوں گی، اس موقع پر میڈیا کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پاکستان پیپلزپارٹی اگر کارنر میٹنگ کرے تو بھی ہزاروں لوگ ہوتے ہیں۔

سیکورٹی کے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ہم سیکورٹی کے لیے پاکستان پیپلزپارٹی کے جانثار وں پر انحصار کرتے ہیں جبکہ 18 اکتوبر سانحہ کارساز میں ہم دیکھ چکے ہیں کہ کس طرح شہیدوں نے اپنی جانوں کی قربانیاں دیکر اپنی قائد شہید بینظیر بھٹو کو محفوظ رکھا۔

اس موقع پرپی پی پی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی، پی پی پی حیدرآباد ڈویژن کے صدر علی نواز شاہ رضوی، راشد ربانی، صدر پی پی پی ضلع حیدرآباد صغیر قریشی اور دیگر صوبائی عہدیداران بھی موجود تھے۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment