ایمز ٹی وی(سکھر) سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا کہ حکومت کی رٹ ختم ہو چکی ہے، افسوس کی بات ہے کہ چند لوگوں نے اسلام آباد کو سیل کیا ہوا ہے۔ حکومت اپنی آئینی طاقت بھی استعمال نہیں کرسکتی، حکومت اگر دھرنا دینے والوں کے خلاف ایکشن نہیں لے سکتی تو حکومت چھوڑ دینی چاہیے۔ دھرنا حکومتی کمزوری اور رٹ ختم ہونے کی نشانی ہے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ نواز شریف ریفرنڈم کی بات کرکے غیر آئینی راستے پر جارہےہیں، جس سے وہ مزید پھنس جائیں گے۔ سابق وزیراعظم نے اگر آئینی راستہ چھوڑ دیا تو نقصان پہنچے گا، ہم چاہتے ہیں کہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے، اسحاق ڈار کو اخلاقی طور پر مستعفی ہو جانا چاہئے۔ پی پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ عمران خان ریفرنڈم کے حامی رہے ہیں، تاہم وقت سے پہلے الیکشن کا مطالبہ غیر ضروری ہے۔ جبکہ تحریک انصاف کا حق ہے کہ وہ کوئی بھی مطالبہ کر سکتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پرویزمشرف کو نوازشریف نے خود باہر جانے کی اجازت دی۔