جمعرات, 02 مئی 2024


میٹرک سائنس اور آرٹس ریگولر پرائیویٹ طلبہ کیلئے سال 2015 کے ضمنی امتحانات کی تاریخ کا اعلان کردیا گیا

ایمز ٹی وی(کراچی) ثانوی تعلیمی بورڈکے چیئرمین پروفیسر انوار احمد زئی نے اعلان کیا ہے کہ میٹرک سائنس اور آرٹس ریگولر پرائیویٹ طلبہ کیلئے سال 2015کے ضمنی امتحانات 31اکتوبر سے شروع ہوں گے ۔انہوں نے بتایا کہ ان امتحانات کیلئے سائنس اور آرٹس کے ریگولر طلبہ کے ایڈمٹ کارڈز ان کی درسگاہوں کو ارسال کئے جائیں گے اور طلبہ اپنے اپنے اسکولوں سے ہی حاصل کرسکیں گے۔ اس بات کا فیصلہ طلبہ اور ان کے والدین کو سہولت فراہم کرنے کی غرض سے کیا گیا ہے تاکہ لانڈھی، کورنگی، گڈاپ، اورنگی، لیاری اور ملیر جیسے دور دراز علاقو ں میں واقع اسکولوں کے طلبہ کو بورڈ تک آنے کی تکلیف سے نجات دلائی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے کا تعلق متعلقہ تعلیمی اداروں سے ان طلبہ کی وابستگی کی بنیاد پر کیا گیا ہے تاکہ ان کے ایڈمٹ کارڈز کے کوائف کی ا یک بار اور جانچ اور تصدیق ان کے اپنے اسکولوں میں طلبہ کے ریکارڈ کی روشنی میں کرلی جائے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ آئندہ ضمنی امتحانات کے امتحانی فارمز بھی اسکولوں کے توسط سے وصول کیے جائیں گے جبکہ پرائیویٹ امیدواروں کے فارم ان کے دیئے ہوئے رہائشی پتوں کو ارسال کئے جائیں گے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment