ایمزٹی وی(سندھ)موسمیاتی تبدیلیوں سے کوسٹل ایریا کے ہزاروں افراد بے گھر ہوگئے، ڈیلٹا کا 35 لاکھ ایکڑ سمندر برد ہو گیا، فیکٹریوں کا زہریلا فضلہ اور کوڑا کرکٹ سمندر میں گرنے سے سمندری حیات کو شدید خطرات لاحق ہوگئے ہیں، عالمی اسٹڈی کے مطابق 2040 سال کے دوران ٹھٹھہ اور بدین ڈوب جائیں گے۔73 فیصد آبادی کم خوراکی کا شکار ہے، سمندر بدین شہر سے 40 کلو میٹر دور رہ گیا ہے جس سے ڈیلٹا ختم ہو رہا ہے، اب صورت حال یہ ہے کہ سمندر دریا کے اندر داخل ہوگیا ہے جس کی وجہ موسمیاتی تبدیلی ہے۔ حکومتوں نے کوسٹل ایریا کو نظرانداز کیا ہوا ہے، زندگی کی بنیادی سہولتیں، اسکولز، صحت اور انفرا اسٹرکچر نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔ ٹھٹھہ کے رہائشی کا کہنا تھا کہ ڈیلٹا کی35 لاکھ ایکڑ زمین سمندر نگل گیا ہے، ان کی 375 ایکڑ زمین تھی جو ساری سمندر میں چلی گئی ہے، اب گھر تک نہیں ہے، موسمیاتی تبدیلیوں سے 5 سے 6 فٹ پانی سطح زمین کے قریب ہوگیا ہے جس سے زرعی زمینیں کلر اور سیم تھور کی وجہ سے تباہ ہوگئی ہیں، اب زمیندار مچھیرے بن گئے ہیں،81 ہزار ایکڑ زمین سیم زدہ ہوگئی ہے۔