Print this page

پاک بھارت سیریز پر سوالیہ نشان لگ گیا

ایمز ٹی وی(اسپورٹس ڈیسک)بھارت سے 8 سال میں 5 کرکٹ سیریز کے معاہدے کی تجدید کے بعد ایک ایسے وقت میں جبپاکستان متحدہ عرب امارات میں بھارتی کرکٹ ٹیم کی میزبانی کی تیاری کررہا ہے ،بھارتی بورڈ نیا راگ الاپنے لگا کہ سیریزبھارت میں بھی ہوسکتی ہے۔ پاکستان اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہان نے کولکتہ میں لگنے والی اپنی حالیہ بیٹھک میں برف پگھلنے کی نوید سنائی تھی لیکن خدشات کم ہونے کا نام نہیں لے رہے۔

چیئرمین پی سی بی شہریارخان تو امید لگائے بیٹھے ہیں کہ پاکستان یو اے ای میں بھارت میزبانی کرے گا لیکن بی سی سی آئی سیکرٹری انورنگ ٹھاکر نئی ہی بات لے آئے ، کہتے ہیں سیریز بھارت میں ہونے کے امکانات موجود ہیں۔ یواے ای کی جگہ سیریز بھارت میں ہو تو زیادہ فائدہ ہے۔ انورنگ ٹھاکر کے مطابق بھارتی ٹیم کا پاکستان میں کھیلنا ممکن نہیں اسلئے حکومت کی اجازت سے نیوٹرل وینیو پرکھیلیں گے۔

ادھر حکمراں پارٹی بی جے پی کے رہنما آر کے سنگھ نے لوک سبھا میں پاک بھارت سیریزکی مخالفت کر دی ، آر کے سنگھ کا کہناہے کہ بھارتی ٹیم پاکستان کے ساتھ کسی صورت کرکٹ نہ کھیلے۔پاک بھارت سیریز 7 ماہ کی دوری پرہے لیکن تاحال بھارتی بورڈ یقین دہانی کے لیے تیار نہیں۔ پہلی سیریز دسمبر میں متحدہ عرب امارات میں کھیلی جانی ہے جس میں 3 ٹیسٹ، 5 ون ڈے اور 2ٹی ٹوئنٹی میچزشامل ہیں۔

پرنٹ یا ایمیل کریں