اتوار, 19 مئی 2024


کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان کا 51واں سالانہ جلسہ تقسیم اسناد

 

ایمز ٹی وی ( تعلیم /کراچی) کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان (سی پی ایس پی )کا 51واں سالانہ جلسہ تقسیم اسناد بدھ کو کالج میں منعقد ہوا ۔جس میں601طلبا کو ڈگریاں تفویض کی گئیں ۔ تقریب کے مہمان خصوصی رائل کالج آف سرجنز ایڈنبرگ کے صدر پروفیسر مائیکل لیول جانز تھے ۔ اس موقع پر سی پی ایس پی کے صدر پروفیسر ظفراللہ چوہدری اور فیکلٹی کے اراکین بھی موجود تھے ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر مائیکل لیول جانز نے طلبا اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ آج کی تقریب میں شرکت کرنامیرے لئے اعزاز کی بات ہے ۔ انہوں نے طلباکو نصیحت کی کہ مریضوں کی دیکھ بھال توجہ اور پیار سے کریں ۔ انہوں نے کہا کہ آپ بڑے خوش قسمت ہیں کہ آپ نے اعلیٰ تعلیم حاصل کی ۔اپنے ذہنوں کو نئے آئیڈیاز کےلئے کھلا رکھیں کیونکہ علم ہی ترقی کی جانب لے کر جاتا ہے ۔اپنے آپ کو نئی نالج اور ایجادات سے اپ ڈیٹ رکھیں آپ اپنی تقدیر خود بنائیں اور سیکھنے کا عمل جاری رکھیں ۔

انہوں نے کہا کہ کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان کا شمار دنیا کے بہترین تعلیم وترتیب دینے والے اداروں میں کیاجاتا ہے اس کالج کی فیلوشپ حاصل کرنا فخر کی بات ہے ۔ سی پی ایس پی کے صدر پروفیسر ظفر اللہ چوہدری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں اعلیٰ تعلیم یافتہ ڈاکٹر پیدا کرنے میں 95فیصد حصہ سی پی ایس پی کاہے ۔ جہاں سے اب تک ہزاروں فیلوز اورممبرزفارغ التحصیل ہوچکے ہیں جو ملک بھر میں مریضوں کی خدمت کے ساتھ تحقیق میں بھی مصروف عمل ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ میڈیکل ایجوکیشن اور میڈیکل پریکٹس میں ہمیشہ خصوصی تعلق رہا ہے اعلیٰ تعلیم یافتہ ڈاکٹر ہی مریضوں کے مسائل کو اچھی طرح سمجھ کر ان کا علاج تجویز کر سکتا ہے ۔ اس لئے اعلیٰ تعلیم پر سی پی ایس پی میں خصوصی توجہ دی جاتی ہے ۔ جلسہ میں 473فیلوشپس ،125ممبر شپس اور3فیلو شپس دی گئیں جبکہ 2طلبا کو نمایاں پوزیشن پر طلائی تمغہ بھی دیا گیا۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment