بدھ, 08 مئی 2024


عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر اساتذہ سراپا احتجاج

 

ایمزٹی وی(تعلیم/کےپی کے)پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کے گھر کے باہر خیبر پختونخوا اور فاٹا کے کالجز کے اساتذہ نے دھرنا دے دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا اور فاٹا کے کالجز کے اساتذہ نے بنی گالا میں عمران خان کے گھر کے باہر دھرنا شروع کردیا۔ کالج اساتذہ اسکیل اپگریڈیشن اور پروفیشنل الاوٴنس بحالی کا مطالبہ کررہے ہیں۔
عمران خان نے بنی گالہ کے باہر موجود مظاہرین کو مذاکرات کے لئے گھر میں بلا لیا ہے۔ اساتذہ کی تین رکنی نمائندہ ٹیم عمران خان سے ملاقات کرے گی۔ ادھر اساتذہ کی تنظیم پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن نے خیبر پختونخوا اور فاٹا کے کالجز میں اساتذہ نے مطالبات کے حق میں آج 8 ویں روز بھی ہڑتال کی جس کے نتیجے میں تدریسی عمل معطل رہا۔ اس سے قبل وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک اور اساتذہ کے مذاکرات ہوئے تھے جو ناکام ہوگئے تھے۔
پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن کی ایکشن کمیٹی کے چیئرمین جمشید خان کا کہنا ہے کہ صوبے کے 7 ہزار پروفیسرز تعلیم دشمن پالیسیوں پر سراپا احتجاج ہیں اور بنیادی حقوق غصب ہونے کے خلاف دھرنا دے رہے ہیں جو اپ گریڈیشن اور پروفیشنل الاؤنس کی منظوری تک جاری رہے گا۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment