Saturday, 16 November 2024


جاپانی انجینیئر کا کارنامہ، سمندری طوفان کی قوت سے بجلی کی بڑی مقدار تیار


ایمز ٹی وی (مانیٹرنگ ڈیسک) جاپانی انجینیئر نے دنیا کا پہلا ٹربائن بنایا ہے جو سمندری طوفان کی قوت سے بجلی کی بڑی مقدار تیار کرسکتا ہے۔ ایسے بہت سے ٹربائن کا مجموعہ نظری ( تھیوری کے تحت) صرف ایک طوفان سے اتنی بجلی پیدا کرسکتا ہے جو اگلے 50 برس تک جاپان کو فراہم کی جاسکتی ہے لیکن شرط یہ ہے کہ اس بجلی کو استعمال اور ذخیرہ کرنے کا مناسب نظام موجود ہو۔

ٹربائن ڈیزائن کرنے والے انجینیئر کے مطابق گزشتہ برس جاپان میں 6 سمندری طوفان رونما ہوئے تھے اور ٹربائن جنریٹر کا ایک مجموعہ صرف ایک طوفان میں پوشیدہ زبردست توانائی سے اس قدر بجلی بناسکتا ہے جو جاپان کی 50 سالہ ضرورت پوری کرنے کے لیے کافی ہوگی۔ انجینئر کے مطابق جاپان میں شمسی کی بجائے ہوا کی توانائی بہت ہی زیادہ ہے اور اس لحاظ سے یہ ہوائی توانائی کا سپرپاور ملک ہے۔

انجینئر نے 2013 میں ’’چیلنرجی‘‘ نامی کمپنی کی بنیاد رکھی اور جاپان کے لیے مخصوص ہوائی ٹربائن تیار کرنے پر کام شروع کیا۔ انجینئر کے مطابق مغربی ڈیزائن جاپان کے لیے کارآمد نہیں کیونکہ وہ جاپانی تیز ہواؤں اور طوفان سے تباہ ہوسکتے ہیں۔ انجینئر کا کہنا ہے کہ ڈیزائن کی اصلی طوفان میں آزمائش باقی ہے اور اس کے ٹربائن ایک ہی رخ پر گھومتے ہیں اور یوں تیز ہوا میں بھی تباہ ہونے سے بچ سکتے ہیں۔

اس ایجاد کے پیچھے میگنس اثر ( ایفیکٹ) کا اصول کارفرما ہے۔ اس میں ہوا کسی شے کو چاروں اطراف گھیرے میں لے کر اسے گھماتی ہے اور اس پر دباؤ بھی ڈالتی ہے۔ اس طرح ٹربائن پنکھڑیاں گھومتی ہیں جس کا عملی مظاہرہ ویڈیو میں بھی کیا گیا ہے۔ لیکن ٹربائن کےبیچ میں رکھی سلاخ پنکھوں کو آہستہ یا مکمل طور پر روکنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اگرچہ اس کی توانائی کی افادیت 30 فیصد ہے جو عام ٹربائن سے 10 فیصد کم ہے لیکن عام روایتی ٹربائن طوفان کے آگے نہیں ٹھہر سکتیں۔

واضح رہے کہ پبھرے ہوئے طوفانوں میں ہوش ربا توانائی چھپی ہوتی ہے یعنی پوری دنیا میں استعمال ہونے والی بجلی سے نصف، مگر اب تک ان سے بجلی بنانے کا کوئی قابلِ عمل منصوبہ پیش نہیں کیا گیا ہے۔ لیکن اب تک کوئی بیٹری ایسی نہیں بن سکی جو بجلی کی اتنی مقدار کو سنبھال سکے۔

Share this article

Leave a comment