Sunday, 22 September 2024


پی آئی اے کے آپریشنز میں مزید بہتری کے لئے ERP کا اطلاق

 

ایمز ٹی وی (تجارت) کراچی (اسٹاف رپورٹر)پی آئی اے نے اپنے موجودہ سسٹم کو مزید بہتر بناتے ہوئے انٹر پرائز ریسورس پلاننگ سسٹم (ERP) ایئر لائن میں نافذ کر دیا ہے جس سے ایئر لائن میں بہتر آپریشنل کنٹرول اور بروقت فیصلوں میں مدد حاصل ہو گی۔ اس سلسلے میں پی آئی اے ٹریننگ سینٹر میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کے مہمان خصوصی پی آئی اے کے چیف آپریٹنگ آفیسر برنڈ ہلڈن برانڈ تھے۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دفتری امور کو سسٹم کے مرہون منت کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس سے پی آئی اے کو موجودہ اور مستقبل کی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سسٹم سے پی آئی اے میں کاغذ کا استعمال ختم ہو جائے گا جس سے نہ صرف ماحول دوست سہولت ہو گی بلکہ کارکردگی میں بھی بہتری آئے گی ۔ اس سسٹم سے ایئر لائن انتظامیہ کو بہتر انتظامی کنٹرول حاصل ہوگا اور آپریشنل کارکردگی بھی مزید بہتر ہوگی۔ اس کے علاوہ درست کاروباری اور آپریشنل معلومات، شفافیت اور معلومات تک آسان رسائی کے ذریعے ائر لائن کیلئے بہتر منصوبہ بندی اور فیصلے بھی جلد ازجلد کئے جا سکیں گے۔اوریکل کمپنی کے ڈائریکٹر ایلون شیا نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروجیکٹ 12 ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا ہے جو نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں ایک ریکارڈ ہے۔انفوٹیک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نصیر اختر نے کہا کہ پی آئی اے انتظامیہ نے اس سسٹم کو نافذ کرنے میں جس جذبے کا مظاہرہ کیا ہے وہ لائق تحسین ہے۔ اس سے پہلے پی آئی اے کے چیف فنانشل آفیسر اورای آر پی کے چیف نیئر حیات نے اس سسٹم کے مختلف فوائد کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی ۔ انہوں نے بتایا کہ اس سسٹم سے پی آئی اے کے کاروباری آپریشنز، معلومات کے تبادلے، خریداری کے معاملات میں مزید بہتری اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے انتظامی امور کو آسان بنانے میں مدد ملے گی۔اس موقع پر پی آئی اے کے اعلیٰ انتظامی افسران بھی موجود تھے۔

 

Share this article

Leave a comment