Saturday, 21 September 2024


بلاول کے سن روف سے باہر آنے پر بہنیں پریشان

 

ایمز ٹی وی(فیصل آباد) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے لاہور سے فیصل آباد تک ریلی نکالی اور اس دوران وہ جب بار بار سن روف سے باہر نکل کر کارکنوں کے نعروں کا جواب دیتے تو ان کی دونوں بہنوں کو شدید پریشانی لاحق رہی اور انہوں نے قاسم گیلانی کے ذریعے پیغام بھجوایا اور بلاول کو سن روف پر آنے سے منع کیا۔
پیپلز پارٹی نے چیئرمین بلاول بھٹو کی قیادت میں لاہور سے فیصل آباد تک ریلی نکالی ۔ اس دوران انہوں نے متعدد جگہوں پر کارکنوں سے خطاب کیا جبکہ منصوبے کے بر خلاف کئی جگہ پر ریلی کو روکنا بھی پڑا جس کی وجہ سے بختاور اور آصفہ بھٹو زرداری اپنے بھائی کے تحفظ کے حوالے سے شدید پریشان رہیں۔
دونوں بہنوں نے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی قاسم گیلانی سے ٹوئٹر پر رابطہ کیا اور انہیں بلاول کو سن روف پر آنے سے منع کرنے کی ہدایت کی ۔ ٹوئٹر پر اطلاع کے بعد بھی جب بلاول سن روف پر آئے تو انہوں نے علی قاسم کو ٹیلی فون کیا اور بلاول کو ایسا کرنے سے باز رہنے کو کہا۔
واضح رہے کہ بلاول بھٹو کی والدہ سابق وزیر اعظم محترمہ بینظیر بھٹو بھی 2007 میں لیاقت باغ میں جلسہ کرنے کے بعد واپس جاتے وقت کارکنوں کے نعروں کا جواب دینے کیلئے گاڑی کے سن روف سے باہر آئی تھیں اور اسی وقت ان پر جان لیوا حملہ کیا گیا تھا جس میں وہ جانبر نہ ہوسکی تھیں

 

Share this article

Leave a comment