ایمز ٹی وی ﴿فارن ڈیسک﴾ مقبوضہ کشمیر میں سرینگر اور دیگر علاقوں میں ایک مرتبہ پھر پاکستانی پرچم لہرائے گئے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق عینی شاہدین نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ نامعلوم افراد نے سری نگر کے علاقوں ہری پربت قلعہ، بژھ پورہ، بابا ڈیم، گوجوارہ، راولپورہ کے علاوہ نارہ بل، سوپور اور مقبوضہ وادی کے دیگر علاقوں میں ہفتے کے روز سبز ہلالی پرچم لہرائے۔
فضاؤں میں پاکستانی پرچموں کی بہار دیکھ کر لوگ حیران رہ گئے جبکہ کٹھ پتلی انتظامیہ آگ بگولہ ہوگئی۔ لوگوں کا کہنا تھا کہ وہ جونہی صبح کی نماز پڑھ کر مسجدوں سے باہر نکلے تو انھوں نے عمارتوں پر پاکستانی پرچم لہراتے دیکھیں۔ انھوں نے کہا کہ بھارتی پولیس نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے پاکستان کے پرچم اتار دیے۔ نارہ بل کے ایک رہائشی نے کہا کہ بھارتی پولیس اہلکار لوگوں سے یہ پوچھتے رہے کہ یہ پرچم کس نے لہرائے ہیں۔ حالیہ چند ہفتوں کے دوران سری نگر اور دیگرعلاقوں میں پاکستانی کا سبز ہلالی پرچم لہرانے کے کئی واقعات پیش آئے۔