پشاور: وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے ایجوکیشن ایمرجنسی کا اعلان کردیا، جس کے تحت بچوں کو ایک ہزار روپے ماہانہ دیے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیرصدارت محکمہ تعلیم کا اہم اجلاس ہوا۔
اجلاس میں صوبے میں تعلیم کے فروغ کیلئے وزیراعلیٰ نے ایجوکیشن ایمرجنسی کا اعلان کردیا، ایجوکیشن ایمرجنسی کے تحت کے پی میں صحت کارڈ کے طرز پر تعلیم کارڈ کے اجرا کا فیصلہ کرلیا۔
اجلاس میں 3 ارب روپے کی رقم سےوزیراعلیٰ ایجوکیشن ایمرجنسی انڈومنٹ فنڈ قائم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ ابتدائی طور پر تعلیم کارڈ کا اجرا صوبے کے 9 پسماندہ اضلاع میں کیا جائے گا، بعد ازاں دیگر اضلاع تک توسیع دی جائے گی۔
اضلاع میں کوہستان اپر، لوئر، کولئی پالس، تورغر، چترال اپر، لوئر، ٹانک، جنوبی وزیرستان اپر اور لوئر شامل ہیں۔
تعلیم کارڈ کے تحت بچوں کو ایک ہزار روپے ماہانہ دیے جائیں گے اور ان اضلاع کے بچے نجی رجسٹرڈ اسکولوں میں مفت داخلہ لے سکیں گے، ابتدائی طور پر تعلیم کارڈ کے تحت 9 اضلاع کے 40 ہزار بچے مستفید ہوں گے۔
سرکاری اسکولوں میں زیرتعلیم چھٹی تادسویں جماعت کی بچیوں کو ماہانہ 500 روپے کے وظائف دیے جائیں گے ، ماہانہ تعلیمی وظائف سے صوبے کی تقریباً ساڑھے پانچ لاکھ بچیاں مستفید ہوں گی۔