Tuesday, 08 October 2024
Reporter SS

Reporter SS

لاہور: ٹی 20کرکٹ میں پاکستان نے رنز کے لحاظ سےسب سےبڑی فتح حاصل کی،مجموعی طور پر 9ویں بڑے مارجن سےکامیابی ہے۔

پاکستان نے ایشیا کپ میچ میں ہانگ کانگ کو 155رنز سے مات دی،یہ رنز کے لحاظ سے پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی فتح ہے،مجموعی طور یہ کسی بھی ٹیم کی 9ویں بڑے مارجن سے کامیابی ہے۔

تاریخ میں پہلی بار پاکستانی بولرز نے حریف کو 64یا اس سے کم گیندوں پرآؤٹ کیا ہے،ہانگ کانگ کی ٹیم ایشیا کپ میں کم ترین اسکور 38پر آؤٹ ہوئی ہے، اس سے قبل 2016میں یواے ای کی ٹیم 81پر ڈھیر ہوئی تھی۔

دوسری جانب ایشیا کپ کے سپر فور معرکوں میں مقابل آنے والی ٹیموں کا بھی فیصلہ ہوگیا ہے،آج گروپ ’’بی‘‘ کی دونوں سرفہرست ٹیموں افغانستان اور سری لنکا کا مقابلہ ہوگا،اتوار کو روایتی حریف گروپ ’’اے‘‘ سے کوالیفائی کرنے والے نمبر ون بھارت اور نمبر ٹو پاکستان مقابل ہوں گے۔

پیر کے روز کوئی میچ نہیں ہوگا، منگل کو بھارت اور افغانستان کا ٹاکرا شیڈول ہے،7ستمبر کو پاکستان اور سری لنکا کا مقابلہ ہے،اگلے روز بھارت کو سری لنکا کا چیلنج درپیش ہوگا،9ستمبر کو گرین شرٹس کا میچ خطرناک حریف افغانستان سے ہوگا،ایک روز وقفہ کے بعد فیصلہ کن معرکہ 11ستمبر کو 2ٹاپ ٹیموں کے مابین ہوگا۔

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی علاقوں میں مزیدبارشوں کی پیشگوئی کردی۔

آج رات سے منگل تک آزاد کشمیر ،گلگت بلتستان ، اسلام آباد ،راولپنڈی ،مری ، چکوال میں گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے اٹک ، جہلم ،سیالکوٹ، نارووال، لاہور، گوجرانوالہ میں بھی گرج چمک کیساتھ بارش کی پیشگوئی کی۔

اتوار اور پیر کو دیر ،کوہستان، ایبٹ آباد ، مانسہرہ ، ہری پور میں بارش کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ اس سال ملک میں مون سون بارشوں کا 30سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں میں ہزار سے زائد افراد جاں بحق اور ہزاروں زخمی ہوئے جبکہ بڑے پیمانے پر مالی نقصان بھی ہوا۔ ماہرین کے مطابق پاکستان موسمی تبدیلیوں کا شکار ہے۔

ٹوکیو: جاپان میں 4 سال تک بچوں کیلئے ملازمت کے دروازے کھل گئے۔

جس میں انہیں تنخواہ کے بجائے دودھ اور ڈائپرز فراہم کیے جائیں گے۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق کیٹاکیوشو نامی نرسنگ ہوم نے ملازمت کا اشتہار دیا کہ انہیں بچوں کو بھرتی کرنا ہے تاہم ان کی عمر چار سال سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بچوں کو والدین یا سرپرست کو نرسنگ ہوم سے کنٹریکٹ پر دستخط کرنا ہوں گے جس کے تحت بچے اپنے موڈ کے مطابق جب چاہیں کام پر آ سکتے ہیں جبکہ انہیں بھوک، نیند یا کسی اور وجہ سے بریک لینے کی بھی اجازت ہوگی۔
بچوں کو کیا کام کرنا ہوگا؟

بچے نرسنگ ہوم میں 100 سے زائد بزرگ افراد کو خوش رکھنے کی ڈیوٹی پر معمور ہوں گے، جن کی عمریں 80 برس یا اس سے زائد ہیں۔

لندن: 17 سال بعددورہ پاکستان کرنےوالی انگلینڈکی ٹیم کی قیادت آل راؤنڈرمعین علی کوملنےکاامکان ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق انگلش ٹیم کے کپتان جوز بٹلر کی فٹنس مسائل کے باعث دورہ پاکستان میں شرکت مشکوک ہے جبکہ انگلینڈ کے اسکواڈ کا اعلان رواں ہفتے کیے جائے گا۔

رپورٹس کے بتایا جارہا ہے کہ جوز بٹلر پنڈلی کی انجری کی وجہ سے دی ہنڈریڈ ٹورنامنٹ سے پہلے باہر ہوچکے ہیں جبکہ دورہ پاکستان کے دوران جونی بیرسٹو اور بین اسٹوکس کو آرام دیئے جانےکا قوی امکان موجود ہے۔

دوسری جانب انگلینڈ کے جارح مزاج اوپنر لیام لیونگ اسٹون کی بھی دورہ پاکستان میں شرکت مشکوک ہے، یہی وجہ ہے کہ معین علی انگلش ٹیم کی قیادت کے لیے فیورٹ سمجھا جارہا ہے۔

علاوہ ازیں فل سالٹ، ول اسمیڈز، ول جیکس اور ایلکس ہیلز ٹیم میں شمولیت کے امیدوار ہیں جبکہ مارک ووڈ اور کرس ووکس کو اسکواڈ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔

لاہور: پنجاب تعلیمی بورڈ نے قران پاک کی لازمی تعلیم کےپرچہ کی منظوری دے دی

پنجاب کے آئندہ سالانہ امتحانات میں قرآن پاک کی لازمی تعلیم کا پرچہ شامل ہوگا۔

پنجاب کریکلم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ نے قران پاک کی لازمی تعلیم کیلئے مضمون کے 100 نمبر مقرر کردیئے ہیں اور اس کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔

قرآن پاک کی لازمی تعلیم کے پرچے میں 50 نمبر کا پرچہ پارٹ ون اور 50 نمبر کا پارٹ ٹو میں ہوگا۔ میٹرک اور انٹرمیڈیٹ دونوں میں قرآن مجید کی لازمی تعلیم کے پرچے ہوں گے۔

اگلے سالانہ امتحانات میں قرآن کی لازمی تعلیم کا پرچہ شامل ہوگا۔غیرمسلم طلبہ کو اخلاقیات کا مضمون پڑھایا جائے گا، غیر مسلم طلبہ کو پہلی سے 12 ویں جماعت تک اخلاقیات کا مضمون ہی پڑھایا جائے گا۔

کراچی: جامعہ کراچی نے ایل ایل بی سال آخراور بی اے ایل ایل بی کےنتائج کااعلان کردیا۔

ناظم امتحانات جامعہ کراچی ڈاکٹرسید ظفر حسین کے مطابق مطابق ایل ایل بی سال آخر کے امتحانات میں 93 طلبہ شریک ہوئے،12 طلبہ کو فرسٹ ڈویژن جبکہ 47 طلبہ کو سیکنڈ ڈویژن میں کامیاب قراردیاگیا۔

کامیابی کا تناسب 63.44 فیصدرہا۔ بی اے ایل ایل بی (آنرز) سال آخرکے امتحانات میں ایک طالبعلم شریک ہوااور کامیاب قرارپایا۔کامیابی کاتناسب 100.00 فیصدرہا۔

اسلام آباد: علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے یکم ستمبر سے شروع ہونے والے امتحانات ملتوی کردیئے۔

ملک بھر میں طوفانی بارشوں اور سیلابوں کی صورتحال کے پیش نظرعلامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے یکم ستمبر سے شروع ہونے والے سمسٹر بہار 2022ئ کے میٹرک، ایف اے اور آئی کام پروگراموں کے امتحانات ری شیڈول کردئیے ہیں۔

شعبہ امتحانات کی جانب سے جاری کردہ مراسلے کے مطابق یکم ستمبر تا 10ستمبر تک کے پرچے اب4 
اکتوبرسے 13اکتوبرتک لئے جائیں گے۔

اِن امتحانات کی تاریخوں میں تبدیلی کے بارے میں طلبا و طالبات کوایس ایم ایس پر اطلاع دے دی گئی ہے اور یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر ری شیڈول ایگزام کا لنک بھی اپ لوڈ کردیا گیا ہے۔

کنٹرولر امتحانات کے مطابق پہلے سے جاری کردہ رول نمبر سلپس،ا وقات کار، امتحانی مراکزنئی تاریخوں کے لئے کارآمد ہونگے یعنی اِن میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔

میٹرک، ایف اے اور آئی کام پروگراموں کے باقی امتحانات پہلے سے جاری کردہ ڈیٹ شیٹ کے مطابق جاری رہیں گے۔

راولپنڈی : بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن راولپنڈی کے زیر اہتمام ثانوی جماعت دہم/ کمپوزٹ سالانہ 2022ء کےنتائج کااعلان ہوگیا۔

ترجمان بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن راولپنڈی کے مطابق نتائج تمام امیدواران کے داخلہ فارم پر دیئے گئے موبائل نمبر پر بذریعہ ایس ایم ایس ارسال کر دیئے گئے ہیں

طلبہ بورڈ کی ویب سائیٹ  www.biserawalpindi.edu.pk   پر بذریعہ رول نمبربھی ملاحظہ کئے جا سکتے ہیں تا ہم کسی بھی پریشانی یا معلومات کے لئے فون نمبر ز051ـ5450917ـ918 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے ۔

رزلٹ گزٹ پی ڈی ایف فارمیٹ میں بورڈ کی ویب سائیٹ پر موجود ہوگاجہاں سے رزلٹ دیکھا اور پرنٹ کیا جاسکتا ہے۔

کراچی: این ای ڈی میں اسپیشل اسسٹنٹ ٹو پرائم منسٹر شازہ فاطمہ خواجہ(پی ایم یوتھ پروگرام) نے دورہ کیا۔شیخ الجامعہ این ای ڈی پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی نے نا صرف انہیں جامعہ کی اسپورٹس کی سہولتوں سے آگاہ کیا بلکہ ہائی پرفارمنس ریسرچ سینٹر اور اسپورٹس ری سورس سینٹر کے متعلق بھی آگاہ کیا۔

اسپیشل اسسٹنٹ ٹو پرائم منسٹر شازہ فاطمہ خواجہ نے این ای ڈی یونی ورسٹی کی اسپورٹس کے حوالے سے اور بالخصوص نوجوانوں کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔ جاوید میمن ریجنل ڈائریکٹر، اور کںٹرولر اسٹوڈنٹ افیئرز ڈاکٹر علی حسن محمود بھی دورے میں شریک تھے.

اس موقعے پر شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی کا کہنا تھا کہ کھیل بہترین ورزش ہے کیوں کہ یہ ہماری ذہنی اور جسمانی نشوونما میں کردار ادا کرنے کے ساتھ پریشر جھیلنے کی تربیت بھی دیتا ہے۔دوسری جانب ڈائس انلاٹکس اور این ای ڈی کے مابین ایم او یو پر دستخط کیے گئے۔

اس موقعے پر شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر سروش لودھی، معین الجامعہ پروفیسر ڈاکٹرمحمد طفیل، رجسٹرار سید غضنفر حسین، چیئرمین کمپیوٹر سسٹم انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ پروفیسر ڈاکٹر علی اسماعیل، چیئرمین سی ایس آئی ٹی ڈاکٹر مبشر خان، ٹیکنکل اسسٹنٹ ٹو دی وائس چانسلر دانش الرحمان خان جب کہ ڈائس انلاٹکس سے کو فاؤنڈر ڈائس عمر چوہدری، پروجیکٹ مینیجر ملیحہ رفیع سمیت دیگر نے شرکت کی۔

آن لائن گفتگو کرتے ہوئے عمر چوہدری کا کہنا تھا کہ اس مفاہمتی یاداشت پر دستخط کا مقصد ہے کہ ہمارا ادارہ این ای ڈی کے طالب علموں کو 20فی صد ڈسکاؤنٹ پر کورسز کروائے گا جب کہ ایک کورس میں داخل 30طالب علموں کی صورت میں ایک ٹیچر کو مفت ٹریننگ کروائی جائے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم فائنل آیئر پروجیکٹس میں بھی مینٹور شپ دیں گے جب کہ گریجویٹس کو مختلف انڈسٹریز سے رابطہ کرنے میں مدد فراہم کریں گے. اس موقعے شیخ الجامعہ نے بھی انہیں مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

اسلام آباد: وفاقی تعلیمی بورڈ نے نہم و دھم کے سال 2022 کےدوسرے مرحلے کے سالانہ امتحانات کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے۔

اعلان کردہ شیڈول کے مطابق وفاقی تعلیمی بورڈ کے زیراہتمام نہم اور دہم کے سالانہ امتحانات 22 ستمبر سے شروع ہوں گے جو 13 اکتوبر تک جاری رہیں گے۔