Wednesday, 09 October 2024
Reporter SS

Reporter SS

اسلام آباد: ملک میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیشِ نظر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی مکمل بحالی کا فیصلہ کرلیا۔

وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت این سی او سی کا اہم اجلاس ہوا جس میں وزارت صحت اور دیگر حکام نے شرکت کی اور اجلاس میں ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال پر غور کیا گیا جب کہ وزیراعظم نے ملک میں کورونا کے بڑھتے کیسز پر تشویش کا اظہار کیا۔

دورانِ اجلاس ملک میں کورونا کے بڑھتے کیسز کو دیکھتے ہوئے این سی او سی کی مکمل بحالی کا فیصلہ کیا گیا۔وزیراعظم نے کورونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر پر عمل کرانے کی ہدایات جاری کیں جس کے تحت تمام صوبوں اور ضلعی انتظامیہ کو کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کی ہدایات جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیراعظم نے متعلقہ حکام سے کہا کہ کورونا سے بچاؤ کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے کیسز میں ایک بار پھر اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مثبت کیسز کی شرح 3.50 فیصد رہی جب کہ ملک بھر میں کراچی سب سے زیادہ کورونا سے متاثر ہے

اسلام آباد: قومی اسمبلی نے پیٹرولیم مصنوعات پر 50 روپےفی لیٹرلیوی عائدکرنے کی منظوری دے دی۔

اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیرصدارت قومی اسمبلی کے اجلاس میں فنانس بل 2022 کی شقوں کی مرحلہ وار منظوری کا عمل شروع ہوا۔وزیرمملکت برائے خزانہ عائشہ غوث نے پیٹرولیم مصنوعات پر50 روپے فی لیٹر لیوی عائد کرنے کی ترمیم پیش کی۔ ایوان نے آئندہ مالی سال کے دوران پیٹرولیم مصنوعات 50 روپے فی لیٹر پٹرولیم لیوی عائد کرنے کی ترمیم منظورکرلی۔

عائشہ غوث کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے کہنے پر فنانس بل میں تبدیلی نہیں کی گئی۔اسی فیصد ترامیم براہ راست ٹیکسوں سے متعلق کی گئی ہیں۔ ہمارا مقصد امیر پر ٹیکس لگانا اور غریب کو ریلیف دینا ہے۔

وزیرمملکت کا مزید کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے جو گذشتہ حکومت معاہدہ کرکے گئی اس پر ہی عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔ہم ایسے ٹیکس لائے ہیں جو صاحب ثروت لوگوں پر لگیں۔ہم صرف اپنی کمٹمنٹس کو آنر کررہے ہیں۔

وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ اس وقت لیوی صفرہے۔ ابھی 50 روپے لیوی لگانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

ٹیکس کی شرح کے حوالے سے منظورکی گئی ترمیم کے مطابق ماہانہ 10 لاکھ روپے سے زائد کی ماہانہ تںخواہ لینے والوں پر 29 لاکھ روپے سالانہ جبکہ 10 لاکھ روپے سے اضافی رقم پر 35 فیصد ٹیکس عائد کیا جائے گا۔ماہانہ پانچ سے 10 لاکھ روپے تنخواہ والوں پر 10 لاکھ روپے سالانہ اور پانچ لاکھ روپے سے اضافی رقم پر 32.5فیصد کی شرح سے ٹیکس عائد کیا گیا ہے۔

ماہانہ تین سے پانچ لاکھ روپے تںخواہ لینے والوں پر چار لاکھ 5 ہزار روپے سالانہ جبکہ تین لاکھ روپے سے اضافی رقم پر 25 فیصد ماہانہ ٹیکس عائدہوگا۔ ماہانہ دو سے تین لاکھ تنخواہ والوں پر ایک لاکھ 65 ہزار سالانہ جبکہ 2 لاکھ سےاضافی رقم پر 20 فیصد ماہانہ ٹیکس عائدہوگا۔ماہانہ ایک سے دو لاکھ تنخواہ والوں پر 15 ہزار روپے فکس ٹیکس سالانہ جبکہ ایک لاکھ روپے سے اضافی رقم پر12.5 فیصد کی شرح سے ماہانہ ٹیکس عائد ہو گا۔
تاجروں سے بجلی کے بلوں کے ذریعے سیلز ٹیکس وصول کرنے سے متعلق شق بھی منظورکرلی گئی۔

نئی دہلی: بھارتی ریاست کیرالا سے تعلق رکھنے والے طالب علم نے بورڈ کا امتحان پاس کرنے پر خوشی منانے کا منفرد انداز اپنایا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق جشنو نامی لڑکے نے دسویں جماعت کا امتحان پاس کرکے میٹرک مکمل ہونے پر اپنے گھر کے باہر از خود مبارکباد کا بورڈ نصب کردیا جس میں وہ اپنے آپ کو ہی مبارک باد دیتا نظر آرہا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ جشنو نے بورڈ کا امتحان پاس کرنے کو اپنے اور خاندان والوں کے لیے اہم سنگ میل عبور کرنا قرار دیا۔

طالب علم کے گھر کے باہر لگے بورڈ کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور لوگوں کی جانب سے دلچسپ تبصرے بھی کیے جارہے ہیں۔

کراچی: جامعہ این ای ڈی کےتحت منعقدہ 30ویں سینیٹ کا اجلاس ہوا۔

اجلاس کی صدارت وزیرورک اینڈ سروسز /پرو چانسلر انجینئرنگ یونی ورسٹیز سیدضیاء عباس شاہ نےکی انکا کہنا تھاکہ ہر فرد کی خواہش ہوتی ہے کہ اس کا بچہ این ای ڈی یونی ورسٹی میں پڑھے،دنیا بھرکے انجینئرنگ سیکٹر یونی ورسٹیز میں این ای ڈی کی رینکنگ پورے ملک کے لیے باعثِ فخر ہیں، سندھ حکومت جامعات کو پہلے بھی سپورٹ کرتی رہی ہے اور آئندہ بھی کرے گی،تھر میں این ای ڈی کا سب کیمپس اچھی کارکردگی دکھا رہا ہے

اس موقعے پران کا کہنا تھا کہ این ای ڈی یونی ورسٹی کا بڑھتا ہوا معیار اور اس کے فارغ التحصیل انجینئرز تمام دنیاکے لیے مثال ہیں۔ہر فرد کی خواہش ہوتی ہے کہ اس کا بچہ این ای ڈی یونی ورسٹی میں پڑھے۔دنیا بھرکی انجینئرنگ سیکٹر یونی ورسٹیز میں این ای ڈی کی رینکنگ پورے ملک کے لیے باعثِ فخر ہیں۔ٹیکنالوجی کا فروغ وقت کا تقاضا ہے تاکہ دنیاکے ساتھ چلا جاسکے۔ سندھ حکومت جامعات کو پہلے بھی سپورٹ کرتی رہی ہے اور آئندہ بھی کرے گی،جس کا ثبوت تعلیمی گرانٹ کا دوگنا ہونا ہے۔
اس موقعے پر انہوں نے شیخ الجامعہ سمیت ٹیم کو پچھلا بجٹ سرپلس میں تبدیل کرنے پرمبارک باد پیش کی۔اجلاس میں سیکریٹری جامعات و بورڈز مرید راحموں بھی موجود تھے.
اس موقعے پر انہوں نے شیخ الجامعہ سمیت ٹیم کو پچھلا بجٹ سرپلس میں تبدیل کرنے پرمبارک باد پیش کی۔شیخ الجامعہ این ای ڈی نے اس موقعے پر خطاب کرتے ہوے کہا کہ سندھ بھر کی جامعات کی گرانٹ دوگنی ہونا خوش آئند ہے۔

سینیٹ اجلاس میں شیخ الجامعہ این ای ڈی پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی نے سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی۔اس تیسویں سینیٹ اجلاس میں 2020-2021 کے سالانہ اکاؤنٹ کی حتمی رپورٹ منظوری 2021-2022کی رپورٹ جب کہ 2022-2023کا بجٹ بھی پیش کیا گیا۔

اجلاس میں بجٹ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سروش لودھی نے بتایا کہ 2021-2022کے بجٹ کا آغاز(167.695)ملین خسارے سے ہوا تھا، لیکن جامعہ اسے 1.118ملین کے سرپلس سے اختتام کررہی ہے جب کہ 2022-2023کا بجٹ 3,798.806ملین کا ہے۔اس بجٹ کی ابتدا تخمینے کے تحت (211.144)ملین کے خسارے سے ہورہی ہے۔

یاد رہے کہ جامعہ این ای ڈی کو 100برس مکمل ہوچکے ہیں، اس سینیٹ اجلاس میں شیخ الجامعہ ڈاکٹر سروش حشمت لودھی نے ارادہ ظاہر کیا کہ اس خسارے کے بجٹ کو پچھلے بجٹ کی طرح سرپلس کرنے کی کوشش کی جائے گی۔جامعہ کے اس سینیٹ اجلاس میں 102 ممبران میں سے 86ممبر فزیکل، 7آن لائن شریک ہوئے جب کہ 6ممبران ذاتی وجوہ کی بناء پر شرکت نہ کرسکتے.اجلاس میں سیکریٹری جامعات و بورڈز مرید راحموں بھی موجود تھے.

 

لندن: انگلینڈکے کپتان ایون مورگن نےبین الاقوامی کرکٹ کوالوداع کہہ دیا۔

مورگن کی جانب سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ فارم میں نہ ہونے اور انجریز کے باعث کیا گیا۔ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی جانب سے ایون موگن کی بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کی تصدیق کردی گئی، انگلش ٹیم نے ایون مورگن کی قیادت میں 2019 میں پہلی بار آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔

مورگن 2010 میں کیریبیئن میں منعقد ہونے والے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی کی فاتح ٹیم کا بھی حصہ تھے۔  ایون مورگن انگلینڈ کی ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے والے اور سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں۔

ایک روزہ ٹیم کے کپتان کے طور پر اپنے سات سالہ دور میں وہ انگلش ٹیم کو آئی سی سی ورلڈ رینکنگ میں اول نمبر تک لے کر گئے۔مورگن کو 2015 کےورلڈ کپ سے قبل انگلش ٹیم کی کپتانی دی گئی۔ انہوں نے 126 ایک روزہ اور 72 ٹی ٹوئنٹی میچز میں انگلش ٹیم کی قیادت کی۔واضح رہے ایون مورگن نے 2006 میں کرکٹ کیریئر کا آغاز آئرلینڈ کی ٹیم سے کیا تھا

اسلام آباد: پاکستان کے قیام کو 75 برس مکمل ہونے کی ڈائمنڈ جوبلی کی خوشی پر “عزم عالی شان، شاد رہے پاکستان” کے عنوان سے خصوصی ‘لوگو’ جاری کردیا گیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستان کے 75 برس مکمل ہونے پر لوگو شائع کرنا محض وطن سے محبت اور اس عزم کی تجدید ہے کہ ہمارے بہادر اور عظیم بزرگوں اور شہداء نے جس عزم سے پاکستان بنایا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اسی عزم کے ساتھ معاشی طور پر اسے مضبوط اور خودانحصار، فلاحی مملکت اور دفاعی لحاظ سے ناقابل تسخیر بنائیں گے تاکہ قیام پاکستان کے حقیقی مقاصد حاصل ہوں اور عوام کی زندگیوں میں وہ آسانیاں آئیں جن کا خواب برصغیر کے مسلمانوں نے دیکھا تھا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ معاشی خود انحصاری کے وژن سے پاکستان کے نوجوان حقیقی معنوں میں قوم کے معمار بنیں گے، قومی ترقی کے ثمرات پائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم، روزگار، کاروبار اور زندگی کے تمام شعبوں میں ہراول دستہ بنیں گے، ہم اپنے نوجوانوں کو فیصلہ ساز بنائیں گے جبکہ قیام پاکستان کی طرح ایک اسلامی فلاحی، ترقی یافتہ اور معاشی طور پر خودمختار پاکستان کا خواب بھی سچ ہو کر رہے گا۔ ان شاءاللہ۔

کراچی: ذی الحجہ کا چاند دیکھنے کےلیےمرکزی رویت ہلال کمیٹی کااجلاس آج ہوگا۔

چیئرمین مولانا سید عبدالخبیر آزاد کی سربراہی میں 29جون کو کراچی میں ہوگا۔

چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کااجلاس 29جون کو کراچی میں طلب کرلیا گیا ہے جسکی صدارت مولانا محمد عبدالخبیر کریں گے۔مرکزی رویت ہلال کمیٹی اور زونل رویت ہلال کمیٹی کراچی کے ممبران کے علاوہ وزارت مذہبی امور، سپارکو، محکمہ موسمیات، اور وزارت سائنس وٹیکنالوجی سے تعلق رکھنے والے نمائندگان بھی شریک ہو نگے۔

پورے ملک میں زونل کمیٹیوں کے اجلاس ان کے متعلقہ دفاتر میں ہوں گے،ملک بھر سے موصول ہونے والی شہادتوں کو مد نظر رکھتے ہوئے چاند کے حوالے سے اعلان کیا جائے گا۔

رویت ہلال ریسرچ کونسل کا کہنا ہے کہ29 جون کی شام پاکستان میں ہلال کی رویت دُور بین سے بھی ممکن نہیں، یکم ذی الحجہ جمعۃ المبارک یکم جولائی کو جبکہ عیدالاضحٰی اتوار 10 جولائی کو ہو گی۔

سیکرٹری رویت ہلال ریسرچ کونسل خالد اعجاز مفتی نے بتایا کہ رویتِ ہلال کے سائنسی اور فلکیاتی اُصولوں نیز سالہا سال کے تجربات کے مطابق ہلال کی رویت صرف اُس وقت ہوتی ہے جب اُس کی عمر غروبِ آفتاب کے وقت 19 گھنٹوں سے زائد ہو۔

انکا مزید کہنا تھا کہ ہلال کی رویت کیلئے غروبِ شمس اور غروبِ قمر کا درمیانی فرق 40 منٹ سے زائد، چاند کا زمین سے زاویائی فاصلہ کم از کم 6 ڈگری اور چاند کا سورج سے زاویائی فاصلہ کم از کم 10 ڈگری ہونا چاہئے۔

ریاض: سعودی عرب میں ذوالحج کا چاندآج دیکھاجائےگا۔

سعودی عرب میں ذوالحج کا چاند آج دیکھا جائے گا جس کے بعد عیدالاضحیٰ کی تاریخ کا اعلان ہوگا۔

سعودی عرب کی سپریم کورٹ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ آج ذوالحج کا چاند دیکھیں اگر چاند نظر آجائے تواپنی قریبی کورٹ میں جاکر گواہی ریکارڈ کرائیں۔

چاند نظر آنے کے بعد حج کی تاریخ اورعیدالاضحیٰ کے دن اورتاریخ کا تعین ہوتا ہے۔ ۔

اسلام آباد: آرمی پبلک اسکول حملے میں بچ جانے والے احمد نواز آکسفورڈ یونین کے صدر بن گئے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے ٹوئٹ میں کہا کہ احمد نواز معتبر آکسفورڈ یونین کے صدربن گئے۔ انہوں نے یہ بڑا اعزاز عزم اورقوت ارادی سے حاصل کیا۔

وزیراعظم شہبازشریف نے مزید کہا کہ احمد نواز نے نوجوانوں کے لئے قابل تقلید مثال قائم کی ہے۔پاکستان کو احمد نواز پرفخر ہے۔

لاہور: قومی ٹیسٹ کرکٹر فواد عالم نے اسلام آباد میں قومی ٹیسٹ اسکواڈکو جوائن کرلیا۔

قومی ٹیسٹ اسکواڈ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں آج پریکٹس میچ کھیلےگا۔

قومی ٹیسٹ اسکواڈ کا یکم جولائی تک پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریکٹس کیمپ جاری رہےگا۔

واضح رہے کہ پاکستان ٹیم 6 جولائی کو سری لنکا روانہ ہوگی، پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کا آغاز گال میں 16 جولائی سے ہوگا جب کہ دوسرا ٹیسٹ میچ 24 جولائی سے کھیلا جائے گا۔