Tuesday, 15 October 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمزٹی وی(تعلیم/ اسلام آباد)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے سمسٹر بہار 2017ء کے میٹرک سے پوسٹ گریجویٹ سطح تک کے پروگرامز کے داخلہ فارم بغیر لیٹ فیس جمع کرانے کی تاریخ میں ہفتہ25، مارچ 2017ء تک توسیع کردی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق داخلہ فارم اور پراسپکٹس یونیورسٹی کے مین کیمپس اور ملک کے مختلف شہروں میں موجود علاقائی دفاتر/رابطہ دفاتر میں دستیاب ہیں۔ اس کے علاوہ داخلہ فارمز یونیورسٹی کی ویب سائٹ www.aiou.edu.pkسے ڈائون لوڈ بھی کئے جاسکتے ہیں ۔

 

 

ایمزٹی وی(آزاد کشمیر)صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے گزشتہ روز اردن کے مورخ ،مصنف اور صحافی عمر الموتی سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ان کا کہناتھا کہ کشمیر اور فلسطین کے تنازعات پر امن اور جمہوری انداز میں حل کئے بغیر جنوبی ایشیاء اور مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کا قیام ممکن نہیں، فلسطینیوں پر جب بھی ظلم ہوا اہل پاکستان ان کا دکھ درد محسوس کرتے ہیں ،فلسطین اور کشمیر کے مسائل یکساں نوعیت کے ہیں ۔
صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ عرب ممالک کی حکومتیں اور شہری مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم سے آگاہ نہیں،عرب میڈیا میں بھی کشمیر کے حوالے سے بھارتی نکتہ نظر شائع ہوتا ہے ۔ صدر آزاد کشمیر نے اردن کے مورخ کا شکریہ ادا کیا کہ وہ کشمیر کے حالات کا بغور جائزہ لینے اور عربی زبان میں کتاب مرتب کرنے کے لئے خود یہاں آئے ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی(تجارت)وزرات خزانہ کا کہنا ہے کہ ملک میں مردم شماری کاعمل 15 مارچ سے شروع ہوگا جس کے لئے 14.5 بلین روپے مختص کردئے گئے ہیں۔
سینٹ کے اجلاس میں وزارت خزانہ نے تحریری جواب میں کہا ہے کہ مردم شماری کے حوالے سے حکومت کی جانب سے متعدد اقدامات کئے گئے ہیں فیز 1 اور 2 کے دوران اضلاع کی نشاندہی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ ملک میں مردم شماری کا عمل 15 مارچ سے شروع ہوگا جو 2 ماہ میں مکمل ہوجائے گا۔
وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ مردم شماری آپریشن کے لئے 14.5 بلین روپے مختص کئے گئے ہیں مسلح افواج کے ماسٹر ٹریننگز کی تربیت بھی مکمل ہوچکی ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)سپریم کورٹ نے قتل کے مقدمے میں اٹھارہ سال سے پابند سلاسل رہنے والے ملزم عتیق کی رہائی کا حکم دیتے ہوئے قرار دیا ہے کہ ملزم نابالغ ہو تو سزائے موت نہیں دی جاسکتی ، کیس کی سماعت جسٹس آصف سعیدکھوسہ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی ،کیس کی سماعت شروع ہوئی تو ملزم کی وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزم پر 1999میں اپنے رشتہ دار کو قتل کرنے کا الزام تھا ملزم کی عمر اسوقت پندرہ سال تھی ، ملزم کو بیس سال کی عمر میں پھانسی کی سزا سنائی گئی ہے ۔
 
 
دوران سماعت جسٹس دوست محمد خان نے ملزم کے وکیل سے استفسار کیا کہ ملزم انتخابی امیدوار تو نہیں تھا ، جبکہ جسٹس آصف سعید کھوسہ کا کہنا تھا کہ نااہلی کے لیے بھی ایسے کیس بنائے جاتے ہیں ، فریقین کو سننے کے بعد عدالت عظمیٰ نے ملزم کی رہائی کا حکم دیدیا اور قرار دیا ہے کہ ملزم نابالغ ہو تو سزائے موت نہیں دی جا سکتی ، واضح رہے کہ ملزم عتیق پر 1999میں سندھ کے علاقے گھوٹکی میں اپنے رشتہ دار کو قتل کرنے کا الزام تھا جس پر ہائیکورٹ کی جانب سے ملزم کو سزائے موت سنائی گئی تھی ۔

 

 

ایمزٹی وی(تعلیم/ گوادر)گوادر سے تعلق رکھنے والی سات خواتین اساتذہ چار ماہ کی تربیتی پروگرام کیلئے چین کے صوبہ سنکیانگ پہنچ گئیں۔خواتین ٹیچرز کو تبادلے کے ایک پروگرام کے تحت چین بھیجا گیا ہے جہاں انہیں چینی زبان کی سکھائی جائیں گی جبکہ ان کی پیشہ وارانہ استعداد کار میں بھی بہتری لائی جائیں گی۔
سرکاری ذرائع کے مطابق ان خواتین اساتذہ کو انٹرنیشنل ڈویژن آف کرامے سینئر ہائی اسکول میں تربیت فراہم کی جارہی ہے اوراس مقصد کیلئے چار کل وقتی چینی اساتذہ کا تقررکیا گیاہے۔
ان خواتین اساتذہ کو قانون و ضابطوں ،بنیادی چینی زبان،چینی ثقافت اورکرامے کے بارے میں آگاہ کیا جارہاہے۔دوران تربیت یہ خواتین روایتی کاغذ کی کٹائی،ٹی آرٹ،چینی کیلی گرافی،تائیچی اوردیگر فنوں بھی سیکھیں گی۔
اسکول کے پراجیکٹ ڈائریکٹر نے بتایا کہ عنقریب ان خواتین کیلئے ایک سیاحتی دورے کا اہتمام کیا جائیگا جہاں انہیں اس علاقے کے بارے میں تفصیلی طورپر معلومات فراہم کی جائیں گی۔اس اسکول میں کینیڈا،امریکا اورروس کے اساتذہ بھی تربیت حاصل کررہی ہیں۔پاکستانی خواتین اساتذہ کو 2015میں گوادراورچین کے شہر کارامے کے درمیان مفاہمت کی ایک دستاویز کے تحت بھیجا گیاہے۔
 

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس) پی ایس ایل کھلاڑیوں کیلئے سونے کی چڑیا ثابت ہوئی ہے، کئی معروف اور غیر معروف پلیئرز پی ایس ایل کی بدولت لاکھوں روپے کی انعامی رقوم جیت چکے ہیں۔ ایسے میں غیر ملکی کھلاڑی بھی کسی سے پیچھے نہیں ہیں۔
اپنی منفرد مزاج اور جارہانہ بیٹنگ کی وجہ سے مشہور ڈیرن سیمی بھی انعامی رقوم حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں پیش پیش ہیں۔ ان کیلئے فرنچائز پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی کی جانب سے 20 ہزار ڈالر کی خطیر رقم کا اعلان کیا گیا ہے۔
جاوید آفریدی نے ایک ٹویٹ کے ذریعے اپنے فیصلے سے آگاہ کیا ان کا کہنا تھا کہ ڈیرن سیمی کی پشاور زلمی کے پلیٹ فارم سے زبردست کارکردگی اور ان کی بطور کپتان ٹیم ورک کو فروغ دینے کے جذبے کی وجہ سے ان کیلئے 20 ہزار ڈالر کا اضافی انعام دیا جائے گا ۔
اس کے علاوہ انعام پانے والوں میں بنگلا دیشی اسٹار تمیم اقبال بھی شامل ہیں، ان کو 5000 ڈالر کی انعامی رقم دی گئی ہے۔ تمیم اقبال پشاور زلمی کو پی ایس ایل کے دوران بطور اوپنر میسر رہے۔

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں شاندار کارکردگی دکھانے پر افغانستان کے ڈپٹی وزیر خارجہ حکمت کرزئی نے پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی کو افغان صدر کی جانب سے مبارکباد دیتے ہوئے انہیں ٹیم کے ساتھ افغانستان کے دورہ کی دعوت دیدی ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق پاکستان اور افغانستان کی حکومتوں کے درمیان شدید تناﺅ چل رہا ہے تاہم اس دوران ایک تازہ ہوا کا جھونکا آیا ہے کیونکہ افغانستان میں دونوں نمایاں چینلز نے پی ایس ایل کے میچ دکھانے کیلئے ناصرف حقوق حاصل کر لئے تھے بلکہ پشاور زلمی کو بڑا سپانسر بھی افغانستان سے ہی ملا۔ ذرائع کے مطابق افغانستان میں اعلیٰ سطح اور عوامی سطح پر پاکستان سپر لیگ کے تمام میچ دیکھے گئے اور لیگ کو خوب سراہا گیا ہے۔
 
فائنل میچ میں پشاور زلمی کی جیت پر افغانستان کے ڈپٹی وزیر خارجہ حکمت کرزئی نے جاوید آفریدی کو فون کر کے افغان صدر اشرف غنی کی مبارکباد پہنچائی اور اس کے ساتھ ہی انہیں پوری ٹیم کے ساتھ افغانستان کے دورے کی دعوت دی اور کہا کہ وہ افغان صدر ان کی دعوت کرنا چاہتے ہیں ۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ۔ ذرائع کے مطابق جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے سوشل میڈیا پر مقدس ہستیوں کی شان میں گستاخیوں کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کرتے ہوئے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کو کل عدالت طلب کر لیا ۔
دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ بیوروکریسی پر نہیں چھوڑا جاسکتا، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار ذاتی حیثیت میں پیش ہوکر بتائیں کہ اس اہم معاملے پر کیا اقدامات اٹھائے گئے۔ عدالت نے سیکریٹری داخلہ واطلاعات اورڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کو بھی عدالت میں پیش ہونے کا حکم جاری کیا۔

 

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد)وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نےضلع صوابی میں دہشت گردوں سے لڑائی کے دوران کیپٹن جنید اور سپاہی امجد کی شہادت پراظہار تعزیت کرتےہوئے کہاکہ ہم دہشت گردوں کواپنے مذموم عزائم کو فروغ دینے کی اجازت دے سکتے ہیں اور نہ دیںگے اور اس عزم کو دہرایا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے تک آپریشن رد الفساد جاری رہے گا.
 
وزیراعظم نے ریاست کی رٹ چیلنج کرنے والے دہشت گردوں کے خلاف مسلح افواج کے اہلکاروں کی جانب سے بہادری کے ساتھ لڑنے کو سراہا۔ انہوں نے ان بہادر فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے دہشت گردوں کے ساتھ دلیری کے ساتھ لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ جنہوں نے شہادت کو گلے لگایا وہ ہماری قوم کے اصل ہیرو اور محافظ ہیں۔
نواز شریف نے کہا کہ مسلح افواج ہماری زندگی ،آزادی،آئین اور ہمارے جمہوری اقدار کے تحفظ کے لیے دہشت گردی کی لعنت سے لڑ رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم دہشت گردوں کو اجازت دے سکتے ہیں اور نہ دیںگے کہ وہ اپنے مذموم عزائم کو فروغ دیں۔

 

 

ایمزٹی وی(تعلیم)ملک کی پہلی قانون کی جامعہ شہید ذوالفقار علی بھٹو یونیورٹی آف لاء کراچی کے پہلے وائس چانسلر قاضی خالد ایڈوکیٹ کو توسیع دینے کے بجائے نیا وائس چانسلر مقرر کرنے کے لئے امیدواروں سے درخواستیں طلب کر لی گئی ہیں۔
درخواستیں طلب کرنے کا اشتہار تاخیر سے دینے کے باعث قاضی خالد اگلی مدت کے لئے وائس چانسلر کی دوڑ سے باہر ہو جائیں گے کیونکہ گزشتہ ماہ کے آخری عشرہ میں انہوں نے 65 ویں سالگرہ منائی ہے اور اشتہار کے مطابق درخواست دیتے وقت امیدوار کی عمر 65 سال سے زائد نہیں ہونی چاہئے، اس طرح قاضی خالد اگلی مدت کے لئے درخواست بھی نہیں دے سکیں گے۔
حال ہی میں انہوں نے 9 جامعات کے ساتھ کنسوریشم بھی قائم کیا تھا اورگزشتہ ہفتے انھیں 9 جامعات کے کنسورشیم کا دو سال کے لئے چیرمین بھی مقرر کردیا گیا تھا جس کا نوٹفیکشن بھی جاری کردیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ جامعہ این ای ڈی، دائود انجینئرنگ یونیورسٹی اور لاء یونیورسٹی تینوں جامعات کے وائس چانسلر کی چار سالہ مدت رواں سال بالترتیب 17 مارچ، 18 مارچ اور 19 مارچ کو ختم ہو رہی تھی لیکن جنوری میں صرف این ای ڈی کے وائس چانسلر کے عہدے کے لئے اشتہار دیا گیا جبکہ تینوں جامعات کا ایک ساتھ اشتہار دیا جانا چاہئے تھا مگر 6 مارچ کو لاء یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے لئے اشتہار دیا گیا جب کہ دائود یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے لئے تاحال اشتہار نہیں دیا گیا ہے۔
اگر جنوری میں لاء یونیورسٹی کا اشتہار این ای ڈی کے ساتھ دے دیا جاتا تو قاضی خالد بھی اگلی مدت کے لئے درخواست دینے کے اہل ہو جاتے۔ ’’جنگ‘‘ نے قائم مقام سیکریٹری بورڈز نوید شیخ کو فون اور ایس ایم ایس کیا مگر ان کا جواب نہیں آیا۔ ایڈیشنل سیکریٹری بورڈ و جامعات حفیظ عمرانی کا موبائل فون خاتون نے اٹھایا اور کہا کہ باہر گئے ہوئے ہیں موبائل ساتھ نہیں لے گئے۔