Tuesday, 15 October 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

 
ایمز ٹی وی(کراچی) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے کہا ہے کہ سندھ کی شہری آبادی کے ساتھ امتیازی سلوک ہوا،مردم شماری سے متعلق ایم کیوایم کو تحفظات ہیں ،آج ہم نے بڑی نا انصافی کے خاتمے کے لیے سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے ۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں فاروق ستار کا کہناتھاکہ سندھ کے عوام ایک عرصے سے بنیادی حقوق سے محروم ہیں، 15 مار چ سے پہلے مردم شماری میں دھاندلی کرتے ہوئے شہری علاقوں کے بلاکس کو کم دکھایاگیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب بلاکس کا شمار کم ہوگا تو گھروں کی گنتی بھی کم ہوگی ،مردم شماری سے قبل سندھ کے شہروں کی آبادی کو کم کرکے دکھایا جارہا ہے جو ناقابل فہم ہے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ کا کہناتھاکہ ہم نے یہ نکتہ اٹھایا ہے کہ کراچی، حیدرآباد، سکھر کے گھروں کےبلاکس میں اضافہ ہونا چاہئے تھا،ہم سپریم کورٹ سے انصاف مانگنے آئے ہیں۔
فاروق ستار نے کہا کہ سیلاب کے متاثرین بھی کراچی آئے،دہشت گردی سےمتاثرہونےوالے بھی یہاں ہی آئے ،لیکن شہری تناسب کو 18سال بعد مزید کم کردیاگیا ہے۔
ان کا اس حوالے سے مزید کہنا تھا کہ سندھ کے شہری علاقوں کے ساتھ امتیازی سلوک ہوا ہے، کراچی، حیدرآباد، سکھر کے لوگوں کو روزگار سے محروم رکھاگیاہے، ایم کیو ایم پاکستان ملک سے ناانصافیوں کے خاتمے کی جدوجہد کررہی ہے۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(کراچی) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سہون میں دھماکا کرنے والے خود کش بمبار کی شناخت کرلی گئی ،جو سندھ سے تعلق نہیں رکھتا تھا،انہوں نے سہون کے اسپتال میں موجود طبی سہولیات پر تنقید مسترد کردی۔
سندھ اسمبلی سے خطاب میں سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ہمارے پاس اتنے ذرائع نہیں کہ سہون میں ہزار بیڈ کا اسپتال بنائیں، وہاں 50 بیڈ کا اسپتال عرصے سے موجود ہے، اتنا بڑا واقعہ کراچی میں بھی ہوجاتا تو مشکل پیدا ہوجاتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سہون کےبارے میں لوگوں نے بغیرتحقیق تنقید کی،دھماکا 7بجے ہوا،مجھے 4منٹ بعد اطلاع ملی، دھماکے کے چند منٹ بعد ہی ایمبولینس پہنچ گئی تھیں،ایسے وقت میں ساتھ دیا جاتا ہے اورمدد کی جاتی ہے، تنقید نہیں کی جاتی۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہناتھاکہ دھمال کے وقت مزار کی بجلی لوڈشیڈنگ کے باعث بند تھی،اقرار کرتا ہوں کہ سیکورٹی پرمامور نفری کم تھی، شاہ نورانی سانحے کے بعد ہمیں سیکورٹی کو مزید بہتر بنانا چاہیے تھا۔
انہوں نے ایوان کو بتایا کہ درگاہ کے داخلی دروازے پر کیمرے کام کررہے تھے ،سانحے میں 81افراد شہید ہوئے ،کچھ لاپتہ ہیں ،جاں بحق اور زخمی ہونےوالوں کو امداد فراہم کرنے کے لیے کاغذات تیار کرلیے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی دہشت گردوں کے نشانے پر ہے،آج صبح بھی ایک کارروائی ناکام بنائی گئی ہے، ایک دہشت گرد مارا گیا،جس سے اسلحہ بھی برآمد کرلیا ہے ۔
 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) پاکستان سپرلیگ سیزن ٹو کا فائنل میچ کھیلنے والے کچھ غیر ملکی کھلاڑی اورآفیشلزلاہورسے وطن روانہ ہو گئے ۔
ذرائع کے مطابق پاکستان سے روانہ ہونےوالےغیرملکی کھلاڑیوں میں پشاور زلمی کے ڈیوڈ میلان اور کرس جارڈن ، مارلن سیموئیل اور انعام الحق کے نام شامل ہیں ۔
ذرائع کے مطابق ڈیرن سیمی آج وطن روانہ ہوں گےجبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکےکوچ ویوین رچرڈز مزیدایک روز پاکستان میں قیام کریں گے ۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(صحت) مضر صحت گوشت کیخلاف کارروائی میں 55کلوگرام بڑا گوشت قبضہ میں لیکر تلف کر دیا گیا۔ جبکہ دو قصابوں کیخلاف تھانہ بنی میں مقدمہ درج کرایا گیا۔
جی ایم سلاٹر ہائوس سہالہ ڈاکٹر فرخ اور سپرنٹنڈنٹ سہالہ سلاٹر ہائوس ڈاکٹر کاشف کی سربراہی میں چھاپہ مار ٹیم نے جامع مسجد روڈ پر کارروائی کرتےہوئے نعمان بیف شاپ سے 25کلوگرام مضر صحت جبکہ نوید بیف شاپ سے 30کلو گرام پانی ملا گوشت قبضہ میں لیکر بابر اور احمد رضا کیخلاف مقدمہ درج کرا دیا۔ گوشت کو بعدازاں سہالہ سلاٹر ہائوس میں جلا کر تلف کر دیاگیا۔

 

 

ایمزٹی وی (صحت) تلہار شہر اور گرد ونواح میں اتائی ڈاکٹروں کی بھرمار انسانی جانوں سے کھیلنے میں مصروف ہیلتھ افسران نے آنکھیں بند کردی ہیں ۔
عوامی سماجی حلقوں کا اتائی ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق تلہار ،راجوخانانی اور گردنواح کے شہروں اور دیہاتی علاقوں میں اتائی ڈاکٹروں نے جگہ جگہ کلینک کھول کر انسانی جانوں سے کھیلنے لگے ہیں جس سے انسانی زندگیاں تباہ ہونے لگیں ہیں ۔ عوامی حلقوں نے اعلیٰ افسران سے مطالبہ کیا ہے کہ جعلی اور اتائی ڈاکٹروں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے ایسے دھندہ کرنے والے عناصر کا محاسبہ کیا جائے۔

 

 

 

ایمز ٹی وی (صحت) ضلع ٹھٹھہ میں تھیلیسیمیا کا مرض تیزی سے بڑھنے لگا ٹھٹھہ اور سجاول میں 500 سے زائد بچے اس مرض میں مبتلا ضلع بھر میں تھیلسیمیا کا کوئی سینٹر موجود نہیں ایک سال کے دوران 20 سے زائد بچے اس بیماری کے باعث اپنی جانوں سے ہاتھہ دھو بیٹھے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق ضلع ٹھٹھہ میں تھیلیسیمیا مرض میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے پہلے عام خیال یہ تھا کہ ایک ہی خاندان میں شادیاں ہونے کے باعث یہ مرض لاحق ہوتا ہے مگر عملی طور پر یہ بھی ثابث ہوا ہے کہ خاندان سے باہر شادی کرنے والوں کو بھی یہ مرض لاحق ہو سکتا ہے ۔
اس کے لیے سندھ اسمبلی میں بل بھی پاس کیا گیا ہے کہ شادی سے قبل جوڑے کا تھیلیسیمیا کا ٹیسٹ کروایا جائے اور جو یہ ٹیسٹ نہ کروائے اسکا نکاح بھی کوئی عالم نہیں پڑھائے گا مگر نہ ہی اسکی تشہیر اخبارات اور الیکٹرانک میڈیا پر کی گئی اور نہ ہی لوگوں کو اسکا علم ہے اور نہ ی حکومتی سطح پر اس قانون پر عمل درآمد کرانے کی کوئی کاوش کی گئی ہے ۔

 

 

 

ایمز ٹی وی (صحت) فارمیسی گریجویٹس ایسوسی ایشن اور سایہ ویلفیئر آرگنائزیشن کے مشترکہ تعاون سے " آرتھرائٹس سے بچاؤ۔آپ کے اپنے ہاتھ میں" کے عنوان سے منعقدہ آگہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے چیف پیٹرن فارمیسی گریجویٹس ایسوسی ایشن ڈاکٹرزین الحسنین نے کہاکہ آرتھرائیٹس جسے عرف عام میں گٹھیا کا مرض کہا جاتا ہے، جس میں ہڈیوں اور جوڑوں کو پہنچنے والے نقصان کی بدولت جوڑوں پرسوزش اور ورم آجاتا ہے نتیجتاً جوڑوں کو حرکت دینے میں بھی شدید درد ہوتا ہے ،چنانچہ فارماسسٹ عوام میں کمیونٹی فارمیسی پریکٹس کے ذریعے شعوراجاگر کریں کہ جسمانی معذوری سے محفوظ رہنے کے لیے باقاعدگی سے ورزش کرنا، وزن کنٹرول کرنا، متوازن غذا کا استعمال، وٹامن ڈی کے حصول کے لیے جسم کودھوپ لگانا وغیرہ انتہائی ضروری ہیں۔
ماہرامراض ہڈی وجوڑ ڈاکٹررضوان حیدر نے کہاکہ آرتھرائیٹس کے مرض کی کئی اقسام ہیں جن میں سیپٹک آرتھرائیٹس ، جووینائل آرتھرائیٹس، رہیوماٹائیڈ آرتھرائیٹس شامل ہیں جبکہ اوسٹوآرتھرائیٹس یا جوڑوں کے جھڑنے کی بیماری کا شمار سب سے عام قسم میں کیا جاتا ہے سیکریٹری فارمیسی کونسل سندھ ڈاکٹرتنویراحمد صدیقی نے صدارتی خطاب میں کہاکہ اس بیماری میں مریضوں کے ہاتھ، پیروں، کندھے، کولہے، گٹھنے ، ریڑھ کی ہڈی، گردن اور پست والے جوڑ متاثر ہوتے ہیں جسے پیچیدہ ہونے سے قبل ہی محفوظ رکھا جاسکتا ہے۔
چیئرمین سایہ ویلفیئرآرگنائزیشن ڈاکٹرتسنیم زیدی نے کہاکہ موٹے افراد میں گھٹنے کے آسٹیوآرتھرائیٹس میں مبتلا ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ صدر پی جی اے ڈاکٹر امرعلی نے کہاکہ گٹھیا کا مرض زیادہ ترپچاس سال سے زائد عمر کے افراد خصوصاً خواتین کو سب سے زیادہ متاثر کرتا ہے۔ آرتھرائیٹس کی مختلف اقسام میں فزیشن اور فارماسسٹ مختلف نوعیت کی ادویات تجویز درد کی شدت کے لحاظ سے کرتے ہیں۔ زیادہ خراب جوڑ کی آپریشن کے ذریعے تبدیلی سے مریض دردسے نجات پالیتا ہے۔

 

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویزخٹک نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2017 کی فاتح ٹیم پشاور زلمی کے لیے 2 کروڑ روپے انعام کا اعلان کردیا۔
وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق پرویز خٹک نے پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی کو ٹیلی فون کرکے مبارکباد دی اور ٹیم کی بہترین کارکردگی کی تعریف کی۔
پریس ریلیز کے مطابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے پشاور زلمی کی ٹیم اور منیجمنٹ کو پشاور آنے کی دعوت بھی دی۔
اس سے قبل پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے بھی اعلان کیا تھا کہ اگر ان کی ٹیم پاکستان سپر لیگ کی فاتح بننے میں کامیاب ہوگئی تو پوری ٹیم پشاور جاکر آرمی پبلک اسکول (اے پی ایس) کے ساتھ فتح کا جشن منائے گی۔
گذشتہ روز (5 مارچ کو) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2017 کے فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 58 رنز سے شکست دے کر پشاور زلمی نے دوسری چمپیئن ٹیم بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
پشاورزلمی کے کامران اکمل کو ٹورنامنٹ کا بہترین وکٹ کیپر قرار دیا گیا اور شاندار بلے بازی کرتے ہوئے سب سے زیادہ رنز بنانے پر میچ کا بہترین بلے باز اور ٹورنامنٹ کا بھی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
دوسری جانب پشاورزلمی کے کپتان ڈیرن سیمی کو 'مین آف دی فائنل' کی ٹرافی اور 40 ہزار ڈالر انعام بھی دیا گیا۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) پاکستان سپر لیگ ٹو فائنل کے لاہور میں انعقاد کو خوب سراہا جارہا ہے،وفاقی وزراء،قومی رہنمائوں اور بین الاقوامی شخصیات نے پشاور زلمی کو فتح پر مبارکباد دی ۔
مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نےپشاور زلمی کو جیت پر مبارک باد دی اور کہا کہ آج پاکستان کی فتح ہوئی،کچھ لوگوں کے نصیب میں رونا ہی لکھا ہے ،وہ روتے رہیں گے اور پاکستان آگے بڑھتا جائےگا۔
اپنے پیغام میں میئر لندن صادق خان نے کہا کہ انہیں پاکستان میں کرکٹ کی واپسی دیکھ کر بڑی خوشی ہوئی ،آج کسی کی شکست نہیں ہوئی ۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے پشاور زلمی کو جیت کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ زلمی کی فتح پورے پاکستان کی جیت ہے ،پی ایس ایل کے فائنل میں عوام کا جذبہ قابل دید رہا۔
وفاقی وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج کے میچ سے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ بحالی کی طرف جائے گی ۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے بھی پشاور زلمی کو جیت پر مبارک باد دی ہے ۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے پشاور زلمی کو پی ایس ایل فائنل جیتے پر مبارک دی اور کہا کہ کھیل اور سیاست کو الگ رکھنا چاہیے۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پشاور زلمی کو مبارکباددیتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کی جیت ہے ۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) پاکستان سپر لیگ کا فائنل پشاور زلمی نے جیت لیاتاہم جشن پورے پاکستان نے منایا، پاکستان میں انٹر نیشنل کرکٹ بحال ہوگئی، ملک بھر میں مداحوں نے جشن منایا ،آتش بازی کی اورمٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔
پشاور زلمی کی جیت کے ساتھ ہی شاندار پی ایس ایل کا اختتام ہوگیا، پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہوا مگر پُرجوش پورا پاکستان دکھائی دیا ۔
سوات میں پشاور زلمی کی جیت پر مٹھائیاں تقسیم کی گئیں، نوشہرہ میں شہریوں نے بڑی اسکرین پرفائنل میچ دیکھا۔
قبائلی علاقے کرم ایجنسی میں نوجوانوں نےفائنل میچ دیکھنےکےلیےلوڈشیڈنگ کےخلاف پریس کلب کےباہراحتجاجی مظاہرہ کیا۔
بدین میں بھی پی ایس ایل کا جنون عروج پر ہے اور کرکٹ شائقین نےبڑی اسکرین پر فائنل دیکھا، حیدرآباد کےمختلف علاقوں میں پی ایس ایل کا فائنل دکھانےکےلئےاسکرینیں لگائی گئیں۔
باچاخان چوک پرکوئٹہ گلیڈی ایٹر اورپشاور زلمی کے سپورٹرز نے کرکٹ کے عشق میں ڈوب کرخٹک ڈانس پیش کیا ۔