Monday, 07 October 2024
Reporter SS

Reporter SS


ایمزٹی وی(تعلیم/کراچی)ڈائریکٹر جنرل کالجز سندھ کی قائم کردہ دو رکنی اعلیٰ اختیاراتی ٹیم کا شہر کے مختلف کالجز پر چھاپہ،شہید ملت کالج میں تین ہزار روپے اضافی فیس وصول کرنے کا انکشاف ہواجس پر ایکشن لیتے ہوئے اعلیٰ اختیاراتی ٹیم نے موقع پر ہی اضافی فیس واپس کروادی۔

تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ کامرس اینڈ اکنامکس کالج میں داخلہ فارم 35 روپے کے بجائے 135 روپے میں فروخت کیا جارہا تھا،جبکہ داخلہ فیس کے علاوہ یونیفارم اور پریکٹیکل جنرل کے نام پر تین ہزار روپے اضافی وصول کیے جارہے تھے

ڈائریکٹر جنرل کالجز سندھ کی قائم کردہ پروفیسرمراد علی اور پروفیسر زاہد پر مشتمل دو رکنی اعلیٰ اختیاراتی ٹیم نے چھاپہ مار کر یہ ہدایت جاری کی کہ آرٹس اور کامرس گروپ کے طالب علم پانچ سو روپے اور سائنس گروپ کے طالب علم قواعد کے مطابق صرف 550 روپے جمع کرائیں گے ، جبکہ ڈاکٹر ناصر انصار ڈائریکٹر کالجز سندھ کے اعلامیہ کے مطابق مرکزی داخلہ کمیٹی نے کالجز میں داخلے کی تاریخ میں توسیع کردی ہے جس کے مطابق سرکاری کالجز میں داخلوں کا عمل بیس ستمبے گا۔


ایمزٹی وی(انٹرنیشنل) مقبوضہ کشمیر میں آل پارٹیز حریت کانفرنس کے رہنما علی گیلانی کا بھارتی فوج کے نام کھلا خط لکھ دیا۔ جس میں انہوں نے قابض فوج کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ تم ہمیں جتنا مارو گے، آزادی کےلئے ہمارا عزم اور حوصلہ اتنا ہی بلند ہوگا۔

اپنے خط میں انہوں نے خاص طور پر مقبوضہ کشمیر میں تعینات بھارتی فوجیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی کی جدوجہد میں لاکھوں شہادتوں کے باوجود حریت پسندوں کے حوصلے پست نہیں ہوئے ہیں۔ ’’تم ہمیں جتنا مارو گے، آزادی کےلئے ہمارا عزم اور حوصلہ اتنا ہی بلند ہوگا،‘‘

اس خط میں انہوں نے مزید کہا کہ وقت آگیا ہے کہ تم نوشتہ دیوار پڑھ لو اور سوچو کہ ہمیشہ سے تمہارا مقصد کیا رہا ہے اور ہمیشہ اس کے کیا نتائج تمہارے سامنے آتے رہے ہیں۔ تم سمجھے کہ تمہارا جبر و تشدد آزادی کے ہمارے خوابوں کو قتل کردے گا۔ لیکن ایسا نہیں ہوا۔ تم نے سوچا تھا کہ ہماری روح کو مجروح کرکے ہمیں آپس میں ایک دوسرے کے خلاف کردو گے۔ لیکن ہم ایسا نہیں کریں گے۔ تم قتل و غارت گری میں کامیاب رہے لیکن ہماریآزادی کے خوابوں کو موت کے گھاٹ نہیں اُتار سکتے۔ مزید تشدد، مزید پچھتاوے اور مزید قبروں سے پہلے ہم تم سے کہتے ہیں کہ باز آجاؤ۔‘‘

’’ہم مہمان نواز لوگ ہیں۔ ہم مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہیں لیکن حملہ آوروں کو نہیں۔ ہم تمہاری مکاری اور نفسیاتی جنگ کو بخوبی سمجھتے ہیں۔ تم ہمیں مارتے مارتے تھک جاؤ گے… (لیکن) ہم اپنی تاریخ، اپنے مستقبل، اپنی آزادی کی جدوجہد سے نہیں تھکیں گے۔ ہم نہیں بھولیں گے۔ ہم معاف نہیں کریں گے،‘‘ علی گیلانی نے خط میں مزید لکھا۔

بھارتی فوجیوں کے ضمیر کو جھنجھوڑتے ہوئے علی گیلانی لکھتے ہیں کہ اگر ان میں ضمیر اور انسانیت نام کی کوئی چیز واقعی زندہ ہے تو وہ حقِ خود ارادیت اور آزادی کےلئے کشمیریوں کی جدوجہد کا ساتھ دیں۔ اس کھلے خط کا اختتام ان الفاظ پر ہوتا ہے: 

’’تشدد روک دو، گھر جاؤ۔ بھارتی فوجیو! گھر جاؤ۔‘‘

 

AliGilani Letter 01 580x879


ایمزٹی وی (انٹرنیشنل) امریکی سینیٹ کے بعد امریکی ایوان نمائندگان نے بھی نائن الیون حملے میں ہلاک ہونے والوں کے اہلخانہ اور رشتہ داروں کی جانب سے سعودی حکومت پر مقدمے کے حوالے سے بِل منظور کر لیا۔

اے ایف پی کے مطابق تقریباً 4 ماہ قبل امریکی سینیٹ میں ’جسٹس اگینسٹ اسپانسرز آف ٹیررازم ایکٹ‘ (دہشت گردوں کے مالی معاونت کاروں کیخلاف انصاف کا قانون ) کا بل متفقہ طور پر منظور کیا گیا تھا۔ ایوان نمائندگان سے منظوری کے بعد اب یہ بِل نائن الیون حملوں کو15سال مکمل ہونے سے چند روز قبل، دستخط کے لیے امریکی صدر باراک اوباما کو پیش کیا جائے گا۔

سینیٹ سے اس بل کی منظوری کے بعد اوباما انتظامیہ کا کہنا تھا کہ وہ اس کی مخالفت کرے گی اور صدر باراک اوباما اسے ویٹو کردیں گے۔ اگر اس بل کو قانون کا حصہ بنا لیا جاتا ہے تو امریکا میں دہشت گرد حملوں میں کسی بھی طرح کا کردار پائے جانے پر کسی بھی ملک کی حکومت، بالخصوص سعودی حکومت کیخلاف مقدمہ درج کرایا جاسکے گا اور حملے کے متاثرین اس ملک سے زرتلافی طلب کرنے کے حقدار ہوں گے۔


اس بل کی منظوری کیخلاف سعودی حکومت کی جانب سے شدید تنقید کی گئی تھی اور امریکی انتظامیہ کو متنبہ کیا گیا تھا کہ اگر سعودی حکومت کو نائن الیون حملوں میں کسی بھی قسم کے کردار کا ذمے دار قرار دینے کے حوالے سے قانون بنایا گیا تو وہ امریکا میں اپنے تقریباً 750ارب ڈالرز کے اثاثے فروخت کر دے گا۔ یاد رہے کہ نائن الیون کے واقعے میں 4 طیاروں کو ہائی جیک کرنے والے 19 میں سے 15افراد سعودی شہری بتائے جاتے ہیں تاہم ریاض کی جانب سے ان حملوں میں کسی بھی قسم کے کردار کی تردید کی جاتی رہی ہے۔


ایمزٹی وی(تعلیم/ کراچی)جامعہ کراچی نے عید الضحٰی کی تعطیلات کا اعلان کردیا۔جامعہ کراچی کے رجسٹرار پروفیسرڈاکٹر معظم علی خان کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق جامعہ کراچی میں عید الاضحی کے سلسلے میں12تا15ستمبر

2016ء تعطیل رہے گی۔


ایمزٹی وی (تعلیم/ کراچی)سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی اورعلامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے درمیان گزشتہ روز باہمی تعاون کا سمجھوتہ ہوا،جس پرسندھ مدرسہ یونیورسٹی کے وائس چانسلرڈاکٹرمحمدعلی شیخ اورعلامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹرشاہدصدیقی نے دستخط کیے ۔

اس سمجھوتے کے تحت دونوں جامعات تعلیم،تحقیق ،ایم فل اورپی ایچ ڈی کے پروگرامز میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں گی۔

اس موقع پر سندھ مدرسہ یونیورسٹی کے آڈیٹوریم میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلرڈاکٹرمحمد علی شیخ نے کہاکہ ہم آج بین الاقوامی اور ملکی سطح پر اداروں کے درمیان تعلقات اور روابط کے دور میں رہ رہے ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ سندھ مدرسہ یونیورسٹی نے بین الاقوامی سطح پر برطانیہ، امریکہ اور چین کے تعلیمی اداروں کے ساتھ تعلقات استوار کئے ہیں۔ اس کے ساتھ سند ھ مدرسہ یونیورسٹی ملک کے دیگر صوبوں کے تعلیمی اداروں کے ساتھ بھی تعاون بڑھارہی ہے ۔


ایمز ٹی وی (لاہور) پنجاب یونیورسٹی نے تعطیلات کا اعلان کردیا۔ اعلامیہ کے مطابق جامعہ پنجاب بروزپیر تا جمعہ (12تا16ستمبر 2016)عیدالاضحی کی تعطیلات کے سلسلے میں بند رہے گی ۔

جبکہ 15اور 16 ستمبر کو اضافی تعطیلات کو بعد ازاں بوقت ضرورت ایڈجسٹ کیا جائے گا


ایمزٹی وی(راولپنڈی)عید الضحیٰ کے موقع پرملک بھر کی جیلوں میں سزائے موت کے قیدیوں کی سزاؤں پر عمل درآمد روک دیا گیا ہے۔ سیشن ججزنے بھی عید قربان اور حج کے احترام میں پھانسی دینے کے ڈیتھ وارنٹ جاری کرنے کے احکام روک دیے ہیں۔
اس وقت اڈیالہ جیل راولپنڈی میں مجموعی طور پر285 سزائے موت کے قیدی ہیں ان میں سے10کی رحم کی اپیلیں صدر مملکت کے پاس زیر التواہیں، ایک خاتون ملزمہ سمیت66 اپیلیں سپریم کورٹ اور چھ خواتین سمیت209 اپیلیں ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہیں۔

واضح رہےاس سال یکم جنوری سے31 اگست تک اڈیالہ جیل میں مجموعی طور پر42 مجرمان کو پھانسی دی گئی ہے جبکہ اس عرصے کے دوران58 سزائے موت کے قیدی ہائی کورٹ سے پھانسی کی سزا کالعدم قرار پانے اور راضی نامہ کی بنیاد پر رہائی پا چکے ہیں۔


ایمزٹی وی (پشاور) پشاور کے علاقے بھانہ ماڑی میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گاڑی کے خفیہ خانوں سے بھارتی تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا ہے ۔

پولیس کے مطابق ناکے پر تعنیات اہلکاروں نے گاڑی کو چیکنگ کے لئے روکا اور دوران تلاشی گاڑی کے خفیہ خانوں سے 25 پستول ، 8 رائفلز اور 200 سے زائد کارتوس برآمد ہوئے پولیس نے گاڑی میں موجود ڈرائیورسمیت 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان اسلحہ اسمگل کررہے تھے تاہم مزید تفتیش کےلئے ملزمان کو تھانے منتقل کردیا گیا ہے۔


ایمزٹی وی(اسلام آباد)وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں کابینہ نے دیامر بھاشا ڈیم کے لیے اراضی کے حصول اور معاوضہ جات کی منظوری دے دی ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ڈیموں کی تعمیر سے نہ صرف ملک کی توانائی کی ضروریات پوری ہوں گی بلکہ سیلاب کے خطرات میں بھی کمی آئے گی جب کہ حکومت توانائی کے مسائل حل کرنے کے لیے پرعزم ہے جس کے لیےمختصر، درمیانے اور طویل مدتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے جب کہ حکومت داسو ڈیم کے لئے عالمی بینک سے فنانسنگ کا انتظام کر رہی ہے.

 

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ملک میں رجسٹرڈ افغان پناہ گزینوں کے قیام کی مدت میں بھی مزید 3 ماہ کی توسیع کا فیصلہ کیا گیا جب کہ اس توسیع سے قبل افغان پناہ گزین دسمبر تک پاکستان میں رہ سکتے تھے تاہم اب وہ مارچ 2017 تک یہاں قیام کر سکتے ہیں۔ کابینہ کے اجلاس میں پاک انڈونیشیا دفاعی تعاون کے معاہدے کی منظوری اور بیلاروس کے ساتھ کسٹم ٹریڈ ڈیٹا کے تبادلے کے لیے بات چیت کی بھی منظوری دی گئی جب کہ کابینہ نے ای سی سی کے 4 سال میں ہونے والے فیصلوں کی بھی منظوری دی۔

 

کابینہ کے اجلاس میں اسٹیٹ بینک اور اردن کے مرکزی بینک میں ماہرین کے تبادلوں کے سمجھوتے کی منظوری سمیت نجکاری کمیٹی کے مختلف اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔اس کے علاوہ اجلاس میں دُہرے ٹیکسوں سے بچاؤ کے سارک معاہدے پر دستخط کی منظوری سمیت کابینہ نے الیکٹرانک جرائم کی تحقیقات کا اختیار ایف آئی اے کو دےدیا ہے۔


ایمزٹی وی(اسلام آباد)اسپیکر قومی اسمبلی کی ہدایت پر مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے ایوان میں فاٹا اصلاحات کمیٹی کی رپورٹ پیش کی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ برس نومبرمیں فاٹا کے حوالےسے ایک کمیٹی بنائی گئی جس نے فاٹا میں واقع تمام ایجنسیز کا دورہ کیا اور قبائل عمائدین سے ملاقاتیں بھی کیں جب کہ وہاں کے سیاستدانوں اورسول سرونٹس سے بھی بات چیت کی گئی۔

اس حوالے سے مشیرخارجہ کا کہنا تھا کہ کمیٹی نے 6 ماہ میں تمام کام مکمل کیا،جس کے بعد کمیٹی کی جانب سے دی گئیں 4 تجاویز زیر غور ہیں ۔ پہلی تجویز یہ ہے کہ فاٹا کی موجودہ حالت کو ہی برقراررکھا جائے دوسری تجویز کے مطابق فاٹا کو نیا صوبہ بنایا جائے تیسری تجویز میں گلگت بلتستان کی طرح نظام قائم کرنے پرغور کیا جارہا ہے جب کہ چوتھی تجویز میں کہا گیا ہے کہ فاٹا کو پہلے سے موجود صوبے خیبر پختونخوا میں ضم کردیا جائے۔

سرتاج عزیز نے کہا کہ فاٹا کو نیا صوبہ بنانا ممکن نہیں اور صورتحال کو جوں کا توں رکھنا بھی کوئی حل نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فاٹا میں مقامی حکومتوں کے انتخابات کی ضرورت ہے اور کمیٹی نے بھی فاٹامیں بلدیاتی انتخابات کرانےکی سفارش کی ہے، انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کا دائرہ کار بھی فاٹا تک بڑھانا ہوگا۔