Sunday, 06 October 2024
Reporter SS

Reporter SS

ایمزٹی وی (آزاد کشمیر)پیپلز پا رٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری آج میرپور میں جلسہ عام سے خطاب کرینگے ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلالول بھٹو کے دورہ کیلئے سکیورٹی سمیت تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں جبکہ شہرمیں پی پی کے جھنڈوں،دیو ہیکل پینا فلیکسوں کی بھرمار ہے جلسہ عام کیلئے میڈیا کمیٹی کے چیئر مین ظفر مغل نے بتایاکہ بلاول بھٹو زرداری آج اپنے پہلے دو روزہ دورہ میرپور کیلئے زرداری ہائوس اسلام آباد سے 10بجے دن اپنے قافلہ کے ہمراہ میرپور کیلئے روانہ ہوں گے اور سب سے پہلے لیاقت باغ روالپنڈی میں اپنی والدہ شہیدبے نظیر بھٹو کی جائے شہادت پر حاضری دیں گے جہاں سے وہ ایئر پورٹ چوک راولپنڈی پہنچیں گے بلاول بھٹو کی آمد پر روات ٹول پلازہ،گوجر خان سوہاوہ،دینہ ،منگلا پل پر شاندار استقبال کیا جائیگا ، انہیں بڑے جلوس کی شکل میں5بجے میرپور کرکٹ اسٹیڈیم لایا جائے گا۔ خالق آباد ، چترپڑی اورایف ٹو میں جلسہ کے بارے میں اجلاسو ں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیرچوہدری عبدالمجیدنے کہا کہ عوام سے غداری کرنے والے اپنے انجام سے بچ نہیں سکتے ، انتخابات میں عوام ان کا حساب برابر کردیں گے ،پیپلزپارٹی سے بے وفائی کرنے والے ساری زندگی اقتدار کے لئے ترستے رہیں گے ،عوام کااستحصال کرنے والے اقتدار پرستوں کی نیندیں حرام ہو چکی ہیں، ان کی ہچکولے کھاتی سیاسی کشتی کوکوئی نہیں بچاسکتا۔

ایمزٹی وی(اسلام آباد) وزارت داخلہ نے نوشکی ڈرون حملے میں افغان طالبان کے سابق امیر ملا اختر منصور کی ہلاکت تصدیق کردی ۔ ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق بلوچستان کے ضلع نوشکی میں امریکی ڈرون حملے میں ہلاک ہونے والے دوسرے شخص کی شناخت ہوگئی ہے جو افغان طالبان کا سابق امیر ملا اختر منصور تھا۔ ترجمان کے مطابق لاش کی شناخت ڈی این اے ٹیسٹ سے ہوئی جس کا میچ ملا اختر منصور کے قریبی عزیزسے لیا گیا جو ملا منصور کی میت لینے افغانستان سے آیا تھا۔ واضح رہے نوشکی کے علاقے احمد وال میں امریکا نے ایک گاڑی پر ڈرون حملہ کیا تھا جس میں تحریک طالبان افغانستان کے سابق امیر ملا اختر منصور کی ہلاکت کے علاوہ پاکستانی ڈرائیور محمد اعظم بھی ہلاک ہوا تھا تاہم پاکستانی حکام نے فوری طورپر ملا اخترمنصور کی ہلاکت کی تصدیق نہیں کی تھی جب کہ حملے پر امریکی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدیداحتجاج بھی کیا گیا تھا۔

  • ایمزٹی وی(اسلام آباد) وزیراعظم نواز شریف آج لندن سے ویڈیو لنک کے ذریعے وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کریں گے جس میں آئندہ مالی سال کے بجٹ کی منظوری دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کی منگل کو اوپن ہارٹ سرجری ہونا ہے تاہم اس سے قبل وزیراعظم آج ویڈیو لنک کے ذریعے وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کریں گے جس میں آئندہ مالی سال کے بجٹ پر غور کیا جائے گا جب کہ بجٹ پر بات چیت کے بعد اس کی منظوری بھی اجلاس کے دوران ہی دی جائے گی۔ دوسری جانب سرکاری ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کابینہ یا قومی اقتصادی کونسل کے اجلاسوں کی صدارت کے لئے وفاقی کابینہ کے کسی بھی رکن کو نامزد کرسکتے ہیں اور نامزد کردہ رکن آئین کی شق 48 کے تحت صدر امور کی انجام دہی کے لئے وزیراعظم یا کابینہ کی سفارشات کے مطابق عمل کریں گے۔

     
     
 
 
 

ایمزٹی وی(کوئٹہ) پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال تین روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچ گئے۔تفصیلات کے مطابق پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال اپنے قریبی ساتھی انیس قائم خانی کے ہمراہ کوئٹہ پہنچے تو ائیرپورٹ پر کارکنوں کی بڑی تعداد سبز ہلالی پرچم اٹھائے اپنے قائد کے استقبال کے لیے موجود تھے۔ ایئرپورٹ روڈ سے گاڑیوں کا قافلہ روانہ ہوا اور عدالت روڈ پہنچا جہاں پارٹی کے صوبائی دفتر بلوچستان ہاوس کا افتتاح کیا۔ کوئٹہ پریس کلب میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کی تبلیغ کے لئے نکلا ہوں‘ اپنے سفر کا آغاز بلوچستان سے کیا۔ بلوچستان کے لاپتہ افراد کے حوالے سے ان کا کہناتھا کہ عدالت کے ذریعے انصاف دیا جائے۔ مخالفین کو گلے لگانے کی بات پر کسی نے الطاف بھائی کو بھی گلے لگانے کا پوچھا تو مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ مخالفین میں الطاف بھائی شامل نہیں کیونکہ وہ ”را“ کے ایجنٹ ہیں۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ اختیارات نچلی سطح پر منتقل کئے جائیں تو مسائل حل ہو جائیں گے۔ سانحہ بلدیہ پر مکمل تحقیقات ضروری ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہیں بہت کچھ معلوم ہے۔ مصطفیٰ کمال نے وقت آنے پر بتانے کا وعدہ بھی کیا

  • ایمزٹی وی(سیہون) سیہون شریف میں حضرت لعل شہباز قلندر رحمتہ اللہ علیہ کا 764 واں عرس ختم ہو گیا۔ عرس میں ملک بھر سے عقیدت مندوں نے شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق حضرت لعل شہباز قلندر رحمتہ اللہ علیہ کا 764 واں عرس تین روز جاری رہنے کے بعد ختم ہو گیا۔ عرس میں ملک بھر سے عقیدت مندوں نے شرکت کی اور مزار پر چادریں چڑھائیں۔ اس موقع پر عقیدت مندوں نے دھمال ڈالی اور اپنے روایتی طریقے سے میلے میں حصہ ڈالا۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہر بھر میں ٹھنڈے پانی کی سبیلیں لگائی گئیں لیکن شدید گرمی کی وجہ سے ہلاکتیں بھی ہوئیں۔ تین روزہ میلے کے دوران قانون شکنی کے واقعات بھی دیکھنے میں آئے۔ پولیس نے کئی جیب کتروں کو گرفتار کیا جبکہ دفعہ 144 نافذ ہونے کے باوجود اڑل واہ میں نہانے والے 120 افراد کو حراست میں لے لیا۔

 

ایمزٹی وی(لاہور)وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے 18 ویں یوم تکبیرکے موقع پراپنے پیغام میں قوم کومبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ 28 مئی پاکستان کی سیاسی اوردفاعی تاریخ کا اہم ترین دن ہے، پاکستان کے اس تاریخی کارنامے سے پوری قوم کا سرفخر سے بلند ہوا جب کہ یوم تکبیرقومی امنگوں کا ترجمان اور ملی یکجہتی کا تاریخ سازدن ہے، آج کوئی بھی پاکستان کی طرف میلی آنکھ اٹھا کرنہیں دیکھ سکتا۔ وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ 28 مئی 1998 کو وزیراعظم نواز شریف نے تمام تر دباؤ کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ایٹمی دھماکے کئے، سیاسی و عسکری قیادت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک صفحہ پرہے جب کہ افواج پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمت و جرأت کی نئی تاریخ رقم کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان نے ملک کی جغرافیائی سرحدوں کے دفاع کے لئے قربانیاں دی ہیں جنہیں قوم پراموش نہیں کرسکتی ہے۔

ایمزٹی وی(اسلام آباد) وزیراعظم نوازشریف نے یوم تکبیرکے موقع پرپوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دن پاکستان کی تاریخ میں یومِ آزادی کی طرح ایک اہم سنگِ میل کے طورپرہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ وہ دن ہے جب پاکستان دنیا کے نقشے پرپہلی مسلم ایٹمی قوت کے طورپرنمودارہوا، یہ ہماری قومی ذمہ داری ہے کہ ہم ملک کوبیرونی خطرات سے بچانے کے لئے اپنی تیاری پوری رکھیں تاکہ کوئی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرأت نہ کرسکے۔ پاکستان کاایٹمی پروگرام دفاع وطن کو ناقابل تسخیربنانے کے لئے وجود میں آیا اور یہ جنوبی ایشیا میں امن کی ضمانت ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس پروگرام سے طاقت کا توازن پیدا ہوا جو خطے کو محفوظ بنانے کے لئے ضروری تھا، پاکستان امن پریقین رکھتا ہے، پاکستان کا ایٹمی پروگرام جہاں مضبوط ملکی دفاع کی علامت ہے وہاں اس قوم کی غیر معمولی جرأت، استقامت اوربہادری کابھی اعلان ہے۔

    • ایمزٹی وی(اسلام آباد)لندن میں علاج کی غرض سے موجود وزیراعظم نواز شریف کے حوالے سے ترجمان مصدق ملک کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف اوپن ہارٹ سرجری کے باعث لندن میں کچھ عرصہ قیام کریں گے جس کے دوران وزیرخزانہ اسحاق ڈار امور مملکت سنبھالیں گے۔ قانونی ماہرین کے مطابق وزیراعظم اگر کسی وجہ سے ملک میں موجود نہ ہوں تو امور مملکت سنبھالنے کا اختیار کابینہ کے پاس ہوتا ہے جب کہ وزیراعظم کسی رکن کو کابینہ کی صدارت کا اختیاردے سکتے ہیں تاہم اس کے پاس وہ اختیار نہیں ہوتا جو وزیراعظم کے پاس اختیارات ہوتے ہیں، اگر کسی مرض کے باعث وزیراعظم کو طویل عرصہ بیرون ملک قیام کرنا پڑے تو پارلیمنٹ کو اختیار حاصل ہے کہ وہ نئے وزیراعظم کا چناؤ کرے۔ دوسری جانب ماہر قانون علی ظفر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی طویل عرصہ غیرموجودگی کی صورت میں کوئی اور شخص امور مملکت چلائے اس بات کی اجازت آئین و قانون نہیں دیتا جب کہ آئین کی روح سے وزیراعظم کی غیرموجودگی میں پارلیمنٹ کا ہی اختیار ہے کہ وہ وزیراعظم کی غیر موجودگی میں کسی کو وزیراعظم چننے۔ قانونی ماہر کے مطابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کو امور مملکت کی ذمہ داری دینا سیاسی فیصلہ تو ہوسکتا ہے تاہم قانون اس کی اجازت نہیں دیتا۔

ایمزٹی وی(کراچی) بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں 28 مئی 1998 کو پاکستان نے ایٹمی دھماکے کئے جس کی یاد میں آج یوم تکبیر منایا جا رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق 18 سال قبل ایٹمی دھماکوں کے بعد پاکستان نے مسلم دنیا کی پہلی اور دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل کیا جس کے ساتھ ہی ملکی دفاع نا قابل تسخیر ہوگیا، اس دن کی یاد میں ہرسال ملک بھرمیں یوم تکبیر انتہائی جو ش و خروش سے منایا جاتا ہے ۔ واضح رہے کہ پڑوسی ملک بھارت 1974 میں ہی ایٹمی تجربہ کر کے خطے میں ایٹمی اسلحہ کی دوڑ شروع کرچکا تھا جس نے مئی 1998 میں ایک مرتبہ پھر ایٹمی دھماکے کئے تاکہ پاکستان پر دباؤ ڈالا جاسکے جس کے جواب میں پاکستان نے بھی 28 مئی 1998 کو صوبہ بلوچستان کے ضلع چاغی کے مقام پر 5 کامیاب ایٹمی دھماکے کر کے بھارت کو بھرپور جواب دیا۔

ایمزٹی وی(کراچی) کراچی پریس کلب میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے پاک سرزمین پارٹی کے رہنما سید مصطفیٰ کمال کاکہنا ہتھا کہ کراچی کی بربادی گزشتہ سات سال میں ہوئی ہے۔ انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومت کو خبردار کیا کہ اپنے قبلے درست کرلیں اب کراچی لاوارث نہیں ۔ سید مصطفیٰ کمال کا مزید کہنا تھا کہ تین سو ارب روپے خرچ کرکے کراچی کو دوبارہ روشنیوں کا شہر بنایا مگر اب ہر سو بربادی ہے اور جب یہ تباہی ہورہی تھی ایم کیو ایم اور سندھ حکومت کی پارٹنر تھی ۔ انہوں ںے کہا کہ شہر کے دعوے داروں نے کے فور ، لیاری ایکسپریس وے کے لیے تو آواز نہیں اٹھائی مگر اپنے قائد کے شناختی کارڈ کے لیے مظاہرے کیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ کراچی کے وارث آگئے ہیں ۔ سابق ناظم کراچی نے کہا کہ دشمن بائیس سال سے جنگ لڑے بغیر شہر پر قابض ہے وہ ملک کی بقاء کی جنگ لڑرہے ہیں ۔ عوام کو ان ساتھ دینا ہوگا