Sunday, 03 November 2024

کراچی: جامعہ کراچی نےایل ایل بی سال اول ودوئم کے(اسپیشل ایگزام) 2022 ء کے لئے امتحانی فارم جمع کرانے کی تاریخ کا اعلان کردیا۔

ناظم امتحانات جامعہ کراچی ڈاکٹر سید ظفر حسین کے مطابق مجازاتھارٹی کی منظوری سے ایل ایل بی سال اول اور ایل ایل بی سال دوئم اولڈکورس کے(اسپیشل ایگزام) 2022 ء کے لئے امتحانی فارم جمع کرانے کی تاریخ کا اعلان کردیا گیا ہے۔

خواہشمند طلبہ 28 اکتوبر 2022 ء تک اپنے امتحانی فارم 50000 روپے فیس کے ساتھ جمع کراسکتے ہیں۔

ایسے طلباوطالبات جو 1992 ء یا اس سے قبل کی انرولمنٹ کے حامل ہیں اور تاحال کسی وجہ سے اپنا ڈگری پروگرام مکمل نہیں کرسکے ہیں وہ بھی امتحانی فارم جمع کرانے کے اہل ہیں۔

لاہور: پاک بھارت میچ میں بارش پر ٹکٹ ریفنڈ کی مدمیں 7 ملین ڈالر کا نقصان ہوگا۔

آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ کے سپر 12 مرحلے کا سب سے بڑا مقابلہ 23 اکتوبر کو میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں پاکستان اور بھارت کے مابین ہوگا لیکن اس کے بارش سے متاثر ہونے کے قوی امکانات ہیں۔

میچ کے تمام ٹکٹ آدھے گھنٹے میں فروخت ہو گئے تھے، بعد ازاں اسٹینڈنگ ٹکٹیں بھی 5 منٹ میں فروخت ہوگئی تھیں، لگ بھگ ایک لاکھ ٹکٹ فروخت ہوئے ہیں، اگر میچ نہ ہوا تو آئی سی سی کو 7 ملین ڈالرز تماشائیوں کو واپس کرنا پڑیں گے۔

یاد رہے کہ میچ میں بارش ہونے پر شائقین کو مکمل ری فنڈ اس صورت میں دیا جائے گا کہ 10 اوورز سے کم کا کھیل ہو۔

سڈنی: قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم بھارت کے ویرات کوہلی کا ایک ریکارڈ حاصل کرنے کے قریب پہنچ گئے۔

ٹی20 ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی قیادت کے فرائض سر انجام دینے والے کپتان بابراعظم اگر اگلی 8 اننگز میں 269 رنز اسکور کر لیتے ہیں تو وہ ویرات کوہلی سے ٹی20 فارمیٹ میں تیز ترین 3500 رنز بنانے کا اعزاز چھین لیں گے۔

سابق بھارتی کپتان نے 96 ٹی20 اننگز میں 3500 رنز بنانے کا اعزاز اپنے نام کیا تھا جبکہ بابر اعظم اب تک 92 میچز کی 87 اننگز میں 3231 رنز بنا چکے ہیں۔

قومی ٹیم کے کپتان اگر 8 اننگز میں 269 رنز اسکور کرتے ہیں تو وہ تیز ترین 3500 رنز اسکور کرنے والے بیٹر بن جائیں گے۔

پاکستان ٹی20 ورلڈکپ میں اپنی مہم کا آغاز بھارت کے خلاف میچ سے کرے گا جبکہ قومی ٹیم کے گروپ میں شامل دیگر ٹیموں میں بنگلہ دیش، نیدرلینڈز اور جنوبی افریقہ شامل ہیں

میلبرن: دورہ پاکستان روانگی کا معاملہ بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما نےایشیاکپ 2023 کیلئے بھارتی کرکٹ بورڈپر ڈال دیا۔

ٹی20 ورلڈکپ میں پاک بھارت میچ سے قبل پریکٹس سیشن کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی کپتان روہت شرما کا کہنا تھا کہ ہمارا فوکس ٹی20 ورلڈکپ پر ہے، ایشیاکپ کے حوالے سے پاکستان جانے کا فیصلہ بورڈ کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ فی الوقت ورلڈکپ پر توجہ مرکوز رکھنی چاہیے، بطور کرکٹر ہر چیز کے لیے تیار ہیں۔ میری خواہش ہے کہ پاکستان کے خلاف مکمل اووز کا کھیل ہو۔

پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 23 اکتوبر کو میلبرن کے تاریخی کرکٹ گراؤنڈ میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی۔

قبل ازیں ٹی20 ورلڈکپ میں پاک بھارت میچ سے قبل ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر اور بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سیکریٹری کے پاکستان ٹیم نہ بھیجنے کے بیان پر ایک نیا تنازعہ کھڑا ہوگیا ہے۔

سڈنی : آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2022میں اتوار کے روز ہونے والے سب سے بڑےمعرکےکے دوران بارش کے امکانات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔

جمعہ کو محکمہ موسمیات نے 96 فیصد بارش کی پیشگوئی کی ہے، اس کے علاوہ ہفتے کے روز بھی موسم اسی طرح رہنے کا امکان ہے جبکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ اتوار کو سٹریلوی شہر میلبرن کے کرکٹ گراؤنڈ میں شیڈولڈ ہے، اس میچ سے قبل ٹریننگ سیشن بھی شدید متاثر ہونے کا امکان ہے۔

اتوار کو میلبرن میں شدید بارش کی پیشگوئی ہے، چند روز قبل میلبرن میں اتوار کے روز 60 فیصد بارش کا امکان تھا لیکن اب پاک بھارت میچ کے بارش کی نظر ہونے کے قوی امکانات ظاہر کیے گئے ہیں۔

یہ خیال بھی ظاہر کیا جارہا ہے کہ پاک بھارت میچ موسم کے بہتر ہونے کے انتظار میں گزر سکتا ہے۔

یہاں یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں گروپ میچز کے لیے کوئی ریزرو ڈے نہیں رکھا گیا

وفاقی حکومت نے وفاقی جامعات کے ایکٹ میں ترمیم کا فیصلہ کرلیا ہے

جس کے بعد صدر مملکت کے بطور چانسلر تمام اختیارات وزیر اعظم کو منتقل ہوجائیں گے۔

گزشتہ روز قومی نصاب کونسل کی تقریب میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر نے بتایا کہ جامعہ اردو سمیت تمام وفاقی جامعات کے قانون میں ترمیم کی جائے گی کیونکہ ان جامعات کے ایکٹ پیچیدہ ہیں جس سے مسائل پیدا ہورہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ جامعات کے ایکٹ کے باعث وفاقی اردو یونیورسٹی میں مستقل وائس چانسلر لگانا مسئلہ بنا ہوا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ IBCC کا ایکٹ تیار ہوچکا ہے اور اسے جلد اسمبلی میں پیش کردیا جائے گا۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ سکریٹری آئی بی سی سی غلام علی ملاح کی اچھی کارکردگی کے پیش نظر ان کی مدت ملازمت میں توسیع کی جارہی ہے۔

نئی دہلی: چیئرمین پی سی بی کے سخت ردعمل پربھارتی وزیر کھیل انوراگ ٹھاکربلبلااٹھے۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی جانب سے ایشیاکپ 2023 میں پاکستان کا دورہ کرنے سے انکار پر چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کے سخت ردعمل پر بھارتی وزیر کھیل انوراگ ٹھاکر کا کہنا ہے کہ کیونکہ ہماری ٹیم کو وہاں سیکیورٹی خدشات ہیں اسی وجہ سےپاکستان میں بھارتی ٹیم کے جانے کے حوالے سے فیصلہ وزارت داخلہ کرے گا

انہوں نے کہاکہ ون ڈے ورلڈکپ اگلے سال بھارت میں ہی ہوگا جس میں دنیا کی تمام بڑی ٹیمیں شرکت کریں گی۔کرکٹ کے کھیل میں بھارت کی شراکت داری بہت زیادہ ہے جسے کوئی نظر انداز نہیں کرسکتا۔

پاکستان نے موقف اپنایا ہے کہ آسٹریلیا، انگلینڈ کی ٹیمیں پاکستان کا دورہ کرچکی ہیں جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم رواں سال کے اختتام پر دورہ کرے گی، بھارت بلاوجہ سیکیورٹی کا بہانہ بنارہا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجہ نے سیکریٹری بی سی سی آئی اور ایشین کرکٹ کونسل کے سربراہ جے شاہ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ ایشیا کپ یو اے ای منتقل نہیں کیا جائے گا، بھارت سب کچھ نہیں ہم بھی بہت کچھ ہیں۔

سوات: کہ سوات میں اسکول وین پر فائرنگ کا واقعےکےمعاملے پرتحقیقات سامنے آگئی۔

سوات: خیبر پختونخوا کے آئی جی معظم جاہ انصاری کا کہنا ہے کہ سوات میں اسکول وین پر فائرنگ کا واقعہ دہشتگردی نہیں ذاتی دشمنی تھا۔

سوات میں میڈیا بریفنگ میں آئی جی کے پی نے کہا کہ دیر کے واقعے میں دہشت گردی نہیں تھی بلکہ واقعہ دو فریقین کے درمیان تھا، اتفاق سے اس دن لوئر دیر میں بھی بچوں پر فائرنگ کا واقعہ ہوا۔

آئی جی کے پی نے کہا کہ مقتول حسین احمد کو غیرت کے نام پر سالے نے قتل کیا جبکہ واقعے میں حسین احمد کو مارنے کے وجہ سے دو بچے زخمی بھی ہوئے۔

واقعے کے بعد عوام نے احتجاج بھی کیا اور واقعے سے سوات کے حالات خراب کرنے کی سازش کی گئی لیکن سوات میں امن کی فضاء قائم ہے۔

انہوں نے کہا کہ حملے میں ایک شخص کو گرفتار کیا گیا جبکہ دو افراد فرار ہیں، منصوبے میں ملوث ایک ملزم دبئی فرار ہوگیا ہے جس کو انٹر پول کے ذریعے لانے کے لیے رابطے میں ہیں۔ واقعے میں ملوث آلہ قتل اور موٹر سائیکل برآمد کرلیا گیا۔

آئی جی کے پی معظم جاہ انصاری نے واضح کیا کہ سوات کے حالات کسی کو بھی خراب کرنے نہیں دیں گے۔

واضح رہے کہ 10 اکتوبر کو سوات کے علاقے گلی باغ میں اسکول وین پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے ڈرائیور جاں بحق اور دو بچے شدید زخمی ہوگئے تھے۔

کراچی: جامعہ کراچی ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیولرمیڈیسن اور ڈرگ ریسرچ کےتحت ”چھوٹی تجربہ گاہوں کےجانوروں سے پیش آنے کی تیکنیک“ کے موضوع پر ایک قومی ورکشاپ 21تا22 اکتوبر ڈاکٹر پنجوانی سینٹرجامعہ کراچی میں ہوگی۔

بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم(آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق ملک بھر کے37تعلیمی و تحقیقی اداروں سے تعلق رکھنے والے تقریباً100سے زیادہ محققین اس ورکشاپ میں شرکت کریں گے، شرکت آن لائن اورجسمانی حاضری دونوں صورتوں میں ممکن ہوگی۔

اس قومی ورکشاپ کا انعقاد ڈاکٹر پنجوانی سینٹر اور سندھ انوویشن، ریسرچ اینڈ ایجوکیشن نیٹ ورک (سائرن) کے باہمی تعاون سے ہوگا۔

آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے سربراہ اور کامسٹیک کے کوارڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری قومی ورکشاپ کا افتتاح کریں گے۔ اس ورکشاپ کے انعقاد کا مقصدچھوٹی تجربہ گاہوں کے جانوروں سے پیش آنے کی تیکنیک کے عنوان سے محققین اور طالب علموں کو عملی تربیت فراہم کرنا ہے۔

برسبین: فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کے یاکرسےزخمی ہونے والے افغان اوپنررحمان اللہ گربازکےحوالےسےافغانستان کرکٹ بورڈ نے بیان جاری کردیا۔

افغان کرکٹ بورڈ کے مطابق اوپنر رحمان اللہ گُرباز کے تمام ٹیسٹ کلیئر ہیں اور انہیں ڈاکٹرز نے صحت مند قرار دیا ہے جبکہ ان کے پاؤں کی کوئی ہڈی فریکچر نہیں ہوئی ہے اور توقع ہے کہ انگلیینڈ کے خلاف ورلڈکپ اوپننگ میچ میں کرکٹر دستیاب ہوں گے۔

قبل ازیں گزشتہ روز کھیلے گئے وارم اپ میچ میں قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے رحمان اللہ گرباز کو یارکر کروایا تھا جو بیٹر کے پاؤں میں لگا تھا جس کے باعث انہیں فوری طبی امداد فراہم کرتے ہوئے اسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔

افغان کرکٹر کے علاج کے لیے فزیو فوری طور پر گراؤنڈ میں آئے تھے تاہم گرباز کو چلنے میں مشکل درپیش تھی جس کے باعث انہیں متبادل فیلڈر نے میدان سے باہر لے جایا گیا۔

بارش سے متاثرہ میچ کے اختتام پر شاہین آفریدی افغان بیٹر کی خیریت دریافت کرنے ڈریسنگ روم بھی گئے تھے۔

واضح رہے کہ وارم اپ میچ میں افغانستان پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنائے تھے جبکہ شاہین آفریدی اور حارث رؤف نے 2،2 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کے اوپنرز نے 2.2 اوورز میں 19 رنز بنائے تھے تاہم مسلسل بارش کی وجہ سے کھیل روک دیا گیا تھا۔

Page 96 of 3014