کراچی:شہر قائد میں گرم و خشک ہواؤں کے سبب جمعے اور ہفتے کو کراچی کی فضاؤں پر دھند چھا سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر پیش گوئی کے مطابق جمعے اور ہفتے کو شہر پر بلوچستان کی گرم و خشک ہوائیں دوبارہ اثرانداز ہوسکتی ہیں، صحرائی ہوائیں چلنے کے سبب صبح کے وقت شہر کی فضاوں پر دھند چھانے کا امکان ہے۔
دھند چھانے کی وجہ سے مختصر وقت کے لیے حدنگاہ متاثر ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج شہر کا مطلع گرم و مرطوب رہنے کی توقع ہے، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری کے درمیان ریکارڈ ہو سکتا ہے۔
صوبے کے دیگر اضلاع میں موسم گرم و خشک رہنے کا امکان ہے۔
نجکاری کمیشن نے پی آئی اے کی بولی کیلئے تیاریاں مکمل کرلیں، بولی کا عمل 1بج کر 30 منٹ پر شروع ہوگا جب کہ بولی کھولنے کاعمل 6 بجکر 30 منٹ پر کیا جائے گا۔
ذرائع کےمطابق کمیشن نے پی آئی اے کی نجکاری کی تاریخ میں توسیع کر کے 31 اکتوبر کردی تھی۔ آئی ایم ایف نے حکومت کو پی آئی اے کی نجکاری کے لیے ستمبر کے آخر تک کا وقت دیا تھا
پی آئی اے کے کل 152ارب روپے کے اثاثہ جات ہیں جن میں جہاز، سلاٹ، روٹس اور دیگر شامل ہیں، پی آئی اے کی مجموعی رائلٹی 202 ارب روپے ہے جس میں سی اے اے اور پی ایس او شامل ہیں، پی آئی اے نے 16 سے 17 ارب روپے وصول کرنے ہیں،
پی آئی اے کے ملازمین کی تعداد 7ہزار 100 ہے جب کہ 2400 سے زائد تعداد یومیہ اجرت پر کام کرنے والوں کی ہے۔
پی آئی اے کے چھ ڈائریکٹر، 37 جنرل منیجر میں سے اکثریت دو عہدوں پر کام کر رہی ہے، پی آئی اے کے مجموعی جی ایم کی تعداد 45 ہے، 37جنرل میجر اپنے فرائض انجام دےرہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پی آئی اے نجکاری کی حتمی منظوری نجکاری کمیشن بورڈ اجلاس سے لی جائے گی، کابینہ نجکاری کمیٹی سے بھی کل قومی ایئرلائن کی نجکاری کی منظوری لی جائے گی، وفاقی کابینہ سے پی آئی اے کی ریزوپرائس کی منظوری سرکولیشن سےحاصل کی جائےگی۔
واضح رہے کہ ادارے کی نجکاری کے لیے بلو ورلڈ سٹی کنسورشیم کے سوا کسی اور گروپ نے تاحال کاغذات جمع نہیں کرائے۔
پاکستان نے لاہور میں ہونے والے انٹرنیشنل مکسڈ مارشل آرٹس مقابلے اپنے نام کرلیے
اسپورٹس بورڈ پنجاب کے ہال میں آئی ٹی ایف تھری مقابلوں کا انعقاد کیا گیا۔
ینٹم ویٹ ٹائٹل مقابلے میں پاکستان کے رفیق آفریدی نے بھارت کے پردیپ کو شکست سے دو چار کیا جبکہ فیدر ویٹ ٹائٹل مقابلے میں پاکستان کے رضا نے بھارت کے روی کو مات دیکر چیمپیئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔
پاکستانی فائٹرز بلال حسین، حاذق چانڈیو، زاہد خان، اعجاز احمد اور مجاہد بیگ نے بھی بھارتی فائٹرز کے خلاف کامیابی حاصل کی۔ افغانستان کے خلاف ہونے والی تین فائٹس میں پاکستان کے صرف مصعف آصف نے کامیابی اپنے نام کی
تل ابیب: لبنان میں بھاری جانی و مالی نقصان اٹھانے کے بعد اسرائیل جنگ بندی پر تیار ہوگیا اور معاہدے کا مسودہ بھی تیار کرلیا گیا ہے۔
ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو اور سیکیورٹی حکام اس بات پر متفق ہوگئے ہیں کہ لبنان میں جنگ بندی کا وقت اب آچکا ہے۔
بنجمن نیتن یاہو کی زیر صدارت اعلیٰ اسرائیلی حکام کا اجلاس ہوا جس میں اس بات پر اتفاق ہوا کہ لبنان میں لڑائی کے خاتمے کے لیے معاہدہ کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔
اطلاعات کے مطابق اسرائیلی سیکیورٹی حکام نے نیتن یاہو کو لبنان میں بڑھتے ہوئے جانی و مالی نقصانات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ حزب اللہ کی قیادت کو ختم کرنے کے بعد اب لبنان میں ٹھہرنے میں مزید نقصان ہی ہوگا۔ نیتن یاہو نے سیکیورٹی حکام کے اس مؤقف کو قبول کرلیا۔
پی ایس ایل کے ڈائریکٹر صہیب شیخ اور خواتین کرکٹ کی سربراہ تانیہ ملک نے اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق دونوں نے اپنے کیریئر میں نئے مواقع کی وجہ سے استعفیٰ دیا ہے۔ صہیب شیخ 2016 سے 2019 تک پی سی بی میں خدمات انجام دے چکے ہیں جبکہ ایک سال قبل انہوں نے دوبارہ پی سی بی جوائن کیا تھا، تانیہ ملک اکتوبر 2021 میں پاکستان کرکٹ بورڈ سے وابستہ ہوئی تھیں۔
پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ صہیب شیخ اور تانیہ ملک پی سی بی مینجمنٹ ٹیم کے کلیدی ممبر تھے جنہوں نے ادارے کیلئے بامعنی خدمات انجام دیں۔
سلمان نصیر نے کہا کہ صہیب شیخ اس کور ٹیم کا حصہ تھے جس نے 2016 میں ایچ بی ایل پی ایس ایل کا آغاز کیا اور کامیابی کے ساتھ چار سیزن کی ڈیلیوری کی۔
انہوں نے کہا کہ تانیہ ملک نے پاکستان میں خواتین کی کرکٹ کو فروغ دینے کے لیے لگن کے ساتھ کام کیا، انکی کوششوں کو آئی سی سی نے بھی تسلیم کیا، پی سی بی صہیب شیخ اور تانیہ ملک کی محنت، لگن اور شراکت کو سراہتا ہے اور دونوں کی کامیابی کیلئے نیک خواہشات رکھتا ہے۔
ایف آئی اے کراچی نے ایم ڈی کیٹ کے زیادہ نمبرلینے والے طلبہ کو طلب کرلیا ہے۔
ایم ڈی کیٹ میں190اوراس سے زائد نمبر لینے والے طلبہ کونوٹسزجاری کئے گئے ہیں،ایف آئی اے کی جانب سے 150 کے قریب امیدواروں کونوٹسز جاری کر دئیے گئے۔
ایف آئی اے کراچی نے مختلف تاریخوں میں طلبہ کوپیش ہونے کے نوٹسز جاری کیے،نوٹس میں کہا گیا ہے طلبہ سے بیان لینےکےساتھ فرضی امتحان بھی لیا جا سکتاہے۔
ایف آئی اے سائبر کرائم کراچی کا کہنا ہے نوٹس کا جواب نہ دینےپرقانونی ایکشن لیا جائے گا۔
پِنک ربن کیمپین کے تحت سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے شعبہ بائیو میڈیکل انجینئرنگ کے زیرِ اہتمام دارلصحت کے تعاون سے چھاتی کے کینسر سے آگاہی کے ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیاجس میں دارلصحت کی ماہرین طِب ڈاکٹر یابندہ سحرش اور ڈاکٹر یسریٰ افضل نے فکر انگیز معلومات فراہم کیں۔
آگاہی سیمینار کی مہمانِ خصوصی داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کی وائس چانسلر محترمہ سمرین حسین تھیں۔پروگرام کے شرکاء میں پروفیسر ڈاکٹر محمد آصف، ثانیہ تنویر، کنزا علی، ربیعہ اسد، دانیال حسین، امل فاطمہ سمیت خواتین کی کثیر تعداد شامل تھے۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ثمرین حسین نے کہ ہم یہ تو جانتے ہیں کہ کیا غلط ہے اور کیا صحیح ہے، مگر یہ نہیں جانتے کہ اس فرق کو کیسے ختم کیاجاسکتاہے۔آپ کو معاشرے میں حقیقی تبدیلی اس وقت نظر آئے گی جب لوگ اپنی ذمہ داریوں کو سمجھیں اور اسے پورا کریں۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے سرسید یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر منورحسین نے کہا کہ چھاتی کا کینسر ایسا مرض ہے جس کی جلد تشخیص کی جاسکتی ہے کیونکہ اس کی علامات بیرونی جسم پر ظاہر ہوتی ہیں۔بریسٹ کینسر کی جلد تشخیص سے مریض کی جان بچنے کے امکانات90 فیصدتک بڑھ جاتے ہیں۔پاکستان میں اس مرض کے پھیلاؤ کی بنیادی وجہ آگاہی کا فقدان ہے جو چھاتی کے کینسر کا پتہ لگانے میں تاخیرکا سبب بنتا ہے اور بیشتر خواتین مرض کے آخری مرحلے پر ڈاکٹروں سے رجوع کرتی ہیں۔
اس موقع پرجنرل سرجن ڈاکٹر یابندہ سحرش نے کہا کہ یہ بیماری کسی بھی عمر اور کسی بھی جنس میں ہوسکتی ہے۔خواتین کے ساتھ ساتھ مرد بھی اس بیماری کا حصہ بن رہے ہیں۔پاکستان میں اس کا بہترین علاج موجود ہے
پلاسٹک سرجن ڈاکٹر یسریٰ افضل نے کہا کہ خواتین کو شرم اور سماجی خوف سے خاموش نہیں رہنا چاہئے بلکہ اپنے مرض کے علاج کے لیے ڈاکٹر سے فوراََ رجوع کرنا چاہئے کیونکہ ابتدائی مرحلے پر اس کا علاج ممکن ہے۔چھاتی کے کینسر سے ڈرنا نہیں، لڑنا چاہئے۔ایک عورت ایک خاندان کی پرورش کرتی ہے۔اور ایک صحتمند عورت ہی صحتمند معاشرے کی بنیاد رکھ سکتی ہے۔
قبل ازیں پنک ربن کی فوکل پرسن اورشعبہ بائیومیڈیکل انجینئرنگ کی چیئر پرسن پروفیسر ڈاکٹر سدرہ عابد سید نے خیرمقدمی کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا عزم ہے کہ چھاتی کے کینسر کی روک تھام اور علاج کے لیے وسیع پیمانے پر آگاہی کی تحریکوں کو فروغ دیں اور ایسے مریضوں کی علاج تک رسائی میں سہولتیں فراہم کریں تاکہ مرض کا پیشگی، بروقت پتہ لگایا جا سکے اور اسے مطلوبہ طبی امداد مل سکے۔الیکٹریکل و کمپیوٹر انجینئرنگ کے ڈین، پروفیسر ڈاکٹر محمد عامر سیمینار کے اختتام پر مہمانوں کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
دنیا میں 5 جی نیٹ ورک کو متعارف کرانے میں مدد فراہم کرنے والے ملک چین نے اب 6 جی ٹیکنالوجی پر نظریں جمالی ہیں۔
چائنہ دنیا میں 6 جی ٹیکنالوجی متعارف کرانے والا پہلا ملک بننا چاہتا ہے۔
چائنا موبائل نے Zhongguancun پین انسٹیٹیوٹ آف انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی، چائنا انفارمیشن ٹیکنالوجی موبائل اور دیگر کے ساتھ مل کر 6 جی بیس بینڈ کانسیپٹ سسٹم متعارف کرایا ہے جو 7 گیگا ہرٹز فریکوئنسی بینڈ پر کام کرسکے گا۔
دنیا کے دیگر ممالک آنے والے برسوں میں 6 جی کے متعارف ہونے کے منتظر ہیں مگر چین کی نئی ڈیوائس سے عندیہ ملتا ہے کہ وہاں کتنی تیزی سے اس حوالے سے پیشرفت کی جا رہی ہے۔
یہ کانسیپٹ سسٹم عوامی سطح پر ٹیسٹنگ ڈیوائس کی حیثیت سے اہم ہے۔یہ نیا سسٹم کلاؤڈ پر مبنی heterogeneous ہارڈ وئیر پر مشتمل ہے اور یہ 100 جی پی بی ایس ڈیٹا ترسیل کو سپورٹ کرتا ہے۔یہ 8 ڈیٹا اسٹریمز اور 128 ڈیجیٹل چینلز کو سپورٹ کرتا ہے اور رئیل ٹائم میں 16.5 جی پی بی ایس اسپیڈ کو ان ایبل کرتا ہے۔
ان فیچرز کی بدولت یہ سسٹم 6 جی کی تیاری میں اہم کردار ادا کرے گا کیونکہ یہ نئی ٹیکنالوجیز اور سروسز کو درکار ضروریات کو پوری کرے گا۔
رپورٹ کے مطابق نیا 6 جی بیس بینڈ کانسیپٹ سسٹم اوپن اور interoperable ہے اور ایڈوانسڈ سروسز جیسے 3 ڈی ویڈیو کی ٹرانسمیشن کو سپورٹ کرتا ہے۔
واضح رہے کہ چین کی خواہش ہے کہ وہ اس ٹیکنالوجی کو دنیا میں سب سے پہلے 2030 تک اپنے ملک میں متعارف کرا دے۔6جی ٹیکنالوجی کے بارے میں ابھی کچھ زیادہ تفصیلات تو موجود نہیں مگر ماہرین کا کہنا ہے کہ اس کی مدد سے ہولوگرافک کمیونیکیشن کو سائنس فکشن سے نکال کر حقیقت بنانے میں مدد ملے گی۔
ان نئے اسٹینڈرڈز میں 6 جی کے متعدد پہلوؤں جیسے کانٹینٹ ٹرانسمیشن، ڈیٹا اپ ڈیٹس اور سسٹم پرفارمنس ایسسمنٹس وغیرہ پر توجہ مرکوز کی گئی تھی۔
اسی طرح جولائی 2024 میں چین کے ٹیلی کام انجینئرز نے 6 جی ٹیکنالوجی میں بڑی پیشرفت کرتے ہوئے دنیا کا پہلا فیلڈ ٹیسٹ نیٹ ورک نصب کیا تھا۔
آئندہ نسل کی وائرلیس کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے اس تجرباتی نیٹ ورک نے 4 جی انفرا اسٹرکچر پر 6 جی ٹرانسمیشن کو یقینی بنایا۔
اس کے ساتھ ساتھ فیلڈ نیٹ ورک کوریج، افادیت اور دیگر شعبوں میں 10 گنا بہتری کا مظاہرہ بھی کیا۔
اسے بیجنگ یونیورسٹی آف پوسٹس اینڈ ٹیلی کمیونیکیشنز نے تیار کیا۔اس فیلڈ نیٹ ورک سے سائنسدانوں کو 6 جی ٹیکنالوجی پر تحقیق اور مختلف پہلوؤں کو جانچنے کا موقع ملے گا۔
پاکستان میں تعلیم دینے والے اساتذہ کو اعلیٰ تربیت دینے کے لیے آکسفورڈ یونیورسٹی اور ملالہ فنڈ میں معاہدہ ہوگیا۔
معاہدے کے تحت غیر سرکاری تنظیم دوربین اساتذہ کو تربیت فراہم کرےگی۔
سی ای او دوربین شہزاد رائے نےمیڈیاسے گفتگو میں بتایا کہ جنوبی ایشیا میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا پروگرام ہے۔ مجوزہ پروگرام پاکستان ٹیچرز ٹریننگ انسٹی ٹیوشن میں بی ایڈ پروگرام کے تحت پڑھایا جائےگا۔
شہزاد رائے کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ روایتی نظام کو نئی جہت دےگا جس کا فائدہ آنے والی نسلوں کو بھی ہوگا۔ اس منصوبے کے تحت سرکاری اسکولوں کی تربیت کے لیے بھی ٹیچرز ایجوکیٹرز تیار کیے جائیں گے۔
آکسفورڈ یونیورسٹی کے ڈاکٹر ایان تھامسن کا کہنا تھا کہ اس منصوبے سے اساتذہ کو پڑھانے والے ایجوکیٹرز کو بہت فائدہ ہوگا۔
دبئی: آئی سی سی کی نئی پلیئرز رینکنگ میں قومی ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان سعود شکیل لمبی چھلانگ لگاتے ہوئے ٹاپ ٹین میں شامل ہو گئے۔
آئی سی سی کی نئی ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ کے مطابق سعود شکیل 20 درجے ترقی کے بعد 7 ویں نمبر پر آگئے جبکہ بابر اعظم بھی ایک درجہ ترقی پاکر 19 سے 18 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔
سعود شکیل نے حال ہی میں انگلینڈ کے خلاف کھیلی گئی تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کی 5 اننگز میں ایک سنچری اور ایک نصف سنچری کی مدد سے 280 رنز اسکور کیے اور سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
ٹیسٹ بیٹرز میں انگلینڈ کے جوروٹ کی پہلی پوزیشن برقرار ہے جبکہ نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن کا دوسرا نمبر ہے، بھارت کے نوجوان یشسوی جیسوال ایک درجے ترقی کے بعد تیسرے نمبر پر آگئے ہیں جبکہ ویرات کوہلی 6 درجے تنزلی کے بعد 14 ویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔
نیوزی لینڈ کے راچن رویندرا بھی ٹاپ ٹین میں شامل ہو گئے، راچن رویندرا 8 درجے ترقی کے بعد 10 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔