پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کیلئے میچ آفیشلز کا اعلان کردیا گیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کے کمار دھرما سینا اور بنگلادیش کے شرف الدولہ سیکت آن فیلڈ امپائرز ہوں گے، دونوں امپائرز آئی سی سی ایلیٹ پینل میں شامل ہیں۔
ویسٹ انڈیز کے سر رچی رچرڈسن سیریز میں میچ ریفری کی حیثیت سے پلیئنگ کنٹرول ٹیم کے سربراہ ہوں گے۔آئی سی سی ایلیٹ پینل آف امپائرز میں شامل نیوزی لینڈ کے کرسٹوفر گیفینی اور پاکستان کے آصف یعقوب فورتھ امپائر کے فرائض انجام دیں گے۔
دوسرے ٹیسٹ کیلئے کمار دھرما سینا اور کرسٹوفر گیفینی آن فیلڈ امپائرز کے فرائض انجام دیں گے جبکہ شرف الدولہ سیکت تھرڈ امپائر ہوں گے۔ پاکستان کے راشد ریاض (آئی سی سی انٹرنیشنل پینل آف امپائرز کا حصہ ہیں) چوتھے امپائر ہوں گے۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں تیسرے ٹیسٹ کیلئے کرسٹوفر گیفینی اور شرف الدولہ سیکت آن فیلڈ امپائرز کے فرائض سرانجام دیں گے جب کہ کمار دھرما سینا تھرڈ امپائر ہوں گے۔ فیصل آفریدی فورتھ امپائر کے فرائض نبھائیں گے۔واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے، جس کا پہلا میچ 7 سے 11 اکتوبر تک ملتان میں ہوگا۔
دوسرا ٹیسٹ 15 سے 19 اکتوبر تک ملتان کرکٹ اسٹیڈیم جبکہ آخری میچ راولپنڈی 24 سے 28 اکتوبر تک کھیلا جائے گا۔
جامعہ این ای ڈی کے شعبہ ٹیکسٹائل انجینئرنگ، اسٹوڈنٹ افیئرز اور ای ڈی یو کاسٹ گلوبل کے تحت ایڈلٹ کئیر (بزرگوں کی خدمت) کے لیے پروگرام تشکیل دیا گیا۔ جس کے تحت 140 طالب علموں اور آن لائن خواتین ڈاکٹرز کے بزرگوں سے رابطے کروائے گئے۔
استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے ای ڈی یو کاسٹ گلوبل کے نمائندگان عبداللہ ڈار اور عبدالرؤف تابانی کہنا تھا کہ کمیونٹی سروسز کا مقصد بزرگوں کی تنہائی اور بیماریوں کی شکایات کو دُور کرنا ہے جب کہ نوجوانوں کو بزرگوں سے قریب کرکے بوڑھوں کی انرجی کو بحال کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ گھر میں بیٹھے دو بڑے پیروں کو ہرگز نہ بھولیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ این ای ڈی کے اشتراک سے ہمارا یہ پروجیکٹ بزرگوں میں نئی روح پھونک رہا ہے
اس موقعے پر خطاب کرتے ہوئے شیخ الجامعہ ڈاکٹر سروش لودھی اور پرووائس چانسلر ڈاکٹر محمد طفیل کا کہنا تھا کہ ہمارے طالب علموں میں کمیونٹی سروسز کے تصّور کا فروغ ازحد ضروری ہے کیوں کہ یہ گلوبل ایشو ہے اسی لیے اسے عالمی سطح پر تسلیم کیا جانا چاہیئے۔
اس موقعے پر ریجنل ڈائریکٹر ایچ ای سی انجینئر نذیر حسین کا دونوں اداروں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہنا تھاکہ ہم چاہتے ہیں کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ذریعے دیگر تعلیمی اداروں میں بھی اس سروس کا آغاز کیا جائے۔
یاد رہے کہ ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ بزرگوں میں بڑھتے ہوئے نفسیاتی مسائل زیادہ دیکھنے میں آئے ہیں۔ اس موقعے پر ٹیکسٹائل انجینئرنگ کے 140 طالب علموں میں سرٹیفیکٹس تقسیم کیے گئے جب کہ دیگر شعبہ جات سے 220 طالب علموں کو شامل کرنے کا اعادہ ظاہر کیاگیا۔
اختتامی کلمات ادا کرتے ہوے پرووائس چانسلر ڈاکٹر محمد طفیل نے ٹیم ای ڈی یو کے تمام ممبران سمیت ڈاکٹر علی حسن، ڈاکٹر قرات العین اور طالب علموں کی بے لوث خدمات کو سلام پیش کیا۔
ایم ڈی کیٹ کا پیپر لیک ہونے کے معاملے پر طلبہ نے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔
دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ گزشتہ سال کی طرح اس بار بھی ایم ڈی کیٹ کا پیپر وقت سے پہلے لیک ہوگیا۔
ایم ڈی کیٹ کا پیپر لاکھوں روپے میں فروخت کیا گیا۔ سندھ کے ہونہار طلبہ کے ساتھ ایک مرتبہ پھر نا انصافی ہو رہی ہے ، پرچہ لیک ہونے سے میرٹ کا قتل کیا گیا ہے ۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت ایم ڈی کیٹ پرچہ لیک ہونے پر انکوائری کا حکم دے اور ملوث ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے ۔
استدعا کی گئی کہ جب تک انکوائری نہیں ہوتی تب تک ڈاؤ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو معطل کیا جائے جبکہ انکوائری مکمل ہونے تک نتائج کو بھی روکا جائے
لاہور: پنجاب میں کالجز اور یونیورسٹی کے طلبہ کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔
اس سلسلے میں تمام سی ٹی اوز اور ڈی ٹی اوز کو مراسلہ جاری کردیا گیا ہے ، جس کے مطابق یونیورسٹی و کالجز کے طلبہ سمیت انتظامیہ کو لائسنس جاری کیے جائیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ طلبہ کی بڑی تعداد بغیر لائسنس موٹرسائیکل اور گاڑیاں چلا رہی ہے ، جو کہ حادثات کا سبب بنتی ہے ۔ طلبہ اور فیکلٹی کو ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کے لیے پنجاب بھر میں خصوصی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔
منصوبے کے تحت سی ٹی اوز اور ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسرز تمام تعلیمی اداروں کے سربراہوں سے فوری ملاقات کریں گے۔ اس کے علاوہ صوبہ بھر کی جامعات کی طرف سے فوکل پرسن بنائے جائیں گے ۔
یونیورسٹیز اور کالجز انتظامیہ طلبہ کو ٹیسٹنگ مراکز پر پہنچائیں گے ، جہاں ڈرائیونگ لائسنس کے حوالے سے طلبہ کو تمام سہولیات بہم پہنچائی جائیں گی۔ہائر ایجوکیشن کمیشن پنجاب کی جانب سے تعلیمی اداروں کو مہم کے حوالے سے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
کراچی: محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں موسم کے حوالے سے پیشگوئی کی ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کاکہنا ہے کہ کراچی میں اکتوبر کا مہینہ گرم گزرے گا۔
انہوں نے کہا کہ شہر میں 9 یا 10اکتوبر سے گرمی میں مزید اضافے کا امکان ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ نے ملک بھر میں موسم کے حوالے سے بتایا کہ 6 یا 7 اکتوبر سے اسلام آباد، کے پی، فیصل آباد اور لاہور میں بارش ہو سکتی ہے جب کہ اسکردو اورکالام میں درجہ حرارت گر کر 6 سے7 ڈگری پر آگیا ہے۔
معروف پاکستانی اداکار فیروز خان نےانکشاف کیا ہے کہ وہ کالے جادو کے زیر اثر رہے ہیں۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکار نے مختلف انسٹا اسٹوریز شیئر کی ہیں جو سوشل میڈیا کی زینت بنی ہوئی ہیں۔
ویڈیوز میں اداکار نے بتایا کہ میں اللّٰہ کے کرم اور آپ ﷺ کی رحمت سے کالے جادو کے اثر سے باہر نکلا ہوں۔
فیروز خان نے کہا کہ اس سے قبل میں صرف اس بارے میں لوگوں سے سنا کرتا تھا کہ اگر کسی پر کالا جادو ہو جائے تو مختلف نشانیاں دکھائی دیتی ہیں لیکن کبھی خود ایسا کچھ محسوس نہیں کیا تھا تاہم حال ہی میں ان تمام نشانیوں کو خود محسوس کیا۔
اداکار نے بتایا کہ میں آوازیں سننے سے لے کر اپنے ارد گرد عجیب مخلوق کی موجودگی کو بھی محسوس کیا جس نے میری زندگی پر بُرے اثرات مرتب کیے، میں نے مختلف عالمِ دین سے رجوع کیا اور اس حوالے سے مزید جاننے کی کوشش کی۔
فیروز خان کا کہنا تھا کہ میں نے نمازوں، قرآنی رقیہ اور درود پاک کی مدد سے اس کا علاج کروایا ہے، شیطانی وسوسوں سے نکلنے کے عمل کے دوران میرا ایمان مزید مضبوط ہوا ہے
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت محکمہ اسکول ایجوکیشن کا اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں صوبائی وزراء، ناصر حسین شاہ، سردار احمد شاہ، چیئرمین پی اینڈ ڈی نجم شاہ، سیکریٹری رحیم شیخ، سیکریٹری خزانہ فیاض جتوئی، سیکریٹرع اسکول ایجوکیشن زاہد عباسی اور دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔
اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ کووزیر تعلیم سردار علی شاہ کو بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ سیلاب کے دوراں 19808 اسکول عمارتوں کو بہت نقصان پہنچا ہے،مختلف منصوبوں کے تحت 3328 اسکولوں کی تعمیر کا کام شروع ہے انہوں نے بتایا کہ 3328 اسکولوں میں 1559 اسکولوں کی تعمیرنو کی جارہی ہے۔
سندھ سیکنڈری ایجوکیشن امپرومینٹ پروجیکٹس (SSEIP) کے حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ کو آگاہ کیا گیا۔ایس ایس ای آئی پی فلڈ پروجیکٹ کے تحت 1026 اسکولوں کی مرمت کا ٹینڈر کیا گیا ہےایس ایس ای آئی پی ریگیولر پروجیٹ کے تحت 31 اسکولوں پر کام جاری ہےسلیکٹ (SELECT) پروجیکٹ کے تحت 166 اسکولوں کی مرمت یا تعمیرنو کا ٹینڈر جاری ہونے والے ہیں۔ڈیپ (DEEP) پروجیکٹ کے تحت 111 اسکولوں کی مرمت جاری ہےاے ایس پی آئی آر ای (ASPIRE) پروجیٹ میں 4 اسکولوں پر کام جاری ہےچائنیز پروجیکٹ کے تحت 100 اسکولوں کی تعمیر کا کام منظوری کے مرحلے میں ہےپی ایس ڈی پی پروجیکٹ کے تحت 456 اسکولوں کے ٹینڈرز کئے ہیںجائیکا (JAICA) پروجیکٹ کے تحت 5 اسکولوں کی تعمیر کے ٹینڈرز ہوچکے ہیں۔اے ڈی پی 25-2024ء کے تحت 687 اسکولوں کی مرمت کا کام جاری ہےبحالی اور مرمت کے بجٹ سے 742 اسکولوں پر کام جاری ہے
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا اجلاس میں کہنا تھا کہ338 اسکولوں کی تعمیر کے لئے 114 بلین خرچ کر رہے ہیں زیر تعمیر اسکولوں میں 824000 بچے تعلیم حاصل کر رہے ہیںاس سال 338 اسکولوں کی تعمیر مکمل ہونی چاہئے۔
واشنگٹن: امریکا کے صدر جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات ایران نے اسرائیل پر براہ راست حملہ کر کے بڑی غلطی کی ہے، ایران جواب کے لیے تیار رہے۔
اپنے بیان میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی ہر سطح پر مکمل حمایت جاری رہے گی، امریکا اسرائیلی دفاع کے لیے ہر قدم اٹھانے کو تیار ہے۔
جو بائیدن نے کہا کہ گزشتہ رات سے امریکی نیشنل سیکیورٹی ٹیم اسرائیلی دفاعی حکام کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے، اور اسرائیلی حکام کو دفاع کے لیے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔
واضح رہے کہ گزشتہ رات ایران کے حملے کے بعد وائٹ ہاؤس میں صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا گیا تھا جس میں صدارتی امیدوار نائب صدر کملا ہیرس نے بھی شرکت کی۔
لاہور: قومی ٹیم کرکٹر بابراعظم کے کپتانی سے مستعفیٰ ہونے کے بعد وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان قیادت کیلئے مضبوط امیدوار بن گئے۔
ذرائع کے مطابق بابراعظم کے ٹی20 اور ون ڈے فارمیٹ کی کپتانی سے مستعفیٰ ہونے کے بعد محمد رضوان ون ڈے اور ٹی20 کی قیادت کیلئے محمد حارث کو دینے کی تجویز سامنے آئی ہے۔
وائٹ بال ٹیم کے ہیڈکوچ گیری کرسٹن کی خواہش تھی کہ بابراعظم صرف ون ڈے فارمیٹ کیلئے کپتانی کرتے رہیں اور اس مقصد کیلئے انہوں نے ٹی20 ورلڈکپ کے بعد اپنی رپورٹ میں اسٹار کرکٹر کو مختصر فارمیٹ کی کپتانی سے ہٹانے کا ذکر کیا تھا۔
گیری کرسٹن ٹی20 کرکٹ میں نوجوان کرکٹرز کو آگے لانے کے خواہشمند ہیں اور ٹی20 فارمیٹ کیلئے ترجیح محمد حارث ہوسکتی ہے جبکہ بابر اعظم کے مستعفی ہونے کے بعد محمد رضوان کو ون ڈے فارمیٹ کی قیادت کیلئے مضبوط دعویدار ہیں۔
خیال رہے کہ محمد حارث کو ٹی20 فارمیٹ میں کپتانی کی تجویز سے متعلق حتمی فیصلہ سلیکٹرز اور بورڈ سربراہ کی اجازت کے بعد کیا جائے گا۔
تل ابیب: اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اُس نے ایران کی جانب سے فائر کیے گئے بیلسٹک میزائلوں میں سے بڑی تعداد کو فضا میں ہی ناکارہ بنادیا ہے۔
اسرائیلی ڈیفنس فورس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ایران نے 180 بیلسٹک میزائل داغے جن میں سے بیشتر کو فضا میں ہی روک دیا ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حملے سے قبل اسرائیل کا فضائی دفاع مؤثر اور سسٹم الرٹ تھا جبکہ امریکا نے بھی دفاع میں حصہ لیا اور میزائلوں کا سراغ لگاکر کچھ کو روک لیا ہے۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ایران کے میزائل حملوں میں وسطی اسرائیل اور جنوبی علاقے میں علیحدہ علیحدہ اثرات ہوسکتے ہیں تاہم ابھی تک حملوں میں کوئی نقصان نہیں ہوا اور طیارے، فضائی دفاع، فضائی ٹریفک کنٹرول معمول کے مطابق کام کررہا ہے۔اُدھر اسرائیل نے اپنے شہریوں کو بنکروں سے باہر واپس آنے کا حکم دے دیا۔