ایمز ٹی وی (ایجوکیشن) اقوامِ متحدہ کی تعلیمی، سائنسی اور ثقافتی تنظیم (یونیسکو) کے اعلیٰ وفد ڈاکٹر احمد فہمی نے ہفتے کو بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی اےس) جامعہ کراچی کا دورہ کیا ، اعلیٰ تعلیمی کمیشن پاکستان کے سابق سربراہ پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمن اور آئی سی سی بی اےس جامعہ کراچی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹرمحمد اقبال چوھدری سے ملاقات بھی کی، یونیسکو کے وفد کے دورے کا مقصد آئی سی سی بی اےس جامعہ کراچی کو " یونیسکوسینٹر فار ایکسلینس کیٹیگری 2 انسٹی ٹیوٹ" قرار دیے جانے کے مشاہداتی عمل کو مکمل کرنا تھا ۔ ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیور میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ میں منعقدہ ایک خصوصی اجلاس میں پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمن نے ڈاکٹر احمد فہمی کو بین الاقوامی مرکز میں ہونے والی مثالی ترقی کے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا، انھوں نے کہا آئی سی سی بی اےس کیمیکل، بائیو لوجیکل اور بائیو کیمکل علوم میں دنیا کا بہترین ادارہ ہے، جامعہ کراچی نہ صرف جنوبی ایشیا بلکہ بین الاقوامی سطح پر اعلیٰ تعلیم اور تحقیق کا معروف ادارہ ہے جبکہ بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم اس یونیورسٹی کے بہترین اعلیٰ تعلیمی و تحقیقی اداروں میں سے ایک ہے۔ ڈاکٹر احمد فہمی نے کہا یونیسکو کی جانب سے یہ دورہ دنیا کے اس معروف ادارے کو " یونیسکو سینٹر فار ایکسلینس کیٹیگری 2 انسٹی ٹیوٹ" قرار دیے جانے میں اہم کردار ادا کرے گا، انھوں نے کہا اس سلسلے میں یہ ادارہ پہلے ہی سے مشاہداتی مرحلے سے گزرچکا ہے۔
بعدِ ازاں ڈاکٹر احمد فہمی کے اعزاز میں بین الاقوامی مرکز میں ایک افطار ڈنر کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں ایران، بنگلہ دیش، انڈونیشیا کے کونسلیٹ جنرل، پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمن، پروفیسر ڈاکٹرمحمد اقبال چوھدری، آئی سی سی بی اےس کی فیکلٹی سمیت دیگر معزیزین نے شرکت کی۔ ڈاکٹرمحمد اقبال چوھدری نے فیکلٹی سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ آئی سی سی بی اےس جلد ہی یونیسکوسینٹر فار ایکسلینس کیٹیگری 2 انسٹی ٹیوٹ کے مقام پر فائز ہوجائے گا، یونسیکو نے اپنا مشاہداتی عمل تقریباً مکمل کرلیا ہے۔
ایمز ٹی وی (کراچی) انسداد دہشت گردی عدالت کے عملے کی جانب سے ایم کیو ایم کے رہنما عامرخان کے ضمانتی مچلکوں پر اعتراض لگائے جانے کے بعد ان کی رہائی تاخیر کا شکار ہوگئی ہے۔ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے عملے نے ایم کیو ایم کے رہنما عامر خان کے ضمانتی مچلکوں پر اعتراض کرتے ہوئے ان کے وکیل کو مچلکوں کی دوبارہ تصدیق کی ہدایت کردی ہے، جس کے باعث ایم کیوایم کے رہنما کی رہائی تاخیر کا شکار ہوگئی ہے۔ واضح رہے کہ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے گزشتہ روز عامر خان کی 10لاکھ روپے میں ضمانت منظورکی تھی تاہم عدالتی وقت ختم ہونے کے باعث ان کے رہائی کا حکم جاری نہیں ہوسکا تھا۔