Thursday, 07 November 2024

ایمز ٹی وی (تعلیم ) امریکی محکمہ خارجہ کی طرف سے مسلمان برادریوں کے لیے خصوصی نمائندے شارق ایچ ظفر نے برمنگھم میں ٹروجن ہارس اسکینڈل سے متاثرہ ایک اسکول کا دورہ کیا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ جان کیری کےخصوصی نمائندے شارق ظفر دنیا بھر میں امریکہ کے ساتھ مسلمان آبادیوں کے تعلقات کے فروغ کے لیے مصروف عمل ہیں ان کا یہ دورہ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ امریکی سفیر شارق ظفر نے منگل کو برمنگھم میں 'پارک ویو اسکول' کے طلبہ اور عملے کے ساتھ ملاقاتیں کیں۔

اس موقع پر طالب علموں نے انھیں اسکول کا نیا گیت سنایا جس کا عنوان' ٹوگیدر' یعنی ایک ساتھ مل کر تھا۔ اس گیت کو طالب علموں نے خود لکھا تھا جبکہ اس گیت میں انگریزی، مینڈران چینی، ہسپانوی اور اردو زبان کے بول شامل تھے۔

پارک ویو اسکول برمنگھم کے ان پانچ متاثرہ اسکولوں میں شامل تھا جن پر سخت گیر مسلمانوں کی طرف سے قبضہ کے الزامات کے بعد حکومت کی طرف سے تحقیقات شروع کی گئی تھیں اور اسکولوں کے معاملات کی نگرانی کرنے والی تنظیم آفسٹیڈ نے الزامات کے بعد اسکول کو درجہ 'شاندار' سے 'ناموزوں' قرار دے دیا تھا۔

امریکی سفیر نے اس موقع پر برطانوی معاشرے میں نوجوان مسلمانوں کے کردار اور طلبہ کو درپیش مشکلات کےحوالے سے ایک مباحثے میں شرکت کی اور کہا کہ انھیں مسلم اکثریتی اسکول کے طلبہ سے مل کر بہت خوشی ہوئی ہے۔

ایک طالب علم نے انھیں بتایا کہ کچھ لوگ ہمیں حجاب پہنا ہوا دیکھ کر ہمارے بارے میں فیصلہ کر لیتے ہیں، لیکن ہماری نظر میں ہم برطانوی ہیں۔

سفیر نے کہا کہ مسلمان برطانیہ کا ایک حصہ ہیں اور یہ ایک برطانوی اسکول ہے اور مجھے یہاں آ کر فخر محسوس ہو رہا ہے انھوں نے مزید کہا کہ تمام عقائد کے درمیان مکالمہ ضروری ہے۔

"یہاں کے طالب علموں کو واضح طور پر برطانوی ہونے پر فخر ہے اور میں بہت خوش ہوں کہ مجھے مستقبل کے برطانوی رہنماؤں سے ملنے کا موقع ملا جو کل امریکی رہنماؤں کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔"

ایگزیکٹیو ہیڈ ٹیچر ایڈرین پیکر نے کہا کہ ہمارا اسکول دیگر کمیونیٹیز کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کے لیے سخت محنت کر رہا ہے۔

اسکول کی جانب سے ایک مستقل ہیڈ ٹیچر فضل چوہدری کا تقرر کیا گیا ہے جو ستمبر سے اپنا عہدہ سنبھال لیں گے جبکہ انتظامیہ اسکول کا نام تبدیل کر کے 'روک وڈ اسکول ' رکھنے کی تیاریاں کر رہی ہے۔

ایمز ٹی وی (تعلیم) وفاقی اردو یونیورسٹی میں وائس چانسلر ظفر اقبال کی ہدایت پر تبدیلیاں کی گئی جس کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے ۔جس میں رجسٹرار کی فہیم الدین کی کو ڈائریکٹر ایڈمیشن مقرر کیا جبکہ ڈاکٹر محمود پٹھان کو رجسٹرار آفیسر مقرر کردیا گیا ہے ناظم مشکور سے ناظم امتحانات کی ذمہ داریاں واپس لے لیں گئی ہیں جبکہ جامعہ کراچی کے سابق چانسلر ناصرالدین کو مشیر برائے امتحانی امور مقرر کردیا گیا ہے ۔

ایمز ٹی وی (بین الاقوامی) انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے ایک بار پھر مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے ظالمانہ چہرے کا پردہ چاک کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ بھارت کشمیریوں پر سفاکانہ کارروائیوں کو تحفظ دینے والی قوانین کا خاتمہ کرے۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل کی جانب سے جاری تازہ رپورٹ میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے واقعات کی آزادانہ اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے جب کہ مقبوضہ کشمیر میں سکیورٹی فورسز کے سفاکانہ عمل کو تحفظ دینے والے قوانین کو بھی منسوخ کرنے کا کہا گیا ہے۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے الزامات میں ایک بھی فوجی پر سول عدالتوں میں مقدمہ نہیں چلایا گیا۔

ایمنسٹی کے گلوبل ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ فوجیوں کی جوابدہی نہ ہونے کی وجہ سے زیادہ سنگین واقعات رونما ہوئے ہیں جب کہ فوجیوں اور سکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے کی جانے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنے میں ناکامی کی وجہ سے بھارت نہ صرف اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کو پورا کرنے میں ناکام رہا ہے بلکہ اپنے آئین کی پاسداری بھی نہیں کر پایا ہے۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل کی رپورٹ میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے کی جانے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو واضح کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ان خلاف ورزیوں پر حکومتی رد عمل نہ ہونے کی وجہ سے انصاف کے تقاضے بھی پورے نہیں ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں ایفسپا کے نام سے قوانین سنہ 1990 میں مزاحمت کارروں کی سرگرمیوں کو کچلنے کے لیے لاگو کیے گئے تھے جس کے تحت آرمڈ فورسز اسپیشل پاورز ایکٹ کے تحت فوجیوں کو مشتبہ مزاحمت کاروں کو گولی مارنے اور انہیں بغیر وارنٹ کے گرفتار کرنے کے اختیارات حاصل ہیں۔ ایمنسٹی کا کہنا ہے کہ ان وسیع اختیارات کی وجہ سے اس غیر مستحکم خطے میں تشدد اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں اضافہ ہوا ہے۔

ایمز ٹی وی (بین الاقوامی) ایک مسلمان خاتون نے پولیس کی جانب سے زبردستی حجاب اتروانے پر ڈیر بارن شہر کے خلاف مقدمہ درج کردیا۔

ماہا الدھالیمی نامی عورت نے مقامی مارکیٹ میں نو پارکنگ کی جگہ پر گاڑی پارک کی جس پر قانون کی خلاف ورزی کرنے پر پولیس اہلکار نے اسے گرفتار کرلیا۔مشیگن کی ایڈیشنل کمشنر ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ خاتون نے کوئی دھمکی آمیز بات نہیں کی ماسوائے اس کے کہ کہ وہ رو رہی تھی اور التجا کر رہی تھی کہ اس کا حجاب نہ اتارا جائے۔

الدھالیمی پولیس افسر سے روتے ہوئے التجا کررہی تھی میرا مذہب اس کی اجازت نہیں دیتا کہ میں کسی غیر مرد افسر کے سامنے اپنا حجاب اتاروں ۔وہ پولیس اہلکار کو تفصیلاَ بتارہی تھی کہ مذہب کے عقائدوں کے مطابق حجاب اتارنے کو وہ اپنی تذلیل سمجھ رہی ہے، خاتون کے ساتھ ساتھ اس کا بیٹا بھی پولیس کو سمجھانے کی کوشش کرتا رہا ۔

ڈیئر بارن پولیس کا عدالت میں کہنا تھا کہ سیکورٹی کے پیش نظر خاتون کا اسکارف اتروایا گیا ۔جس پر خاتون نے عدالت کو بتایا کہ حجاب کے ساتھ اس کی مکمل طور پر شناخت کی جاسکتی تھی

 ایمز ٹی وی (ایجوکیشن ) جامعہ کراچی کے رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر معظم علی خان کے اعلامیہ کے مطابق پرائیوٹ طلبہ وطالبات کو ہدایت کی جاتی ہے کہ اپنی رجسٹریشن ،امتحانی فیس ،ڈگری اور ڈگری کی تصدیق کی فیس بصورت پے آرڈر / بینک ڈرافٹ بنام یونیورسٹی آف کراچی جمع کرانا لازمی ہوگا۔ اس کے علاوہ دیگر فیسیں بھی پے آرڈر کی صورت میں ہی قابل قبول ہونگی۔ واضح رہے کہ کیش کی صورت میں فیس قابل قبول نہیں ہوگی۔ اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ امیدواروں کو پے آرڈر / بینک ڈرافٹ کی پشت پر اپنا نام واضح طور پر درج کرنا چاہیئے۔

ایمز ٹی وی (ایجوکیشن) جامعہ کراچی، سیرت مصطفی ﷺ سوشل ویلفیئر آرگنائزیشن کے سرپرست اعلیٰ پروفیسر ڈاکٹر محمد احمد قادری کے زیر اہتمام ’خصوصی رمضان کانفرنس“ آ ج بروز بدھ 02 جولائی 2015 ءکو شام 5:30 بجے سماعت گاہ کلیہ سماجی علوم میں منعقد ہوگی جس میں علماءکرام فتح مکہ ، وصال حضرت خدیجتہ الکبریٰ، شہدائے بدر، شہادت حضرت علیؓ اور فضائل شبِ قدرکے موضوعات پر خصوصی خطاب جبکہ ثناءخوان غلامانِ رسول بارگاہ رسالت میں گلہائے عقیدت پیش کرینگے بعد از پروگرام افطار ڈنر کا اہتمام ہے اس موقع پر غریب و نادار اور مستحقین افراد میں ”راشن“ بھی تقسیم کیا جائیگا۔

 ایمز ٹی وی (اسپورٹس) بیلجئیم میں جاری ہاکی ورلڈ لیگ کے کوارٹر فائنل میں انگلینڈ نے پاکستان کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر پاکستان کی ریو اولمپکس میں شرکت پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے تاہم ہندوستان کی ملائیشیا کے خلاف فتح نے پاکستان کی اولمپکس تک رسائی کی امیدیں برقرار رکھی ہوئی ہیں۔

اینٹورپ میں کھیلے گئے میچ کی ابتدا ہی سے برطانیہ نے کھیل کر گرفت مضبوط رکھی اور پہلے نو منٹ میں دو گول کر کے پاکستانی ٹیم کے اوسان خطا کر دیے۔برطانیہ کی جانب سے پہلا گول کرس گرفتھ اور دوسرا گول ایلسٹر براگڈن نے کیا پہلے کوارٹر میں برطانیہ کی برتری دو صفر رہی۔

دوسرے اور تیسرے کوارٹر میں دونوں ٹیمیں گول نہ کرسکی لیکن چوتھے کوارٹر میں میچ کے 48وں منٹ میں عمر بھٹہ نے گول کر کے خسارہ 2-1 کردیا۔دو منٹ بعد برطانوی کھلاڑی ہنری ویئر کو یلو کارڈ دکھا کر میدان سے پانچ منٹ کے لئے باہر بھیج دیا گیا لیکن پاکستانی فارورڈ اس سنہری موقع سے بھی فائدہ نہ اٹھا سکے اور برطانیہ نے میچ ایک کے مقابلے میں دو گول سے جیت کر ایونٹ کے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔

اس میچ میں ناکامی کے بعد پاکستان ٹیم نے آئندہ سال ریو دی جنیرو اولمپکس میں براہ راست کوالیفائی کرنے کا موقع ہاتھ سے گنوادیا۔ تاہم ہاکی ورلڈ لیگ کے تیسرے کوارٹر فائنل میں ہندوستان نے ملائیشیا کو دو کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے کر پاکستان کی اولمپک میں رسائی کی امیدیں برقرار رکھیں۔

تیسرے کوارٹر فائنل میں ہندوستان اور ملائیشیا کے درمیان دلچسپ مقابلہ شروع ہوا تو ہندوستانی کھلاڑی ستبیر سنگھ نے میچ کے تیسرے ہی منٹ میں پہلا گول کردیا لیکن ملائیشیا نے یکےبعد دیگرے دو گول کرکے ہندوستان پر برتری حاصل کرلی جو تیسرے کوارٹر کے اختتام تک برقرار رہی۔

ہندوستان نے چوتھے اور آخری کوارٹرمیں شاندار کھیل پیش کیا اور جسجیت سنگھ نے پینالٹی کارنرز پر مسلسل دو گول کر کے ہندوستان کو سبقت دلائی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔میچ میں فتح کے ساتھ ہی ہندوستانی ٹیم نے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کی اولمپک میں کوالیفائی کرنے کی امیدوں کو بھی برقرار رکھا ہوا ہے۔

اگر پاکستان ایونٹ میں پانچویں پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہا تو اکتوبر میں ہونیوالے اوشیانا کپ میں آسٹریلیا کی جیت پاکستان کی ریو ڈی جنیرو اولمپکس تک رسائی ممکن بنا سکتی ہے۔

ایمز ٹی وی (اسپورٹس) پاکستان کے آل راؤنڈر محمد حفیظ کو ایک بار پھر بولنگ ایکشن ٹیسٹ کروانے کیلئے بھارت کی جانب سے ویزا جاری کردیا گیا ہے ۔ محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن سری لنکا میں جاری پاکستان سری لنکا سیریز کے درمیان مشکوک قرار دیا گیا جبکہ محمد حفیظ پاک سری لنکا سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں 14 اووز کی بولنگ کرواچکے تھے ۔دوسری جانب محمد حفیظ قومی ٹیم کے ساتھ پالیلی کیلی گراؤند پہنچ چکے ہیں جہاں 3 جولائی سے تیسرا ٹیسٹ شروع ہوگا واضح رہے کہ آل راؤنڈر کل بولنگ ٹیسٹ کیلئے کولمبو سے چنئی جائینگے جس کی وجہ سے وہ تیسرے ٹیسٹ میچ میں حصہ نہیں لے سکیں گے ۔

ایمز ٹی وی (کراچی) شہر قائد کے مختلف علاقوں میں بجلی فراہمی معطل ہے ۔کے الیکٹرک حکام کا کہنا ہے کہ بجلی کی فراہمی ایکسٹرا ہائی ٹینشن میں فنی خرابی کی وجہ سے بند ہے ۔کراچی کے جن علاقوں میں بجلی بند ہے ان میں ڈیفنس، محمودآباد، منظور کالونی ،ایف بی ایریا، گلشن اقبال اور نارتھ ناظم آباد کے علاقے شامل ہیں۔