مانیٹرنگ ڈیسک : ویوو نے اپنا 44 میگا پکسل سیلفی کیمرے سے لیس اسمارٹ فون وی 20 پاکستان میں متعارف کرادی ہے۔
وی 20 میں 6.44 انچ کا امولیڈ ڈسپلے دیا گیا ہے جبکہ فنگرپرنٹ اسکینر اسکرین کے اندر نصب ہے۔۔فون میں 8 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج دی گئی ہے جس میں مائیکرو ایس ڈی کارڈ سے مزید اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ایک نیا فیچر میموری ری کالر ہے جو صاراف کی پرانی یادوں ک زندہ کرتا ہے۔
یہ ڈیوائس کوالکوم اسنیپ ڈراگون 720 جی پراسیسر سے لیس ہے جبکہ اینڈرائیڈ 11 آپریٹنگ سسٹم کاا امتزاج کمپنی کے فن ٹچ او ایس 11 سے کیا گیا ہے
وی 20 میں 4000 ایم اے ایچ بیٹری 33 واٹ فلیش چارج سپورٹ کے ساتھ ہے جبکہ ڈیوائس کی کارکردگی کو بڑھانے کے لیے ملٹی ٹربو نامی فیچر بھی دیا گیا ہے۔
فون کے بیک پر 3 کیمروں کا سیٹ اپ موجود ہے جس میں مین کیمرا 64 میگا پکسل کا ہے جس کے ساتھ 8 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اور 2 میگا پکسل مونوکروم کیمرے دیئے گئے ہیں۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ کیمرا فیچرز میں سپرنائٹ موڈ، ٹرائی پوڈ موڈ، موشن آٹوفوکس، تھری ڈی ساؤنڈ ٹریکنگ، ڈوئل ویو ویڈیو، پورٹریٹ ویڈیو اور 240 فریم فی سیکنڈ سلوموشن سیلفی ویڈٰیو قابل ذکر ہیں۔فرنٹ پر نوچ ڈیزائن میں 44 میگا پکسل سیلفی کیمرا دیا گیا ہے جو آئی آٹوفوکس کے ساتھ ہے۔
پاکستان میں یہ فون 2 رنگوں مڈنائٹ جاز اور سن سیٹ میلوڈی میں دستیاب ہوگا اور 17 اکتوبر سے 59 ہزار 999 روپے میں خریدا جاسکے گا۔
خیال رہے کہ کمپنی نے گزشتہ ماہ وی 20 اور وی 20 پرو متعارف کرائے تھے جن میں سے ایک فون اب پاکستان میں فروخت کے لیے پیش کردیا گیا ہے۔
کراچی: ملک بھر میں پہلی بار میڈیکل اورڈینٹل کالجوں میں داخلوں کے لیے امیدواروں کو انٹری ٹیسٹ کے 2 مراحل کا سامنا کرنا پڑے گا۔
امیدواروں کو رواں سال پہلے انٹری ٹیسٹ اور بعد میں میڈیکل کالج ایڈمیشن (MD-CAT) ٹیسٹ دینا لازمی ہوگا اور جو امیدوار MD-CAT ٹیسٹ میں شرکت نہیں کرے گا اس کو ملک کے کسی بھی میڈیکل کالج میں داخلہ نہیں دیا جائے گا اور نہ ہی پاکستان میڈیکل کمیشن (PMC) میں رجسٹریشن کی جائے گی۔
انٹر سائنس میں 65 فیصد نمبر حاصل کرنے والے امیدوار ہی انٹری اور MD-CAT کے تحریری امتحانوں میں شرکت کے اہل ہوں گے۔
MD-CAT ٹیسٹ میں امیدواروں کو 60 فیصد نمبر حاصل کرنا لازمی ہوں گے جبکہ انٹری ٹیسٹ میں 33 فیصد نمبر حاصل کرنا ضروری قرار دیا گیا ہے۔
پاکستان میڈیکل کمیشن کی ویب سائٹ پر جاری کردہ ایڈمیشن پالیسی سال برائے 2020-2021 کے مطابق ملک بھر کے میڈیکل وڈینٹل کالجوں میں داخلے کے خواہشمند امیدواروں کو پاکستان میڈیکل کمیشن کا MD-CAT ٹیسٹ دینا لازمی ہوگا جبکہ اس ٹیسٹ میں کم سے کم 60 فیصد نمبر حاصل کرنا ضروری ہے۔
داخلہ پالیسی میں ہدایت دی گئی ہے کہ ملک بھر کے تمام سرکاری میڈیکل و ڈینٹل کالج 31 دسمبر 2020تک جبکہ نجی میڈیکل و ڈینٹل کالج کے داخلے 15 فروری 2021تک مکمل کرلیے جائیں۔
یاد رہےسابقہ داخلہ یونیفارم پالیسی کے تحت تمام میڈیکل کالجوں میں داخلوں کیلیے صرف انٹری ٹیسٹ لینا تھا لیکن PMC کے پہلے اجلاس میں میڈیکل و ڈینٹل کالجوں میں داخلوں کیلیے امیدواروں سے MD-CAT ٹیسٹ لینے کا فیصلہ کیا گیا۔
مانیٹرنگ ڈیسک : چین کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی شاؤمی نے حال ہی میں جدید ترین ’می ٹرو وائرلیس ائیر فونز ائیر 2 پرو‘ متعارف کیے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ائیر 2 پرو وائس کینسلیشن فیچر کے ساتھ 28 گھنٹے تک پلے میوزک بیک اپ فراہم کرتے ہیں جب کہ اس میں 3 مائیک بھی لگے ہیں اور کمپنی کا دعویٰ ہے کہ اس سے کال کے دوران بات چیت کا تجربہ بہتر ہو گا۔
می ٹرو وائرلیس ائیرفونز ائیر 2 پرو 10 میٹر کے فاصلے تک آپریٹ کیے جا سکتے ہیں جب کہ اس کا وزن 60 گرام ہے اور یہ چارجنگ کے لیے یو ایس بی ٹائپ سی پورٹ کو سپورٹ کرتا ہے۔
کمپنی کے مطابق ائیر فونز 10 منٹ کی چارجنگ کے بعد 90 منٹ تک میوزک پلے بیک اپ فراہم کرتے ہیں، جب کہ شاؤمی کے ان ائیرفونز کی قیمت 103 ڈالرز مقرر کی گئی ہے۔
ایک طویل انتظار اور افواہوں کے بعد ایپل نے نئے آئی فون 12 لانچ کر دیے۔
ایپل نے ورچوئل ایونٹ میں نئےفونز لانچ کئے۔ پیش کی جانے والی آئی فون 12 کی لائن ایپ کے چار ماڈلز یعنی آئی فون منی، آئی فون 12، آئی فون 12 پرو اور آئی فون 12 پرو میکس شامل ہیں اور تمام کے تمام 5 جی کنیکٹیویٹی کے ساتھ ہیں۔
آئی فون 12 میں نیا کیا؟
آئی فون 12 میں اس بار 5 جی کنیکٹیویٹی کا اضافہ کیا گیا ہے جو کہ ایپل ڈیوائسس میں پہلی بار دیکھنے کو ملے گی۔ اس 5 جی کنیکٹیویٹی سے صارفین کو فاسٹ ڈاؤنلوڈنگ اسپیڈ اور گیمنگ کا بہترین تجربہ ملے گا۔5جی آپ کے عام 4 جی سیلولر کنیکشن سے 10 سے 100 گنا تیز رفتاری کے ساتھ چلتا ہے۔
آئی فون کی نئی لائن اپ میں شامل آئی فون 12 پرو میں ایک نئے ٹیلی فوٹو لینس کا اضافہ کیا گیا ہے جس میں 2.5 ایکس اوپٹیکل زوم فیچر ہوگا جب کہ اس کے 12 پرو میکس ورژن میں 5 ایکس اوپٹیکل زوم ہوگا۔تمام نئے آئی فون 12 سیاہ، سبز، سفید، نیلے اور سرخ رنگوں میں دستیاب ہوں گے۔
آئی فون 12 کا ڈیزائن
اگر ہم آئی فون 12 کے سائز کی بات کریں تو آئی فون 12 مِنی، 5.4 انچز، آئی فون 12، 6.1 انچز، آئی فون 12 پرو 6.1 انچز جب کہ آئی فون 12 پرو میکس 6.7 انچز کے اسکرین سائز میں دستیاب ہوں گے۔آئی فون 12 کے تمام تر ماڈلز کے فرنٹ کور ڈسپلے پر "سِرامک شیلڈ" ہے جس کی وجہ سے اس کا گلاس تمام تر اسمارٹ فونز کے گلاس سے مضبوط سمجھا جا رہا ہے اور کمپنی کے مطابق اگر یہ فون گرے گا تو اب اس کے ٹوٹنے کا امکان 4 گنا کم ہوگا۔
فون کے ساتھ چارجر بھی نہیں ملے گا
اس بار آئی فون صارفین کے لیے بری خبر یہ ہے کہ کمپنی کی جانب سے آئی فون 12 خریدنے والوں کو ائیر پوڈز اور پاور ایڈاپٹر یعنی چارجر نہیں دیا جائے گا۔
آئی فون 12 کی قیمت؟
آئی فون 12 منی کی قیمت 699 ڈالرز ہوگی جب کہ آئی فون 12 کی قیمت 799 ڈالرز ہے اور اگر آئی فون 12 پرو میکس کی قیمت کی بات کی جائے تو وہ 999 ڈالر سے شروع ہوتی ہے جب کہ 12 پرو میکس کی قیمت 1099 ڈالرز سے شروع ہوگی۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ آئی فون 12 اور 12 پرو کے پری آرڈرز 16 اکتوبر سے شروع ہوں گے جب کہ یہ 23 اکتوبر سے ایپل اسٹورز میں دستیاب ہوں گے۔
دوسری جانب آئی فون 12 منی اور 12 پرو میکس کے پری آرڈرز 6 نومبر سے لیے جائیں گے اور یہ 13 نومبر سے ایپل اسٹورز میں صارفین کو دستیاب ہوں گے۔
لاہو ر: پنجاب یونیورسٹی نے عملی امتحانات کے لئے رول نمبر سلپس جاری کر دی ہیں
پنجاب یونیورسٹی کےشعبہ امتحانات نے بی اے / بی ایس سی، ایسوسی ایٹ ڈگری پارٹ ون، ٹو، اسپیشل کیٹیگری اور سماعت سے محروم ( پرائیویٹ اور لیٹ کالج) امیدواروں کے عملی امتحانات کے لئے رولنمبر سلپس جاری کر دی ہیں جو پنجاب یونیورسٹی کی ویب سائٹ www.pu.edu.pk سے ڈاؤن لوڈ کی جاسکتی ہیں
عملی امتحانات 22اکتوبر سے شروع ہونگے ۔نوٹیفکیشن کے مطابق روایتی امتحانات نومبر کے تیسرے ہفتے میں متوقع ہیں جبکہ روایتی امتحانات کے بعد الگ سے کوئی عملی امتحان نہیں لیا جائے گا۔ ریگولر امیدوار رول نمبر سلپس متعلقہ کالجز سے حاصل کر سکتے ہیں
لاہور: نادرا کی ویریسس سروس کے ذریعے پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے 23لاکھ 50ہزار سے زائدطلبا کے ‘ب فارم’ کی جانچ پڑتال کا عمل مکمل کر لیا
ترجمان نے بتایا کچھ اسکولوں کی طرف سے ابھی تک 1لاکھ 30ہزار طلبا کے ‘ب فارم’ موصول نہیں ہوئے۔ اس حوالے سے متعلقہ اسکولوں کی انتظامیہ کو ہدایت کر دی گئی ہے جلد از جلد ‘ب فارم’ فراہم کریں ۔ ترجمان نے مزید بتایا آج سے طلبا کی اسکولوں میں موجودگی کی تصدیق شروع کی جا رہی ہے ۔
جامعہ کراچی کے شعبہ بیچلر آف فزیکل ایجوکیشن نےسالانہ امتحانات 2020 ءکے امتحانی فارم جمع کرانےکی تاریخ کا اعلان کردیا۔ ناظم امتحانات جامعہ کراچی ڈاکٹر سید ظفر حسین کے مطابق طلبہ اپنے امتحانی فارم8000/= روپے فیس کے ساتھ 23 اکتوبر2020 ء تک متعلقہ کالجز میں جمع کراسکتے ہیں۔
طلبہ اپنی امتحانی فیس ایچ بی ایل،یوبی ایل،نیشنل بینک آف پاکستان،ایم سی بی اور سندھ بینک کی کسی بھی برانچ میں جمع کراسکتے ہیں۔امتحانی فارم اور بینک واؤچر جامعہ کراچی کی ویب سائٹ سے حاصل کئے جاسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ ایسے طلباوطالبات جو 2014 ء یا اس سے قبل کی انرولمنٹ کے حامل ہیں انہیں امتحانی فیس کے علاوہ 4000 روپے اضافی چارجز بھی جمع کرانے ہوں گے۔
کراچی: اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ حصہ دوم سائنس پری انجینئرنگ اور سائنس جنرل گروپس کےسالانہ امتحانات کی مارک شیٹس تیارکرلی۔
کالج اور ہائر سیکنڈری اسکولوں کے نمائندے پرنسپل کےاتھارٹی لیٹر کے ساتھ15 اکتوبر سے بورڈ کے متعلقہ سیکشن سے مارکس شیٹس حاصل کرسکتے ہیں۔
کراچی: پروفیسر اختر بلوچ کوشہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی لیاری کامستقل وائس چانسلر مقرر کردیا ہے۔
شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی لیاری کے وائس چانسلر کا عہدہ سنبھالنے سے ڈاکٹر فتح محمد مری کی جانب سےمعذوری کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے دوسرے نمبر پرآنے والے امیدوار پروفیسر اختر بلوچ کو لیاری یونیورسٹی کا مستقل وائس چانسلر مقرر کیاگیا س طرح پروفیسر اختر بلوچ دوسری مدت کے لیے بھی وائس چانسلر مقرر ہوگئے
ان کی پہلی مدت گزشتہ سال مارچ میں ختم ہوگئی تھی اور وہ اس دوران قائم مقائم وی سی کے طور پر کام کرتے رہے، محکمہ بورڈز و جامعات نے جو سمری بھیجی اس میں کہا گیا تھا کہ پہلے نمبر پر آنے والے پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد مری نے بطور وائس چانسلر جوائننگ سے انکار کردیا چناچہ دوسرے یا تیسرے نمبر پر آنے والے امیدوار کو لیاری یونیورسٹی کا وی سی مقرر کیا جائے یا پھر دوبارہ اشتہار دیا جائے جس پر وزیر اعلیٰ نے اختر بلوچ کے نام کی منظوری دی۔ یاد رہے کہ پہلےنمبر پر ڈاکٹر فتح محمد مری دوسرے نمبر پر لیاری یونیورسٹی کے قائم مقام وائس چانسلر ڈاکٹر اختر بلوچ اور تیسرے نمبر پر ڈاکٹر نبی بخش
جمانی تھے۔ ڈاکٹر نبی بخش جمانی شاہ لطیف یونیورسٹی خیرپور میں پہلے نمبر پر تھے تاہم وزیر اعلیٰ سندھ نے ان کے بجائے دوسرے نمبر پر آنے والے ڈاکٹر خلیل احمد ابوپوتو کو وائس چانسلر بنادیا تھا، پروفیسر اختر بلوچ کا نوٹیفکیشن آج جاری ہونے کا امکان ہے۔
کوئٹہ : صوبے بھرمیں لڑکیوں کی تعلیم کو فروغ دینے کے لئے بلوچستان حکومت نے چھٹی سے بارہویں تک زیر تعلیم لڑکیوں کو ماہانہ وظائف دینے کا منصوبہ تیار کرلیا گیا ہے۔
سیکرٹری خزانہ بلوچستان نورالحق بلوچ کے مطابق ششم تا ہشتم 500، نہم دہم 800 اور انٹر کی طالبات کو ماہانہ 1 ہزار روپے وظیفہ دیا جائیگا، کابینہ سے منظوری کے بعد عملدرآمد شروع ہوگا۔ بلوچستان حکومت اپنے وسائل سے سالانہ ایک ارب 20 کروڑ روپے ماہانہ وظائف پر خرچ کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ششم جماعت سے بارہویں جماعت تک ایک لاکھ دس ہزار طالبات زیر تعلیم ہیں۔ طلبہ کو دیئے جانے والے اسکالر شپ کو خورد برد سے بچانے کے لئے رقم طالبات کے اکاونٹس میں براہ راست منتقل کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ منصوبے کی منظوری کے بعد یکم جنوری سے اس منصوبے پر کام شروع کردیا جائے گا۔