Tuesday, 05 November 2024

ایمز ٹی وی (بزنس)  قومی ایئر لائن رواں ماہ کے آخر میں ہونے والے گورننگ بورڈ سے7 جہازوں کے ڈھانچوں کی نیلامی کی منظوری لے گی، بولی کا تمام عمل مکمل ہو چکا ہے ۔

جس میں8 کمپنیوں نے حصہ لیا، پی آئی اے کے ذرائع کے مطابق قومی ایئر لائن اپنے 7 مختلف جہازوں کے ڈھانچوں کی نیلامی کا عمل مکمل کر چکی ہے، اس مقصدکیلیے دیے گئے اخبارکے اشتہار کے نتیجے میں صرف 8 لوگوں نے حصہ لیا، نیلامی کا عمل اکتوبر میں شروع کیا گیا، بولی دینے والوں کو جہازوں کے ڈھانچے بھی دکھا دیے گئے ہیں۔

صرف بورڈ کی منظوری رہ گئی ہے جو رواں ماہ کے آخر میں ہونے والے بورڈ میں لی جائے گی، پی آئی اے صرف جہازوں کے ڈھانچوں کی نیلامی کرنے جا رہا ہے جبکہ اس میں سے انجن، تیل اور دیگر چیزیں نکال لی گئی ہیں، ان 7 جہازوں میں 3 بوئنگ 777، 3 جہاز 310 اور ایک 474 شامل ہے۔

ایمز ٹی وی (بزنس)  ورلڈ بینک کی رکن کمپنی انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن(آئی ایف سی) سندھ میں ہوا سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے میں 15 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔

آئی ایف سی کا یہ قدم پاکستان میں توانائی کے متبادل ذرائع کے فروغ سے معاشی بہتری کی کوششوں کا حصہ ہے۔ آئی ایف سی سندھ میں گل احمد پاور ونڈ فارم میں سرمایہ کاری کرے گی۔ یہ فارم کراچی کے شمال میں لگایا جائے گا جس سے 50 میگا واٹ بجلی پیدا کی جائے گی۔ گل احمد انرجی کے چیئرمین اقبال علی محمد کے مطابق ونڈ انرجی پلانٹ سے نہ صرف بجلی کی طلب پوری کرنے میں مدد ملے گی بلکہ روزگار کے بھی نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ ہوا سے بجلی کا منصوبہ ماحول دوست منصوبہ ہے۔ منصوبہ انفراکو ایشیا اور آئی ایف سی کی شراکت سے پورا کیا جائے گا جو پاکستان کے انرجی سیکٹر میں نجی سرمایہ کاری کو بھی فروغ دے گا۔

آئی ایف سی کے کنٹری منیجر ندیم صدیقی کے مطابق اپنے تجربے اور سرمایہ کے حصول کی صلاحیت کے بل پر نجی شعبہ پاکستان میں بنیادی انفرااسٹرکچر کی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ نجی شعبے کی انرجی سیکٹر میں سرمایہ کاری سے پاکستان میں توانائی کے بحران کو حل کرتے ہوئے معاشی ترقی کی رفتار بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ آنے والے سالوں میں آئی ایف سی پاکستان میں سالانہ 50 کروڑ ڈالر تک کی سرمایہ کاری کرے گی۔ یہ سرمایہ کاری سرحد پار تجارت بڑھانے، ریگولیشنز کی بہتری، عدالت کے باہر مصالحت کی سپورٹ، متبادل توانائی، چھوٹے کاروبار کی مالی خدمات تک رسائی بہتر بنانے کے لیے کی جائے گی۔

ایمز ٹی وی (بزنس) پاکستان میں بڑے پیمانے پر اسمگل شدہ ٹائرز کی بھرمار کے ساتھ اب امپورٹ کی آڑ میں قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کے لیے نیا حربہ استعمال کیا جانے لگا ہے۔

انڈسٹری ذرائع کے مطابق بیرون ملک سے درآمد ہونے والے ٹائرز پر پہلے ہی بڑے پیمانے پر انڈرانوائسنگ کی جارہی تھی تاہم اب امپورٹرز مافیا نے بڑے ٹائرز کے اندر تین چھوٹے ٹائرز چھپا کر درآمد کرنا شروع کردیے ہیں اس طرح قومی خزانے کو ایک کنٹینر کی امپورٹ پر تین کنٹینرز کے برابر ڈیوٹی اور ٹیکسز کا نقصان ہورہا ہے۔ کسٹم کی سطح پر ٹائرز کی درآمدی کنسائمنٹس کا وزن کرنے کی صورت میں قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والوں کو گرفت میں لیا جاسکتا ہے۔

ٹائر انڈسٹری کی جانب سے میڈیا کو فراہم کی جانے والی ویڈیو میں کراچی کے ایک علاقے میں ریلوے لائن کے نزدیک مین روڈ پر امپورٹ شدہ ٹائرز میں سے پوشیدہ ٹائرز نکالتے ہوئے دکھائے گئے ہیں، اس ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد مقامی ٹائر سازی کی صنعت کے ساتھ خود کسٹم اور ایف بی آرحکام کی بھی آنکھیں حیرت سے پھٹ گئی ہیں امپورٹ مافیا نے چھوٹے ٹائر کو اس سے بڑے ٹائر میں ڈالتے ہوئے تین ٹائروں کو ایک بڑے ٹائر میں چھپا رکھا تھا جسے دو افراد نے بڑے بڑے لوہے کی رارڈ اور ٹائروں کے کناروں پر آئلنگ کے ذریعے باہر نکالا، تاہم بے دردی کے ساتھ نکالنے کی وجہ سے تمام ٹائروں کے اندر آہنی دھاگوں کی بیلٹ اور ٹائر کے کناروں کو شدید نقصان پہنچا جبکہ ٹائروں کی ساخت اور شکل بھی بگڑتے ہوئے صاف دیکھی جاسکتی ہے۔

امپورٹرز کی جانب سے ڈیوٹی اور ٹیکسز بچانے کی یہ مذموم حرکت عوام کی جان کے لیے خطرہ ہے۔ ماہرین کے مطابق اس طرح کے ٹائر استعمال کرنے کی صورت میں ہنگامی بریک لگنا مشکل ہے، اسی طرح ان ٹائرز کے رم سے اتر جانے اور گرفت ڈھیلی رہنے سے بھی سواریوں کو خطرہ لاحق ہوگا۔ پاکستانی ٹائر انڈسٹری کے مطابق ملک میں ٹائروں کی اسمگلنگ سے قومی خزانے کو اربوں روپے خسارے کا سامنا ہے۔ ہر سال 15 سے 17 ارب روپے کے ٹائر افغانستان سے ملحقہ علاقوں چمن، لنڈی کوتل اور طورخم کے راستے پاکستان لاکر پورے ملک میں پھیلائے جارہے ہیں۔ ان ٹائروں میں زیادہ تر سرد ممالک میں موسم سرما میں استعمال ہونے والے ٹائر شامل ہیں جن کے لیے پاکستان کا گرم موسم ناموافق ہونے کی وجہ سے سواریوں اور گاڑیوں کے لیے شدید خطرہ کا سبب ہیں۔

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ)  پاکستان فلم و ڈرامہ انڈسٹری کی اداکارہ آمنہ شیخ نے کہا ہے کہ اگر ایک ڈرامہ ہٹ ہوجائے تو اسی فارمولے پر وہ کہانی اگلے 2 سال تک مختلف اسکرینوں پر نظر آتی ہے جو کہ غلط ہے۔

ایک سوال کہ جواب میں انھوں نے کہا کہ ہم ماضی کے ڈراموں میں قید ہو کر رہ گئے ہیں جب کہ ہمارے عوام ہمارا موازنہ بالی ووڈ اور ہالی ووڈفنکاروں سے کرتے ہیں‘ ان کا کہنا تھا کہ اب ہمیں ماضی کی یادوں سے نکل کر حال میں بہترین کام کرکے اپنا مستقبل بے مثال اور یادگار بنانا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میں نے جب کام شروع کیا تھا تو میں صرف ٹیلی فلم کیاکرتی تھی جس کی بدولت مجھے آج بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا ہے۔ ہمارے ناقدین شکایت کرتے ہیں کہ اب انڈسٹری کمرشل ہوتی جارہی ہے اور اس میں پہلی جیسی بات نہیں رہی لیکن آج بھی تخلیقی اور معیاری کام ہورہا ہے، چند لوگوں کی وجہ سے آپ سب کو ایک لائن میں کھڑا نہیں کرسکتے ہیں۔

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) پاکستان ڈرامہ، فلم و تھیٹر کے سینئر اداکار راحت کاظمی کاکہنا ہے کہ پاکستان فلم اندسٹری اپنے احیاء کی طرف ترقی سے گامزن ہے، جس کی مجھے دلی خوشی ہے، انڈسٹری میں بہت بہترین کام ہو رہا ہے۔

نئے نوجوان تخیلقی صلاحیتوں کے حامل ہیں اور فلم و ڈائریکشن پڑھ کر انڈسٹری میں آرہے ہیں لیکن ہمیں سنجیدہ موضوعات پر فلم بنانے کی اشدضرورت ہے۔ انھوں نے بتایا کہ میں فلم کے لیے سنجیدہ موضوع کی تلاش میں ہوں جب میری تلاش مکمل ہوجائے گی تو میں فلم پر کام شروع کردوں گا، فلم ’’زندہ بھاگ‘‘مجھے بہت پسند آئی تھی اور میں چاہتا ہوں کہ اسی طرح کی فلم بناؤں جو عالمی سطح پر اپنا مقام بنانے میں کامیاب ہو سکے اور پاکستانی ڈراموں کی طرح پاکستانی فلمیں بھی دنیا میں اپنا لوہا منوا سکیں۔

ایمز ٹی وی (اسپورٹس) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور فاسٹ بولر وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کو اگلا میچ ہر حال میں جیتنا ہوگا ورنہ وہ واپسی کی فلائٹ کے لیے تیار رہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ یکم مارچ کو زمبابوے کے خلاف قومی ٹیم کا میچ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور یہ میچ اب یا کبھی نہیں والا معاملہ ہے، ٹیم کو ان لوگوں کے جذبات کے بارے میں سوچنا چاہیے جو میدان میں اپنے ہیروز کی حوصلہ افزائی کے لئے آتے ہیں اور ملک میں ٹی وی پر انہیں دیکھتے ہیں۔ ٹیم مینجمنٹ اور کپتان مصباح الحق پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 5 ریگولر بولرز کے ساتھ نہ کھیلنا حیران کن ہے اور یہی وجہ ہے کہ بولنگ میں قومی کرکٹ ٹیم انتہائی کمزور دکھائی دے رہی ہے۔

سابق فاسٹ بولرکا کہنا تھا کہ بولر کی جگہ اضافی بیٹسمین کھلا کر بھی پاکستانی ٹیم ہدف عبور کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی ہے جو کہ بیٹنگ لائن کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے لہٰذا اس حکمت عملی کو فوراً تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ محمد حفیظ کے ٹیم سے باہر ہونے کے بعد ناصر جمشید کو ان کی جگہ کھلانا سمجھ سے بالا تر ہے جب کہ ان کے مقابلے میں ڈومیسٹک میچز میں دوسرے بیٹسمینوں نے اچھی پرفارمنس دی تھی اور جو بلے بازانگلینڈ کے خلاف وارم اپ میچ میں کچھ بھی نہ کرسکا اسے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیم الیون کا حصہ بنانا تعجب خیز ہے۔

ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک) اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے زیر اہتمام ’’اسلام اور دہشت گردی مخالف جنگ‘‘ کے موضوع پر4روزہ بین الاقوامی کانفرنس سعودی عرب کے شہرمکہ مکرمہ میں شروع ہوگئی ہے۔

وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کے لیے مکہ مکرمہ پہنچ گئے ہیں۔ کانفرنس میں دنیا بھر سے 400سے زائد اسکالرزشرکت کر رہے ہیں۔ کانفرنس کاافتتاح گورنرمکہ شہزادہ خالد الفیصل نے کیا۔اس موقع ہر انھوں نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیزکابیان پڑھ کر سنایا جس میں انھوں نے دہشتگردی اورانتہاپسندوں کی مذمت کی اور کہا کہ دقیانوس اسلام پسند نہ صرف مسلمانوں کوڈرا دھمکا رہے ہیں بلکہ اسلام کے تشخص کوبھی داغدارکررہے ہیں۔

انتہا پسند اور دہشت گرد مسلم اقوام ان کی تنظیموں اور عوام کے لیے دوسری قوموں کے سامنے سْبکی کا سبب بنے ہوئے ہیں حالاں کہ ہم ان اقوام سے تعاون کے رشتے میں جڑے ہوئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی وجہ سے مسلم ممالک کے غیر مسلم ریاستوں کےساتھ تعلقات میں سردمہری آئی ہے۔ ہماری قوموں کواس وقت سب سے بڑا خطرہ ان گمراہ دہشتگردوں سے لاحق ہے، انھوں نے دین اسلام اور اس کے پیروکار ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے دشمنوں کو نقصان پہنچانے کا موقع دیا، وہ اسلام کے نام پر ایسے جرائم کے مرتکب ہورہے ہیں جن کا اس کی تعلیمات سے کوئی تعلق نہیں۔

شاہ سلمان نے اسلام کی رواداری، اعتدال پسندی اورعفوودرگذرکی تعلیمات اجاگر کرنے کی ضرورت پرزوردیااورکہاجوان صفات کوچھوڑ دیتا ہے، وہ مسلمانوں کی کوئی خدمت انجام نہیں دے سکتااوروہ انکے درمیان نفرت اور تقسیم کے بیج بونے کا سبب ہی بنے گا۔انھوں نے کہاکہ مسلم اقوام کودہشتگردی سے لاحق خطرات سے متعلق شعوراجاگرکرنا چاہیے۔ شاہ سلمان نےعوام پربھی زور دیاکہ وہ دہشت گردوں کے ساتھ نہ توکسی طرح کاکوئی تعاون کریں اور نہ ان کےساتھ کوئی ہمدردی جتلائیں۔

 

ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک) عراق کی حکومت نے پہلی مرتبہ ایک خاتون زکرہ علواش کو بغداد کا میئر مقرر کیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق زکرہ علواش پیشے کے اعتبار سے سول انجنیئر اور وزارت اعلی تعلیم کی ڈائریکٹر جنرل ہیں، وہ عراق میں میئر کے عہدے پر فائز ہونے والی پہلی خاتون ہیں، ان کا عہدہ کابینہ کے وزیر کے برابر ہوگا اور وہ براہ راست وزیراعظم حیدر العبادی کے تحت کام کریں گی، بلدیہ بغداد کے ذرائع کے مطابق انھوں نے اتوار سے اپنی نئی ذمے داریاں سنبھال لی ہیں۔

عراقی حکومت کے ترجمان رفید جبوری نے ہفتے کو ایک بیان میں بتایا تھا کہ وزیراعظم عبادی نے بغداد کے میئر نائم عبوب کو برطرف کردیا ہے اور ان کی جگہ ڈاکٹر زکرہ علواش کو مقرر کیا ہے۔

ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک) ترکی کے سیکڑوں فوجی اور بکتر بند گاڑیاں سلطنتِ عثمانیہ کے شاہ کے مزار کی حفاظت کے لیے شام میں داخل ہوگئی ہیں۔

ترکی کےسرکاری ٹی وی کے مطابق وزیراعظم داؤد اوغلو کا کہنا تھا کہ شام میں خلافت عثمانیہ کے شاہ سلیمان کے مزار کی حفاظت کے لئے ترک فوج کا  آپریشن ہماری روحانی اقدار کی حفاظت کے لئے کیا جارہا ہے جو شام کے خطرناک حالات کے باوجود انتہائی کامیابی سے  جاری ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ  سلیمان شاہ کی باقیات شام میں کسی اور محفوظ مقام پر منتقل کی جائیں گی جب کہ  افواج نے مزار کی عمارت توڑ دی ہے  تاکہ اسے شام کے شدت پسندوں کے استعمال اور ممکنہ حملے سے محفوظ رکھا جاسکے۔

دوسری جانب شام کی حکومت نے  ترک فوج کے  آپریشن پر احتجاج کرتے ہوئے اسے ’’ کھلی جارحیت‘‘ قرار دیا، شام کے سرکاری ٹی وی پر جاری ایک بیان میں حکومت کا کہنا تھا کہ  گوکہ ترکی نے استنبول میں واقع ہمارے قونصل خانے کو اس حوالے سے آگاہ کردیا تھا تاہم  ترک حکومت نے  1921 کے معاہدے کی پاسداری نہیں کی۔

واضح رہے کہ  مزار سلطنتِ عثمانیہ کے اہم بادشاہ سلیمان شاہ کا ہے جو عثمان اول کے دادا تھے جنہوں نے کئی صدیوں تک حکومت کرنے والی سلطنتِ عثمانیہ کی بنیاد رکھی تھی  جب کہ شام اور ترکی کے درمیان 1921 میں  ایک معاہدہ طے پایا تھا کہ ترک افواج مزار کی حفاظت کے لیے شام میں موجود رہیں گی اور تب سے اب تک 40 ترک فوجی مزار کی حفاظت کرتے ہیں جب کہ مارچ 2014 میں شام میں موجود داعش جنگجوؤں نے دھمکی دی تھی  کہ اگر مزار کی حفاظت پر ما مور ترک افواج  واپس نہیں جاتیں تو مزار پر حملہ کیا جائے گا جس پر ترک حکومت کا کہنا تھا کہ مزار پر حملہ دراصل  ترکی پر حملہ تصور کیا جائے گا۔

ایمز ٹی وی (اسلام آباد)ملک بھر میں سردی کی شدت بتدریج کم ہورہی ہے۔محکمہ موسمیات نے پیشنگوئی کی ہے کہ آج رات سے مختلف میدانی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہوگا جو بدھ تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ملک بھر میں سردی کی شدت کم ہورہی ہے تاہم بالائی علاقوں میں کہیں کہیں اب بھی سردی کی شدت پوری طرح برقرار ہے