کراچی : ایم ڈی کیٹ کے بعد سندھ پبلک سروس کمیشن کا پیپر بھی ایک روزقبل آؤٹ ہو گیا، امیدواروں کے امتحانی ہال پہنچنے پر انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیا کہ ٹیسٹ ملتوی کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں جامعہ این ای ڈی میں سندھ پبلک سروس کمیشن کامحکمہ تعلیم کی بی پی ایس 16 سیکنڈری اسکول ٹیچر کی پوسٹ کیلئے میرٹ ٹیسٹ منعقد کیا گیاجو پرچہ آؤٹ ہونے کےسبب دوران امتحان ہی ملتوی کردیا گیا۔
انتظامی عملے نے امتحان ملتوی کرنے کا فیصلہ کرنے کے بعد کمرہ امتحان میں امیدوران سے پرچے واپس لینا شروع کئے تو امیدوار مشتعل ہوئے اور انہوں نے پرچے پھاڑ کر کرسیاں پھینکیں جبکہ یونیورسٹی روڈپر احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا
کیا گیا۔ امیدواروں کی جانب سے الزام عائد کیا گیا کہ ٹیسٹ کے وقت سے قبل پرچہ آؤٹ ہوا ہے ، جب امتحان شروع ہوا تو یہ وہی پرچہ تھا جو پہلے سے سامنے آیا، یہ سب کر کے میرٹ کے سسٹم کو تباہ کیا جارہا ہے ، سندھ میں تعلیمی نظام خراب ہو تا جارہا ہے جو کہ تشویش ناک ہے۔ احتجاجی مظاہرے کے دوران انتظامیہ اور امید واروں کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی جبکہ سندھ پبلک سروس کمیشن کے عملے نے موقع سے نکلنے میں ہی عافیت جانی۔ سندھ پبلک سروس کمیشن کے مطابق 27
اور 28 فروری والے پرچے معمول کے مطابق ہوں گے جبکہ ملتوی ہونے والے پرچے اپریل میں ہونگے۔
پاکستان سپر لیگ کے چھٹے میچ میں پشاور زلمی نےکراچی کنگزکو155رنز کا ہدف دےدیا
پشاور زلمی کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی بیٹنگ جاری ہے۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں پشاور زلمی کی ٹیم محض 19.5 اوورز میں 154 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی، اوپنر صائم ایوب ٹیم اچھا آغاز دینے میں ناکام رہے اور گولڈن ڈک کا شکار ہوکر پویلین لوٹے، محمد حارث 6 اور ٹام کوہلر کیڈمور 2 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
دیگر کھلاڑیوں میں روومین پاول 39، آصف علی 23 بناکر کر نمایاں رہے، کپتان بابراعظم نے 7 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 70 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی، عامر جمال ایک، محمد ذیشان اور وقار سلام خیل صفر پر آؤٹ ہوئے۔
کراچی کنگز کی جانب سے میر حمزہ اور حسن علی نے 3،3 جبکہ ڈینیئل سمس 2 وکٹیں حاصل کیں۔
قبل ازیں کراچی کنگز کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ میچ میں کامیابی سمیٹ کر پہلی فتح کے منتظر ہیں۔
۔ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان نے سر سید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (SSUET) کی مجموعی کارکردگی کو اطمینان بخش قراردیتے ہوئے اسے Meeting Maximum Parameters Satisfactorily (MMPS)کے درجہ میں شامل کرلیا ہے کیونکہ سرسید یونیورسٹی نے اعلیٰ معیار قائم کرنے کے حوالے سے سب سے زیادہ ہدف پورے کیے اور 93.76 فیصد نمبرز حاصل کئے۔
سرسیدیونیورسٹی کے شعبہ کوالٹی انہانسمنٹ سیل نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیااور سرسید یونیورسٹی کو ہائر ایجوکیشن کمیشن کی ریٹنگ میں شامل کرنے کے چیلنج کو بخوبی اور کامیابی کے ساتھ تکمیل تک پہنچایا۔
سرسید یونیورسٹی کے چانسلر جاوید انوار نے کہا یہ شاندار کامیابی فیکلٹی اور تمام اسٹیک ہولڈرز کی محنت اور عزم کی عکاسی کرتی ہے جس کے لیے وہ بجا طور پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔ہائر ایجوکیشن کمیشن کے مقررکردہ اہداف کو پورا کرنے اور اپنی ٹیم کو دیگر لوگوں کے لیے ایک بہترین مثال بنانے کے لیے کوالٹی انہانسمنٹ سیل کے ڈائریکٹر ڈاکٹرمحمد ریحان اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے چانسلر جاوید انوار نے اس بات پر زور دیا کہ مستقبل میں جامعہ کے لیے مزید اعزازات حاصل کرنے کے لیے اس جوش و جذبہ کو برقرار رہنا چاہئے
ملتان: پی ایس ایل 9 کے پانچویں میچ میں ملتان سلطانز نےاسلام آباد یونائیٹڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔
ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کا 145 رنز کا ہدف آخری اوور میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
ریزا ہیڈرکس 58 اور محمد رضوان 43 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ افتخار احمد نے 18 رنز بنائے۔
نسیم شاہ نے 2 وکٹیں جبکہ شاداب خان، عماد وسیم اور تیمل ملز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے اسلام آباد یونائیٹڈ کیخلاف ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
اسلام یونائیٹڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے 20 اوورز میں 10 وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز بنائے۔ آغا سلمان 52 اور جورڈن کاکس 41 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔محمد علی اور عباس آفریدی نے 3، 3، اسامہ میر نے 2، ڈیوڈ ولی نے ایک وکٹ حاصل کی۔
رواں ٹورنامنٹ میں دونوں ٹیمیں دو، دو میچ کھیل چکی ہیں جس میں ملتان سلطان نے دونوں میچز میں کامیابی حاصل کی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کو ایک میچ میں کامیابی ملی جبکہ دوسرے میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔
ملتان سلطانز الیون: محمد رضوان (کپتان، وکٹ کیپر)، ڈیوڈ ملان، رضا ہینڈرکس، یاسر خان، افتخار احمد، خوشدل شاہ، ڈیوڈ ولی، اسامہ میر، عباس آفریدی، محمد علی، اولی اسٹون
اسلام آباد یونائیٹڈ الیون: ایلکس ہیلز، کولن منرو، سلمان علی آغا، شاداب خان (کپتان)، اعظم خان (وکٹ کیپر)، جورڈن کاکس، عماد وسیم، فہیم اشرف، نسیم شاہ، عبید شاہ، تیمل ملز
کراچی: قومی ٹیم کے نوجوان اوپنر صائم ایوب نے بھی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ایمرجنگ کرکٹر خواجہ نافع کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نوجوان اوپنر صائم ایوب نے کہا کہ خواجہ نافع بہت باصلاحیت کرکٹر ہیں، وہ کراچی کی ٹیم میں میرے ساتھ کھیلتے رہے ہیں، میں انہیں بچپن سے جانتا ہوں اور انکی کامیابیوں کیلئے دعاگو ہوں۔
اس موقع پر صائم ایوب نے اپنے مشہور نو لُک شاٹ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک جدید شارٹ ہے، ہر کوئی اسے کھیلنے کی کوشش کرے گا کیونکہ ٹی20 کرکٹ میں اپکو میدان پر شارٹس کھیلنا ہوتے ہیں تاکہ بالرز آپ پر حاوی نہ
ہوسکیں۔
گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ میں بدقسمتی سے رن آؤٹ ہونے کے واقعہ پر صائم نے کہا کہ بابراعظم نے ذمہ داری قبول کرتے ہوئے مجھ سے معذرت کی کہ میں انکی وجہ سے آؤٹ ہوا، کھیل میں غلطیاں ہوتی ہیں لیکن ہم ایک دوسرے کو سپورٹ کرتے ہیں۔
کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے سوشل میڈیا سے فیملی ویلاگنگ کے نام پر فحاشی پھیلانے اور قابل اعتراض مواد ہٹانے سے متعلق درخواست پر 13 مارچ کو عدالتی احکامات پر عملدرآمد کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ عقیل احمد کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے درخواست پر تحریری حکم نامہ جاری کردیا، تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی اے کے وکیل نے پیش ہوکر جواب جمع کرنے کے لیے مہلت مانگی ہے، عدالت نے پی ٹی اے اور دیگر کو غیر اخلاقی اور قابل اعتراض مواد سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے ہٹانے کا حکم دیا ہے۔
عدالت نے تحریری حکم نامے میں کہا ہے کہ 31 جنوری کے حکم نامے پر عملدرآمد کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔ مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر موجود قابل اعتراض مواد بلاک یا ہٹا کر رپورٹ پیش کی جائے، عدالت نے 13 مارچ کو عدالتی احکامات پر عملدرآمد کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔
درخواست گزار کے وکیل عثمان فاروق ایڈوکیٹ نے موقف دیا تھا کہ فیملی ویلاگنگ کے نام پر معاشرے میں فحاشی کو فروغ دیا جارہا ہے۔
پاکستان سپر لیگ کے چھٹے میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں کراچی کنگز کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ میچ میں کامیابی سمیٹ کر پہلی فتح کے منتظر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے سعد بیگ کی جگہ عرفان خان نیاری کو پلئینگ الیون کا حصہ بنایا گیا ہے۔
اس موقع پر پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف ہدف کے قریب تھے لیکن میچ کو جیتنے میں ناکام رہے۔
کراچی کنگز کا اسکواڈ
کپتان شان مسعود، محمد اخلاق، جیمز ونس، شعیب ملک، کیرون پولارڈ، محمد نواز، عرفان خان نیازی، ڈینیئل سمس، حسن علی، میر حمزہ، تبریز شمسی
پشاور زلمی کا اسکواڈ
کپتان بابراعظم، صائم ایوب، محمد حارث، ٹام کوہلر کیڈمور، روومین پاول، آصف علی، عامر جمال، لیوک ووڈ، محمد ذیشان، وقار سلام خیل، سلمان ارشاد
کراچی: جامعہ کراچی کے شعبہ سیاسیات کے زیراہتمام دوروزہ بین الاقوامی کانفرنس بعنوان: ”پاکستان کے سیاسی کلچر میں نظریات کی تبدیلی“ کی افتتاحی تقریب 20 فروری 2024 ء کوصبح 10:00 بجے چائینیزٹیچرزمیموریل آڈیٹوریم جامعہ کراچی میں منعقد ہوگی۔
کانفرنس کی صدارت شیخ الجامعہ پروفیسرڈاکٹر خالد محمودعراقی کریں گے جبکہ چیئر مین سندھ ایچ ای سی پروفیسرڈاکٹر ایس ایم طارق رفیع مہمان خصوصی ہوں گے اورواشنگٹن سینٹر فارانٹرنشپ اکیڈمک سیمینارز واشنگٹن ڈی سی امریکہ کے ہسٹری اور انٹرنیشنل ریلیشنز کے پروفیسرڈاکٹر ارشد سید کریم کلیدی خطاب کریں گے۔صدرانسٹی ٹیوٹ آف بزنس مینجمنٹ کراچی طالب ایس کریم مہمان اعزازی جبکہ صدر شعبہ سیاسیات جامعہ کراچی پروفیسرڈاکٹر ثمینہ سعید خطبہ استقبالیہ پیش کریں گی جبکہ کلمات تشکر شعبہ سیاسیات کے ایسوسی ایٹ پروفیسرڈاکٹر محمد علی اداکریں گے۔
کانفرنس میں مختلف موضوعات پر قومی وبین الاقوامی محققین اپنی پریزنٹیشن اور مقالات پیش کریں گے۔
کراچی: علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے سندھ چیپٹر کا کانووکیشن 3 مارچ کوعلامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے کراچی کیمپس میں منعقد ہوگا۔
اِس تقریب میں سندھ بھر کے رجسٹرڈ طلبہ شرکت کرسکیں گے۔طلباء و طالبات کو ڈگریاں اور گولڈ میڈلز دئیے جائیں گے۔سندھ کے نامور ماہرین تعلیم، مختلف جامعات کے وائس چانسلرز، پروفیسرز اور مقامی سکولز /کالجز کے اساتذہ کو تقریب میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ یونیورسٹی اپنی گولڈن جوبلی منارہی ہے، طلبہ کو اِس خوشی میں شامل کرنے کے لئے وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے ملک کے چاروں صوبوں میں کانووکیشن کے انعقاد کا فیصلہ کیا تھا،اِس فیصلے کی روشنی میں اسلام آباد چیپٹر کا کانووکیشن 31جنوری کو منعقد ہوا، سندھ چیپٹر کا 3مارچ کو کراچی میں منعقد کیا جارہا ہے، پنجاب چیپٹر کا کانووکیشن 28اپریل کو لاہور کیمپس میں منعقد کیا جائے گا، بلوچستان کا 19مئی کو کوئٹہ میں منعقد کیا جائے گا جبکہ خیبر پختون خوا ہ چیپٹر کا کانووکیشن 9جون کو پشاور کیمپس میں منعقد ہوگا۔
کراچی:ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری، جامعہ کراچی، کی فیکلٹی پروفیسر ڈاکٹرثمر یوسف ”دی ورلڈ اکیڈمی آف سائینسز ینگ ایفی لیشن نیٹ ورک اگزیکٹو کمیٹی“کی رکن منتخب ہوگئی ہیں۔ بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر فرزانہ شاہین نے پروفیسرثمر یوسف کو اُن کی اس کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔
آئی سی سی بی ایس، جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق دی ورلڈ اکیڈمی آف سائینسز ینگ ایفی لیشن نیٹ ورک اگزیکٹو کمیٹی نے پروفیسر ثمر یوسف کو اسٹرکچرل کیمسٹری میں خدمات انجام دینے کے اعتراف میں رکن منتخب کیا ہے۔واضح رہے کہ پروفیسر ثمر یوسف کے حصے میں250ریسرچ پیپر شامل ہیں جبکہ گوگل اسکالر پر3900سائٹیشن کی حامل ہیں۔ ان کا مقامی ادویاتی پودے سے اینٹی لیشمینئس اجزاء کی دریافت کوامریکہ میں پیٹنٹ سے محفوظ کرلیا گیا ہے اور یہ سندھ حکومت کے مالی تعاون سے چلنے والے ایک منصوبے کے تحت کلینکل ٹرائلزکے لیے تیار ہے۔
شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی، سابق وفاقی وزیر برائے سائینس اور ٹیکنالوجی اور پروفیسرامریطس ڈاکٹر عطا الرحمن اور کامسٹیک کے کوارڈینیٹر جنرل اور ادویاتی اور بائیو آرگینک نیچرل پروڈکٹ کیمسٹری پر قائم یونیسکو چیئر کے نگراں (چیئر ہولڈر) پروفیسر ڈاکٹرمحمد اقبال چوہدری نے بھی پروفیسرثمر یوسف کو اُن کی کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔