Wednesday, 20 November 2024
 
 
 
سری نگر: غیر ملکی میڈیا نے مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فورسز کے جھوٹ کا پردہ چاک کردیا ہے اور کشمیری طالب علم کی شہادت پر پردہ ڈالنے کی کوشش ناکام بنادی۔
 
قطری میڈیا الجزیرہ، برطانوی اخبار انڈی پنڈنٹ اور امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز کشمیر میں زخمیوں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہونے والا طالب علم اسرار احمد خان بھارتی فورسز کی پیلٹ گن کا نشانہ بنا۔
 
بھارتی فورسز نے جھوٹا دعویٰ کیا کہ نوجوان اسرار احمد کے سر پر پتھر لگا تھا جو اس کی موت کی وجہ بنا۔ تاہم غیر ملکی میڈیا نے بتایا کہ ایکسرے میں کشمیری نوجوان کے سر اور چہرے پر متعدد چھرے لگنے کے واضح نشانات ہیں۔
 
غیر ملکی میڈیا نے شہید کشمیری نوجوان اسرار احمد کے اہلخانہ سے بھی بات چیت کی۔ اسرار کے والد فردوس احمد نے بتایا کہ 6 اگست کو ان کا بیٹا محلے کے پارک میں دوستوں کیساتھ کرکٹ کھیل رہا تھا، اس دوران بھارتی فوج نے بچوں پر پیلٹ گن سے فائرنگ کی، بھارتی فوج نے بنا کسی وجہ کےاسرار احمد کو نشانہ بنایا۔
 
اسرار کی شہادت کی خبر سنتے ہی سری نگر میں نوجوان سڑکوں پر نکل آئے اور شدید احتجاج کرتے ہوئے بھارتی فوج پرپتھراؤ کیا۔ بھارتی فوج نے اسرار کے گھر تک جانیوالی سڑک رکاوٹیں لگا کربند کردی جبکہ کرفیو اور دیگر پابندیاں بھی مزید سخت کردیں۔
 
اسرار کے کزن عرفان نے الجزیزہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے جوان کو شہید کرنے کے بعد ہمارے سوگ منانے پر بھی پابندی ہے، یہ کیسی جمہوریت ہے۔
 
برطانوی اخبار گارجین کے مطابق مودی سرکار کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد بھارتی فورسز کے ہاتھوں گزشتہ 30 روز میں 5 کشمیری شہری شہید ہوچکے ہیں۔ سینئر بھارتی فوجی افسر لیفٹننٹ جنرل کنول جیت سنگھ ڈھیلون نے ان پانچوں کشمیریوں کی شہادت کی تصدیق کی۔
 
مودی حکومت نے 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے آئین کے آرٹیکل 370 اور 35 اے کو منسوخ کردیا تھا۔ مودی حکومت نے ریاست کو دو حصوں میں تقسیم کرکے وہاں مزید 70 ہزار فوجی بھی تعینات کردیے ہیں۔
 
ایک ماہ سے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ ہے اور کاروبار زندگی مفلوج ہے جس کے باعث کشمیری سخت اذیت کا سامنا کررہے ہیں اور خوراک کی قلت کا شکار ہیں۔

کراچی: کراچی میں حالیہ بارشوں کے پیشِ نظر این ای ڈی یو نی ورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کا ملتوی ہونے والا انٹری ٹیسٹ 6 ستمبر جمعہ ہوگا،

جس میں قریباًدس ہزار چھے سو طالبِ علموں کی شرکت متوقع ہے جب کہ کامیاب امیدواروں کے لیے اوپن ڈے 11ستمبر کی بجائے 7 ستمبر کو کیا جائے گا۔

 
 
 
 
 
 
 
قاہرہ: مصر کے سابق صدر محمد مرسی مرحوم کے سب سے چھوٹے بیٹے عبداللہ مرسی دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے۔
 
عرب خبر رساں ادارے کے مطابق سابق صدر محمد مرسی کے بیٹے عبداللہ مرسی کی عمر 25 سال کے لگ بھگ تھی، انہیں دل کا دورہ پڑنے پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکے۔
 
 
مصر کے سابق صدر محمد مرسی کمرہ عدالت میں بے ہوشی کے بعد انتقال کرگئے
 
مرسی فیملی کی جانب سے بھی عبداللہ مرسی کے انتقال کی خبر کی تصدیق کی گئی ہے۔
 
میڈیا رپورٹس کے مطابق عبداللہ مرسی اپنے والد کی اچانک موت کے بعد سے کئی طبی مسائل کا شکار تھے اور ان کی موت کار ڈرائیونگ کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی۔
 
واضح رہے کہ محمد مرسی مصر کے پہلے منتخب صدر تھے، انہیں 2013 میں ہونے والی فوجی بغاوت کے بعد گرفتار کرلیا گیا اور وہ جب سے ہی قید میں تھے لیکن رواں سال 17 جون کو عدالت میں دوران ٹرائل ان کی اچانک موت واقع ہوئی۔
اسلام آباد: حکومت نے جمعہ کو یوم دفاع اور یوم یکجہتی کشمیر منانے کا فیصلہ کیا ہے۔
 
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق یوم دفاع پاکستان کے موقع پر ملک بھر میں تمام دفاتر تین بجے بند کر دیئے جائیں گے۔
 
دفاتر کو مقررہ اوقات سے پہلے بند کرنے کا مقصد کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار اور شہداء کے اہلخانہ سے ملاقات اور قومی یادگاروں پر حاضری دینا ہے۔
 
 
 
 
 
واشنگٹن: امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے افغان طالبان اور امریکا کے درمیان ہونے والے معاہدے پر دستخط سے انکار کردیا۔
 
امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ایک انٹرویو میں کہا کہ امریکا نے دہشت گرد حملوں کے لیے افغانستان کو محفوظ پناہ گاہ کے طور پر استعمال کرنے والی القاعدہ کو ختم کرکے افغانستان میں اپنا حقیقی مشن مکمل کیا ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ اگر آپ واپس نائن الیون کے دنوں کو دیکھیں گے تو مقاصد بالکل واضح تھے کہ القاعدہ کو شکست دیں جس نے افغانستان سے امریکا میں حملے کیے تھے۔
 
امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ آج افغانستان میں القاعدہ اپنے پچھلے وجود کے سائے کے برابر بھی نہیں ہے لہٰذا امریکا نے افغانستان میں کارکردگی دکھائی ہے، امریکی فورسز اپنے حقیقی مشن کی تکمیل میں کامیاب رہی ہیں۔
 
مائیک پومپیو نے مزید کہا کہ ہم نے دو دہائیوں میں افغانستان کی سرزمین سے امریکا پر حملوں کے خدشات کا بڑی حد تک خاتمہ کیا ہے، یہی ہماری حقیقی کامیابی ہے۔
 
ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں فورسز کے انخلا سے امریکا کے انسداد دہشتگردی کے وسائل کو دنیا بھر میں بروئے کار لایا جاسکتا ہے۔
 
مائیک پومپیو نے اعتراف کیا کہ افغانستان میں سیکیورٹی کی صورتحال نازک رہتی ہے جب کہ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ امریکی فوج کا وہاں سے انخلا کسی فتح قرار دیے جانے کے مترادف نہیں۔
 
واضح رہےکہ افغانستان اور پاکستان کے لیے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے افغان خبر رساں ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں طالبان اور امریکا کے درمیان معاہدہ طے پانے کی تصدیق کی تھی جب کہ ان کا کہنا تھا کہ امریکی صدر کی توثیق تک یہ معاہدہ حتمی نہیں ہے۔
 
 
 
 
اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ ہر محاذ پر بھارتی مظالم کو بے نقاب کرتے رہیں گے۔
 
اپنی ٹوئٹ میں فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ یوم دفاع غیور اور بہادر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے طور پر منائیں گے۔ کشمیر پاکستان کا دفاعی حصار ہے۔ کشمیریوں کے موقف کا دفاع پاکستان کے دفاع کو مضبوط کرنے کے مترادف ہے۔
 
معاون خصوصی نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کے ساتھ ڈٹ کر کھڑا ہے، ہر محاذ پر بھارتی مظالم کو بے نقاب کرتے رہیں گے۔
 
 
 
 
 
 
 
 
لاہور:مسلم لیگ ق کی رہنماپروین سکندرگل کوگھرمیں قتل کردیاگیا،پولیس نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ، مقتولہ ماضی میں پنجاب اسمبلی کی ممبر رہ چکی ہیں۔
 
تفصیلات کے مطابق مسلم لی ق کی رہنما پروین سکندر آج لاہور کے علاقے نصیر آباد میں واقع اپنےگھر میں مردہ حالت میں پائی گئیں ہیں، حملہ آور نے رسی سے گلا گھونٹ کر انھیں قتل کیا ہے۔
 
پولیس نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ، ابتدائی تحقیق سے یہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ لگ رہا ہے۔ پولیس نے بتایا ہے کہ مقتولہ سکندرپروین گھرکی بالائی منزل پر اکیلی رہتی تھیں،گھرکےنیچےوالی منزل پرسکندرپروین کابھائی رہتاتھا۔
 
مقتولہ پروین سکندر 60 سال کی تھیں اور وہ اپنے کمرے میں مردہ حالت میں پائی گئیں ہیں ۔ پولیس کا کہنا تھا کہ ان کے گلےپررسی کےنشانات ہیں۔
 
سابقہ ایم پی اے پروین سکندر گل غیر شادی شدہ تھیں، اور پرویزمشرف دور میں ق لیگ کےٹکٹ پر رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئی تھیں۔
 
پروین سکندر سنہ 2001 میں ضلع کونسل کی ممبر منتخب ہوئی تھیں اور لاہور سٹی کونسل کی ڈپٹی اسپیکر بھی تھیں۔ اس سے قبل وہ کونسلر اور چیئرمین کے عہدے پر بھی رہی تھیں۔
 
 
 
 
 
 
 
اسلام آباد: سعودی عرب کے وزیر مملکت برائے امور خارجہ عادل الجبير اور متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ عبد الله بن زايد بن سلطان النہيان نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔
 
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ عادل الجبير اور عبد الله بن زايد بن سلطان النہيان کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں باہمی دلچسپی اور خطے میں سیکیورٹی کی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔
 
آرمی چیف نے دونوں ممالک کے ساتھ خصوصی اسٹریٹیجک تعلقات پر فخر کا اظہار کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔
 
سعودی عرب اور عرب امارات نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اقدامات کے خلاف تعاون کی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے متعلق پاکستان سے تعاون کریں گے۔
 
خیال رہے کہ سعودی عرب کے وزیر مملکت برائے امور خارجہ اور متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ کل پاکستان پہنچے تھے۔
 
دونوں وزرائے خارجہ، وزارت خارجہ پہنچے اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔ تینوں رہنماؤں میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور خطے میں امن و امان کی مخدوش صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
 
وزیر خارجہ شاہ محمود نے 5 اگست کو بھارتی یکطرفہ اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کردیا، بھارت کشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنا چاہتا ہے۔
 
بعد ازاں دونوں وزرائے خارجہ نے وزیر اعظم عمران خان سے بھی ملاقات کی تھی، ملاقات کے اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم اور وزرائے خارجہ کے درمیان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی غیر قانونی اور یکطرفہ فیصلے پر بات چیت ہوئی۔
 
وزیر اعظم عمران خان نے کرفیو اور بلیک آؤٹ پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کرفیو کے خاتمے اور نقل و حرکت پر پابندی اٹھانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کا احترام کرنے پر زور دیا۔
 
 
 
 
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کرلیا جس میں انسداد ڈینگی کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
 
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدا ر نے اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کرلیا، صوبائی وزرا، چیف سیکریٹری، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز شریک ہوں گے۔
 
اجلاس میں ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کریں گے۔
 
وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت اجلاس میں صوبے میں انسداد ڈینگی کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
 
 
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ڈینگی پر قابو پانے کے لیے موثر اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ انسداد ڈینگی کے لیے وضع پلان پر100فیصد عمل یقینی بنایا جائے۔
 
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ڈینگی کے سدباب کے لیے صوبے میں ادارے فعال کردار ادا کریں، کوتاہی جہاں نظر آئی وہاں پر سخت ایکشن لیا جائے گا۔
 
محکمہ صحت پنجاب کے مطابق حالیہ بارشوں کے بعد ڈینگی بخار کے مریض سامنے آنے لگے ہیں، سب سے زیادہ ڈینگی مریض اسلام آباد کے نواحی علاقے گلشن اقبال میں سامنے آئے ہیں جن کی تعداد 100 ہے۔
لاہور: پنجاب کے سرکاری میڈیکل کالجوں اور ٹیچنگ اسپتالوں میں سیاسی سرگرمیوں، ریلیوں اور احتجاج پر پابندی عائد کردی گئی۔
 
محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کے جاری مراسلے کے مطابق سرکاری اسپتالوں اور میڈیکل تعلیمی اداروں میں ہرقسم کی سیاسی سرگرمیوں پر پابند ی ہوگی۔
 
مراسلے میں کہا گیا ہےکہ طبی تعلیمی اداروں میں احتجاج، ریلیاں نکالنے کی اور حکومت مخالف بینر اور پوسٹر لگانے کی بھی ممانعت ہوگی۔
 
مراسلے میں اسپتالوں اور تعلیمی اداروں کے سربراہوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ اس پابندی پر مکمل عمل درآمد کرایا جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کےساتھ سختی سے نمٹا جائے۔
 
مراسلے میں مزید کہا گیا کہ اسپتالوں میں کام کرنے والے بعض شرپسند عناصر طبی سہولتوں کی فراہمی میں رکاوٹ ڈال رہے ہیں جو ہرگز قابل برداشت نہیں۔