اتوار, 19 مئی 2024
لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مریم نواز، آصف زرداری اور فریال تالپور کو ملک سے باہر جاتے نہیں دیکھ رہا۔
 
لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ بلاول بھٹو اس گروپ کا حصہ ہیں جن کا کیس نیب کے پاس ہے اگر نیب سے پلے بارگین نہیں کریں گے تو مریم کی طرح بلاول کی سیاست بھی دم توڑ جائےگی۔
 
وفاقی وزیر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے حوالے سے غیر آئینی باتیں کی جارہی ہیں تمام پارٹیاں چاہتی ہیں ان کا چیف الیکشن کمشنر ہوجس کا مطلب دال میں کچھ کالاہے۔
 
مولانا فضل الرحمان سے متعلق سوال پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان نے اعتراف کیا کہ انہوں نے جو کچھ کیا اس کا فائدہ نوازشریف اور آصف زرداری کو ہوا، فضل الرحمان نے جس دسمبر کو حکومت کے لیے آخری قرار دیا اس کا سال نہیں بتایا لیکن مجھے لگتا ہے تین سال بعد والا دسمبر آخری ہوگا۔
 
بھارت میں شہریت سے متعلق مسلمان مخالف متنازع بل پر وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ مودی نے جس طرح کے مسلمانوں پر مظالم ڈھا رہا ہے اس سفاکی کی وجہ سے پاک بھارت تعلقات کشیدہ جائیں گے، مودی کے مظالم کے خلاف کھڑا ہونا پاکستانیوں پر فرض ہوگیا ہے، بھارتی مسلمانوں اور کشمیریوں کا ساتھ دینا ہمارا آئینی، اسلامی و اخلاقی فرض ہے۔
اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اپوزیشن کا الیکشن کمیشن کی تشکیل پر سپریم کورٹ جانا بدقسمتی ہوگی۔
 
الیکشن کمیشن کی تشکیل پراپوزیشن کے سپریم کورٹ سے رجوع کے فیصلے پر فواد چوہدری نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کا الیکشن کمیشن کی تشکیل کے معاملے میں سپریم کورٹ کو رجوع کرنا صریحاً بد قسمتی ہوگی۔
 
فواد چوہدری نے کہا کہ اگر سیاستدان اتنے ناپختہ ہیں کہ الیکشن کمیشن کیلئے ایک شخص پر اتفاق نہیں کر سکتے تو وہ ملک کے بڑے مسائل پر کیا اتفاق رائے پیدا کریں گے، فریقین اپنی پوزیشن میں نرمی لائیں اور فیصلہ کریں۔
 
واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) نے الیکشن کمیشن کو جلد از جلد فعال بنانے کے لیے سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ن لیگ کا کہنا ہے کہ عمران خان فارن فنڈنگ کیس کے باعث الیکشن کمیشن کو دانستہ طور پر غیر فعال رکھنا چاہتے ہیں، اس لئے الیکشن کمیشن کو جلد از جلد فعال بنانے کے لیے سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کریں گے۔
اسلام آباد: رات گئے مولانا فضل الرحمان چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات کے لیے ان کی رہائش گاہ گئے جہاں ان کی چوہدری برادران سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔
 
ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہمارا ایک دوسرے کے گھر آنا جانا کسی پروٹوکول کا پابند نہیں، ملک ہم سب کا ہے، جب کشتی ڈوبتی ہے تو ہم سب ڈوبتے ہیں۔
 
انہوں نے کہا کہ چوہدری صاحبان لاہور سے یہاں تشریف لائے، ہم ملک کو اس بحران سے نکالیں گے جو ملک کو درپیش ہے۔
 
ان کا کہنا تھا ملک کے کونے کونے سے آئے ہوئے لوگ اضطراب کا شکار ہیں اور کسی کو یہ حق حاصل نہیں کہ ان لوگوں کا اضطراب دور نہ کرے۔
 
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ میرا الیکشن کمیشن پر اعتماد نہیں، الیکشن کمیشن خود کہتا ہےکہ 95 فیصد نتائج پر پریزائیڈنگ افسران کے دستخط نہیں، دستخط نہیں ہیں تو الیکشن خودبخود کالعدم ہو جاتا ہے لیکن اس کے باوجود کبھی کہتے ہیں کمیشن بناتے ہیں، کبھی کہتے ہیں فلاں جگہ جاتے ہیں۔
 
انہوں نے مزید کہا کہ جو پارلیمانی کمیشن بنا تھا، ایک سال ہو گیا اس کی میٹنگ کیوں نہیں بلاتے، آج ہمیں کہہ رہے ہیں کمیشن کو فعال بنائیں گے، اس اعتبار سے مسئلہ اتنا آسان نہیں ہے، اس کو سنجیدگی سے لینا ہے۔
 
ان کا کہنا تھا کہ چوہدری صاحبان سے بھی یہی عرض کیا کہ جو ہمارا مؤقف ہے، اس پر آپ سے رہنمائی بھی لینا چاہتے ہیں، سیاسی اصول اور ہمارے مطالبے کے پیچھے ایک حقیقت ہے، اس کو مدنظر رکھتے ہوئے ہماری رہنمائی کی جا سکتی ہے اور اس کا فائدہ اٹھا کر ہم عوام کو اطمینان دلا سکتے ہیں۔

اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کے دو نئے ارکان کی تعیناتی کا صدارتی نوٹیفکیشن معطل کردیا۔

 ہائی کورٹ میں الیکشن کمیشن کے دو نئے ارکان کی تعیناتی کے خلاف وکیل جہانگیر خان جدون کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے حکم جاری کرتے ہوئے صدارتی نوٹیفکیشن معطل کردیا۔
 
چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ پارلیمنٹ میں منتخب نمائندوں کو ایسے فیصلے خود کرنے چاہئیں، پارلیمنٹ کی توقیر ہمارے لیے مقدم ہے، ہم امید کرتے ہیں کہ پارلیمنٹ میں ہی یہ معاملہ حل کیا جائے گا، اسپیکرقومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ پر پورا اعتماد ہے،آئندہ سماعت تک ممبران کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن معطل رہے گا، جو چیز پارلیمنٹ کی ہے وہ پارلیمنٹ میں ہی طے ہونی چاہیے۔
 
چیف جسٹس اطہر من اللہ نے حکم دیا کہ 7 دسمبر سے پہلے یہ معاملہ حل کر کے عدالت کو آگاہ کریں، الیکش کمیشن اس وقت تقریباً غیر فعال ہے، چیف الیکشن کمشنر کی ریٹائرمنٹ بھی قریب ہے آپ جلد اس کو حل کرلیں۔

سرکاری وکیل نے کہا کہ چار ہفتے کا مزید وقت دے دیا جائے، تین میٹنگز ہوئی ہیں لیکن حالات خراب ہونے کی وجہ سے پیش رفت نہیں ہو سکی۔ چیف جسٹس نے دھرنے کی اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ جس معاملے کا آپ حوالہ دے رہے ہیں اس کو بھی پارلیمنٹ میں حل ہونا چاہیے۔ کیس کی مزید سماعت پانچ دسمبر تک ملتوی کردی گئی۔

اسلام آباد:الیکشن کمیشن پاکستان نے تحریک انصاف کی پارٹی فنڈنگ کیس کی سماعت کی۔کمیشن نے فیصلہ سناتے ہوئے پی ٹی آئی کی چاروں درخواستیں مسترد کردیں۔ الیکشن کمیشن نے حکم دیا کہ اسکروٹنی کمیٹی پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کی تحقیقات جاری رکھے اور دونوں فریقین کمیٹی کے سامنے 14 اکتوبر کو پیش ہوں۔
 
پی ٹی آئی نے فارن فنڈنگ کی تحقیقات کرنے والی اسکروٹنی کمیٹی کی کارروائی لیک (افشا) ہونے سے روکنے کی 4 درخواستیں جمع کراتے ہوئے کہا تھا کہ اسکروٹنی
کمیٹی کی کارروائی کو خفیہ رکھا جائے۔
 
الیکشن کمیشن نے اکبر ایس بابر کی درخواست پر 2018 میں پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کی تحقیقات کے لیے اسکروٹنی کمیٹی بنائی تھی جو پی ٹی آئی کے خلاف ممنوعہ فنڈنگ کی تحقیقات کررہی ہے۔
 
الیکشن کمیشن کے باہر اکبر ایس بابر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی فنڈنگ کی اسکروٹنی (چھان بین) کا عمل اپنے منطقی انجام کو پہنچے گا، اسکروٹنی کمیٹی کے 2 درجن سے زیادہ اجلاس ہو چکے ہیں، تحریک انصاف کے خلاف فنڈنگ کیس عوام کے سامنے اصل حقائق لے کر آئے گا، تحریک انصاف کی حکومت کی ناکامی کی وجہ تبدیلی کے اصولوں کو اپنے اوپر لاگو نہ کرنا ہے۔
پشاور: قبائلی اضلاع میں انتخابات، الیکشن کمیشن نے تمام پولنگ اسٹیشنز کے اندر فوج تعینات کرنے کا فیصلہ واپس لے لیا۔اب فوج صرف حساس ترین پولنگ اسٹیشنز کے اندر ہی تعینات ہوگی۔ قبائلی اضلاع میں نافذ دفعہ 144 بھی ختم کر دی گئی۔
 
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے قبائلی علاقوں میں انتخابات میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے الیکشن کمیشن نے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے تمام پولنگ اسٹیشنز کے اندر فوج تعینات کرنے کا فیصلہ تبدیل کر لیا ہے، اب فوج صرف حساس ترین پولنگ سٹیشنز کے اندر ہی تعینات ہوگی۔
 
یہ فیصلہ الیکشن کمیشن آف پاکستان میں ہونے والے اہم اجلاس میں کیا گیا جس میں صوبائی الیکشن کمشنر، خیبر پختونخوا کے ڈی آر اوز اور سیکیورٹی حکام نے شرکت کی۔
 
الیکشن کمیشن کے مطابق اب تمام پولنگ سٹیشنز کے باہر تو فوج بدستور تعینات رہے گی لیکن اندر تعیناتی صرف انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز تک محدود کر دی گئی ہے۔
 
الیکشن کمیشن کے حکم پر قبائلی اضلاع میں نافذ دفعہ 144 بھی ختم کر دی گئی ہے تاکہ امیدواروں کو الیکشن مہم میں درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو سکے۔
 
الیکشن کمیشن نے تمام پولنگ سٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کی بھی ہدایت کر دی ہے۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ 20 جولائی کو ہونے والے انتخابات کے لیے تمام ضروری اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں

کراچی: الیکشن کمیشن نے وزیراعظم عمران خان اور گورنر سندھ عمران اسماعیل سمیت وفاقی وزراء کو انتخابی ضابطے کی خلاف ورزی پر اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کردیا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ضمنی انتخاب کے شیڈول کے اعلان کے بعد گھوٹکی کا دورہ کیا جو کہ قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

الیکشن کمیشن نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر گورنرسندھ عمران اسماعیل، وفاقی وزراء فہمیدہ مرزا اور میاں محمد سومرو کو بھی نوٹس جاری کیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق وزیراعظم، گورنر اور وزراء نے کوڈ آف کنڈکٹ کے پیرا 17 کی خلاف ورزی کی جس کی وجہ سے انہیں اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کیا گیا جس کا جواب انہیں 7 روز کے اندر داخل کرانے کا کہا گیا ہے۔

ریجنل الیکشن کمشنر کے مطابق وزیراعظم اور دیگر کو نوٹس پیپلز پارٹی کے عبدالباری پتافی کی شکایت پر جاری کیا گیا۔ 

یاد رہے کہ علی محمد مہر کے انتقال کے بعد خالی ہونے والی قومی اسمبلی کی نشست این اے 205 پر انتخابی شیڈول کا اعلان ہوچکا ہے اور وزیراعظم عمران خان گزشتہ روز علی محمد خان مہر کے گھر تعزیت کے لیے گئے تھے

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے الیکشن کمیشن نے انتخابات بہتربنانے کیلئے 47 سفارشات پیش کردیں جس میں کاغذات نامزدگی فارمزکوقانون کے بجائے رولزکاحصہ بنانے کی سفارش کردی۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سفارش کی ہے کہ الیکشن شیڈول کاوقت 60 کے بجائے 90 روزکیاجائے،انتخابات میں بغیرپائلٹ ٹیسٹ ٹیکنالوجی استعمال نہ کی جائے،آرٹی ایس کااستعمال تجربات کے بعدکیاجائے، واٹرمارک کے بجائے دیگرسیکیورٹی والے بیلٹ پیپرز استعمال کیے جائیں۔
 
الیکشن کمیشن کا کہناہے کہ سیاسی جماعتیں اخراجات کیلئے الگ بینک اکاؤنٹس کھلوائیں،تصاویروالی ووٹرلسٹیں امیدواروں کوفراہم نہ کی جائیں، نادرا خواتین ووٹرزکی رجسٹریشن کیلئے انتظامات کرے،الیکشن کمیشن نے کہا کہ حکومت ختم ہونے سے ایک سال پہلے حلقہ بندیاں ہونی چاہئیں، سیاسی جماعت کی رجسٹریشن کیلئے 2 ہزارارکان میں سے 20 فیصدخواتین ہونی چاہئیں ۔

 قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے الیکشن کمیشن کے دو ممبران کے لیے وزیراعظم کو نام تجویز کردیے۔

ذرائع کے مطابق اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے وزیراعظم عمران خان کو جوابی خط لکھ دیا ہے جس میں انہوں نے الیکشن کمیشن کے سندھ اور بلوچستان کے لیے ارکان کے نام تجویز کی ہیں۔

شہبازشریف نے ممبر بلوچستان اور سندھ کے لیے تین تین نام تجویز کیے ہیں جن میں بلوچستان کے لیے شاہ محمد جتوئی، نورمسکان زئی اور محمد رؤف عطا کے نام شامل ہیں جب کہ سندھ کیلئے جسٹس (ر) عبدالرسول میمن، جسٹس (ر) نور الحق قریشی اور خالد جاوید کے نام تجویز کیے ہیں۔

قائد حزب اختلاف نے تجویز کردہ ناموں کے ساتھ ان ارکان کی سی ویز بھی لف کی ہیں۔

واضح رہےکہ وزیراعظم عمران خان کے سیکریٹری نے شہبازشریف کو الیکشن کمیشن کے ممبران کی تقرری کے لیے خط لکھا تھا جس پر اپوزیشن اور اپوزیشن لیڈر نے اعتراض کیا تھا جس کے بعد وزیراعظم عمران خان نے خود شہبازشریف کو خط لکھ کر الیکشن کمیشن کے ممبران کے نام تجویز کرنے کی درخواست کی تھی۔

اسلام آباد: جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور وہ اُن کی تیمارداری کے لیے کل جاتی امراء بھی جائیں گی۔ 

ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان کل نواز شریف سے ملاقات کے لیے جاتی امراء جائیں گے جہاں ان کی تیمارداری سمیت ملکی سیاسی صورتحال پر بھی مشاورت کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نواز شریف کو حکومت کے خلاف مل کر تحریک چلانے کی دعوت دیں گے جب کہ اس موقع پر نواز شریف اور آصف زرداری کے درمیان ملاقات کے حوالے سے بھی بات چیت ہوگی۔

ذرائع کے مطابق جے یو آئی (ف) کے امیر اور (ن) لیگ کے تاحیات قائد کی ملاقات میں الیکشن کمیشن ارکان کی تقرری اور فوجی عدالتوں میں توسیع کے معاملے پر بھی مشاورت ہوگی۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کی آئندہ دنوں میں پیپلز پارٹی کے صدر آصف علی زرداری سے بھی ملاقات ہوگی۔

Page 1 of 15