ھفتہ, 29 جون 2024

ایمز ٹی وی(اسلام آباد) ملک کے مختلف شہروں میں گرمی کی شدت بڑھنے کے ساتھ ہی بجلی کی طلب بھی بڑھ گئی، جس کے باعث ملک میں بجلی کا شارٹ فال 5 ہزار میگاواٹ کے قریب پہنچ گیا۔

ملک کے مختلف شہروں میں درجہ حرارت بڑھنے کے ساتھ ہی بجلی کی طلب بھی بڑھ کر 21 ہزار 200 میگاواٹ تک جاپہنچی ہے، جبکہ اس وقت بجلی کی پیداوار 16 ہزار 548 میگاواٹ ہے۔

وزارت پانی و بجلی نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک کی بجلی کی پیداوار 17 ہزار 120 میگاواٹ کی بلند ترین سطح تک پہنچ چکی ہے جو گزشتہ سال تک 16 ہزار 866 میگاواٹ تھی، ملک میں بجلی کی طلب 17 ہزار 900 میگاواٹ ہے جس کے بعد بجلی کا شارٹ فال 900 میگاواٹ سے بھی کم رہ گیا ہے۔

وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف نے دعویٰ کیا کہ ملک میں کہیں بھی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نہیں کی جارہی، تاہم انہوں نے بجلی کی فراہمی کو مستحکم کرنے میں مدد کے طور پر صارفین سے سحر و افطار کے اوقات میں ایئر کنڈیشنرز نہ چلانے کی درخواست کی۔

تاہم اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) بار بار راولپنڈی کے چند علاقوں جیسے چکلالہ اور کورال میں، آپریشنل مشکلات کے باعث پاور بریک ڈاؤن کے حوالے سے اپڈیٹس جاری کرتی رہتی نظر آرہی ہے۔

اسی طرح پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) کے صارفین کو بھی رمضان کے پہلے دو روزوں کے دوران بجلی کے طویل تعطل کا سامنا کرنا پڑا، جس کے نتیجے میں پشاور کے لیے رمضان سے قبل والے لوڈشیڈنگ شیڈول کو بحال کرنا پڑا۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بدھ کی صبح تک بجلی کی مجموعی پیداوار 15 ہزار 829 میگاواٹ جبکہ طلب 19 ہزار 787 میگاواٹ تھی، جس کے باعث بجلی کا شارٹ فال 3 ہزار 950 میگاواٹ تھا۔

لیکن صورتحال اس وقت بدلی جب دوپہر تک پیداوار 16 ہزار 548 میگاواٹ جبکہ طلب 21 ہزار 153 میگاواٹ تک جاپہنچی، جس کے باعث شارٹ فال بھی بڑھ کر 4 ہزار 605 میگاواٹ ہوگیا۔

وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابس شیر علی کا بھی قومی اسمبلی کے اجلاس میں کہنا تھا کہ ملک کے کسی بھی حصے میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نہیں کی جارہی۔

رکن قومی اسمبلی میاں عتیق شیخ کے توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دیتے ہوئے عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ بجلی کی زیادہ لوڈشیڈنگ صرف ان علاقوں میں کی جارہی ہے جہاں کا ریکوری ریٹ کم ہے، جبکہ جن علاقوں کا ریکوری ریٹ 60 فیصد سے کم ہے وہاں 18 گھنٹے تک کی بھی لوڈ شیڈنگ کی جاسکتی ہے۔

ایمز ٹی وی(اسلام آباد) سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 110 کے 29 پولنگ اسٹیشنز کے گمشدہ ریکارڈ کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ قومی اسمبلی کے حلقے این اے 110 کے گمشدہ ریکارڈ سے متعلق کیس کی سماعت چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں ہوئی۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے امیدوار عثمان ڈار کے وکیل بابر اعوان کا کہنا تھا کہ الیکشن کرپشن ملک میں ہونے والی کرپشن کی بنیاد ہے، 70سال میں الیکشن کمیشن کاایک افسر بھی گرفتار نہیں ہوا، الیکشن سے ایک روز قبل خواجہ آصف نے ریٹرننگ افسران کو اپنے گھر چائے پر مدعو کیا تھا، خواجہ آصف کی جانب سے ریٹرننگ افسران کو گھر پر چائے پر بلانے کا نوٹس لیا جائے۔ چیف جسٹس کا اپنے ریمارکس میں کہنا تھا کہ ضرورت پڑی تو ریٹرننگ افسران کو چائے پر بلانے کی بھی رپورٹ طلب کریں گے۔

بابر اعوان کا کہنا تھا کہ این اے 110 میں 5 پولنگ اسٹیشنز کے کاؤنٹر فائلز کے علاوہ تما م ریکارڈ غائب ہے جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ریکارڈ کا غائب ہوناانتخابی عمل کو مشکوک بنا دیتا ہے، کوئی بھی الیکشن کمیشن کا ریکارڈ غائب کر دے تو دوبارہ الیکشن کا کھیل آسان ہوجائے گا، الیکشن کمیشن 29 پولنگ اسٹیشن کے ریکارڈ کے لئے حلقے کھول سکتا ہے، این اے 110 کے 29 پولنگ اسٹیشنز کا گمشدہ ریکارڈ تلاش کر کے ایک ہفتے میں تفصیلی رپورٹ جمع کرائی جائے۔

چیف جسٹس انور ظہیر جمالی نے بابر اعوان سے دوران مکالمہ کہا کہ الیکشن کا دن اتنا پرسکون نہیں ہوتا جیسی یہ اے سی والی عدالت ہے، ایک ریٹرننگ افسر نے تو الیکشن ڈے کو قیامت صغریٰ کا نام دے دیا تھا، اگر آپ کو رپورٹ پر اعتراض ہے تو اسے ضائع کردیتے ہیں۔ بابر اعوان کا اپنے جواب میں کہنا تھا کہ انھیں رپورٹ پرمکمل اعتماد ہے لیکن سوال کرنا میرا قانونی حق ہے۔ سپریم کورٹ نے نادرا رپورٹ میں شناختی نمبر کی جگہ کراس کا نشان لگانے کی بھی رپورٹ کی طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت ایک ہفتے کے لئے ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ 13 مئی 2013 کے عام انتخابات میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 110 سے مسلم لیگ (ن) کے خواجہ آصف کامیاب قرار پائے تھے لیکن پھر تحریک انصاف کی جانب سے جن 4 حلقوں کو کھولنے کا مطالبہ کیا گیا تھا ان میں این اے 110 بھی شامل تھا۔

ایمز ٹی وی(پشاور) چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے خیبرپختنونخوا وزرا کی کارکردگی جانچنے کے لیے کمیٹی بنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹی کے رپورٹ کے بعد وزرا کو تبدیل کیا جائے گا۔

چیرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیر صدارت وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں ارکان سمبلی کا اجلاس ہوا جس میں ایم پی ایز نے صوبائی وزرا کے خلاف شکایات کے انبار لگا دیئے جس پر چیرمین پی ٹی آئی نے کابینہ میں تبدیلی کا اشارہ دے دیا۔

ذرائع کے مطابق عمران خان نے وزرا کی کارکردگی جانچنے کے لیے کمیٹی بنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹی کے رپورٹ کے بعد وزرا کو تبدیل کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ارکان اسمبلی اتحاد پیدا کرکے انتخابات کی تیار کریں کیوں کہ موجودہ حکومت زیادہ دیر تک ٹہرنے والی نہیں ہے۔

ایمز ٹی وی(اسلام آباد) وزیراعظم محمد نوازشریف رمضان المبارک کاآخری عشرہ مکہ اورمدینہ میں گزارنے کاادارہ رکھتے ہیں اور عیدالفطرکے بعد وطن واپس پہنچیں گے۔

وزیراعظم نوازشریف لندن میں دل کے کامیاب آپریشن کے بعد اسپتال سے اپنی رہائش گاہ منتقل ہوچکے ہیں۔ وہ صحت یابی کے بعد شکرانے کے نوافل ادا کرنے اورعمرے کیلیے سعودی عرب جانے کاارادہ رکھتے ہیں ۔ یہ بات شریف فیملی کے قریبی ذرائع نے نام ظاہرنہ کرنے کی شرط پر بتائی ہے۔ ان ذرائع نے مزید بتایا کہ وزیراعظم نے لندن سے واپسی پر سعودی عرب میں قیام کاارادہ ظاہر کیا ہے تاہم یہ ان کے ڈاکٹروں کی اجازت سے مشروط ہے۔

ذرائع نے بتایا وزیراعظم تیزی سے صحت یاب ہورہے ہیں اورامید ہے کہ انھیں ایک 2 ہفتوں میں فضائی سفرکرنے کی اجازت مل جائے گی۔ ان ذرائع نے بتایا کہ پاکستان آنے کے بجائے سعودی عرب جانے کا مقصدآرام کرنا اوررمضان المبارک کے باقی دن وہاں گزارنا ہے ۔ وزیراعظم کی صحت نے اجازت دی تو وہ اس دوران عمرہ بھی اداکریں گے

ایمز ٹی وی(لاہور) وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان ائیرلائنز کے تمام جہاز آف شور کمپنیوں کے نام پر ہیں۔نجی ٹی وی کے مطابق خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کے تمام جہاز آف شور کمپنیوں کے نام ہیں، جب کچھ غیر قانونی نہیں تو اپوزیشن رہنمائ کس بات کا شور مچا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس کے معاملے پر شور مچانے والے ان رہنماﺅں کے اپنے پلے کچھ نہیں ہے

ایمز ٹی وی(کوئٹہ )بیرسٹر امان اللہ گھر سے یونیورسٹی جا رہے تھے کہ راستے میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی ، موقع پر دم توڑ دی

کوئٹہ میں پرنسپل لا ء کالج کے پرنسپل کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا ، وکلاء واقعے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے ، حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی ، بیرسٹر امان اللہ گورنر بلوچستان اور محمود خان اچکزئی کے بھتیجے تھے ۔ پولیس کے مطابق کلی ترخہ میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے بیرسٹر امان اللہ پر اس وقت فائرنگ کی جب اپنے گھر سے کالج جا رہے تھے ۔ فائرنگ سے پرنسپل لاء کالج شدید زخمی ہو گئے اور سول ہسپتال منتقل ہونے سے قبل ہی دم توڑ گئے جس کے بعد وکلاء کی بڑی تعداد سول ہسپتال پہنچ گئی اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی جبکہ ایف سی اور پولیس کی بھاری نفری بھی صورتحال کو کنٹرول کرنے سول ہسپتال پہنچی ۔ ڈاکٹرز کے مطابق پرنسپل امان اللہ کو 5 سے 6 گولیاں لگی ہیں ۔ یونیورسٹی لا کالج کے پرنسپل امان اللہ گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی اور پشتوننخواء میپ کے رہنما محمود خان اچکزئی کے بھتیجے ہیں جو لاء کالج کے گزشتہ سال اپ گریڈیشن کے بعد بیک وقت گورنمنٹ لاء کالج کے پرنسپل سمیت لاء یونیورسٹی کا اضافی چارج بھی سنھبال رہے تھے ۔ واقعے پر وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے افسوس کا اظہار کیا اور واقعے کی رپورٹ طلب کر لی جبکہ وکلاء کی بڑی تعداد احتجاج کرتے گورنر ہائوس کے سامنے حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتی رہی جبکہ ابتدائی تحقیقات کے بعد سول ہسپتال کے انتظامیہ نے لاش ورثا کے حوالے کر دی ۔ لواحقین کا کہنا ہے کہ ان کی کسی کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں

ایمز ٹی وی(لاہور ) سمیت سندھ کے میدانی علاقے بھی آگ شدیدی گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے ، اسلام آباد ، لاہور ، پنڈی میں ہلکی بارش کا امکان

ملک کے میدانی علاقوں سورج کا پارہ آج بھی ہائی رہے گا ، لاہور میں بھی موسم گرم رہے گا ، سندھ کے میدانی علاقے بھی جھلستے رہیں گے ۔ سورج برہم ، موسم آج بھی گرم میدانی علاقوں میں پارہ ہائی ہونا شروع ہوگیا ۔ سورج آج بھی قہر برسائے گا اور لوگوں کا میٹر گھمائے گا ۔ لاہور میں بھی گرمی پڑے گی ، اسلام آباد ، پشاور ، ملتان ، بہاولنگر اور فیصل آباد میں سورج آگ برسائے گا ۔ سندھ میں لاڑکانہ ، جیکب آباد ، نوابشاہ اور سکھر میں بلا کی گرمی پڑے گی ۔ موسم کی خبر دینے والے کہتے ہیں آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم اسلام آباد ، راولپنڈی ، لاہور ، گوجرانوالہ اور کشمیر میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے

ایمز ٹی وی(اسلام آباد) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عیدالفطر کے بعد اپنی اپنی جماعتوں کو سڑکوں پر آنے کے لئے تیاری کی ہدایت کردی۔

پاناما لیکس کے معاملے پر حکومت کی جانب سے ٹھوس اقدامات نہ کئے جانے پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنی اپنی جماعتوں کو سڑکوں پر لانے کی ہدایت کردی۔ ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے عید کے بعد پنجاب کو احتجاجی مرکزبنانے کا فیصلہ کیا ہے جہاں صوبے کےمختلف شہروں میں جلسے جلوس اور احتجاجی سرگرمیاں ہوں گی۔

دوسری جانب چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اپنی جماعت کے سینئر رہنماؤں کو ہدایت کی ہے کہ رمضان المبارک کے دوران احتجاج کی تیاری مکمل کرلی جائے اور پارلیمنٹ سے باہر تحریک چلانے کے لئے دیگر اپوزیشن جماعتوں سے بھی رابطے کی ہدایت کی جب کہ عمران خان نے دیگر ارکان اسمبلی سے بھی اپیل کی کہ وہ بھی حکومت مخالف تحریک کے لئے متحرک ہوجائیں۔

ایمز ٹی وی(اسلام آباد) پاناما لیکس پر بننے والی پارلیمانی کمیٹی کے حکومتی رکن اور وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کے بعض ممبران اور ایک اپوزیشن جماعت کا ہدف صرف ایک ذات کو نشانہ بنانا ہے جس کا پاناما دستاویزات میں ذکر ہی نہیں۔

پاناما لیکس پر ٹی او آرز کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ہماری تجاویز کے جواب میں جو ڈرافٹ دیا گیا اس پر افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ وہ اپوزیشن کے پہلے والے 15 سوال سے بھی آگے ہے جو پوری طرح افراد کے درمیان گھوم رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں نہیں لگتا کہ اپوزیشن کا ارادہ بے لاگ احتساب کا ہے اگر بے لاگ احتساب کرنا ہے تو قانون اور ٹی او آرز ایسے بنائیں جو سب کا احاطہ کریں۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اپوزیشن کے بعض ممبران اور ایک اپوزیشن کی جماعت کا ٹارگٹ صرف ایک ذات ہے جس کا پاناما میں ذکر ہی نہیں، ہم مسئلے کو حل کرنا چاہتے ہیں جس کے لیے جمعہ کو دوبارہ اجلاس ہوگا اور اپوزیشن کی پہلے سے بھی زیادہ سخت شرائط پر رائے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر مسئلے کو حل کرنا ہے تو ایسا راستہ اختیار کرنا پڑے گا جو کسی کو ٹارگٹ نہ کرے بلکہ ایسے قانون کے لیے پیشرفت کی جائے جو نہ صرف پاناما پیپرز میں آنے والے لوگوں کا احاطہ کرے بلکہ آئندہ بھی ایسا کوئی واقعہ پیش آئے تو اس قانون کو استعمال میں لایا جاسکے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم کمیشن بٹھانا چاہتے ہیں اور قانون بنانے کے لیے بھی تیار ہیں لیکن کوئی اس پر سیاست کرنا چاہتا ہے تو پاکستان میں احتساب کا نعرہ بہت پرانا ہے، ہم اس کھیل کو جانتے ہیں

ایمز ٹی وی(کراچی) رینجرز نے ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار کی رہائشی گاہ کا محاصرہ کرکے ان کے گھر آنے جانے والے راستوں کو بند کردیا تاہم کچھ دیر بعد اہلکار واپس روانہ ہوگئے۔

رینجرز نے کراچی کے علاقے پی آئی بی کالونی میں متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما فاروق ستار کی رہائش گاہ کا محاصرہ کیا اوراس دوران رینجرز کی بھاری نفری نے فاروق ستار کی رہائش گاہ کے اطراف تمام گلیوں کو مکمل طور پر بند کردیا۔ ذرائع کے مطابق رینجرز اہلکاروں نے موقع پر موجود میڈیا کے نمائندوں کو بھی کارروائی کی فوٹیج بنانے سے روک دیا تاہم اہلکار رہائش گاہ کے باہر موجود رہنے کے تھوڑی دیر بعد واپس چلے گئے۔ ذرائع نے بتایا کہ رینجرز کی اس کارروائی کے نتیجے میں کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ہے۔

فاروق ستار کا کہنا ہے کہ میں نے کارروائی پر ڈی جی رینجرز کو فون کیا مگر ان سے رابطہ نہیں ہوسکا، میرے گھر پر موجودگی کے دوران گھر کا دروازہ بندوقوں سے پیٹا گیا، مجھے گھر سے باہر بلانے کا یہ طریقہ نہیں، اگر میرے گھر میں کوئی چھپا ہے تو مجھے بتایا جائے۔ انہوں نے کہا میرے گھر پر کوئی مطلوب شخص موجود نہیں جس کی مکمل ضمانت دیتا ہوں جب کہ رینجرز کی اس کارروائی کی فوٹیج بنانے کی میڈیا کو بھی اجازت دی جائے تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ میری اہلیہ نے رینجرز اہلکاروں سے بات کی اور کارروائی کی وجہ جاننے کی کوشش کرتے ہوئے تعاون کا یقین دلایا تاہم اس دوران اہلکاروں کی جانب سے کچھ نہیں بتایا گیا۔

ترجمان ایم کیو ایم کی جانب سے فاروق ستارکے گھرکے باہررینجرز کے محاصرے پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔

دوسری جانب رینجرز ذرائع کا کہنا ہےکہ پی آئی بی کالونی میں چھاپہ رکن سندھ اسمبلی کامران فاروقی کی گرفتاری کے لیے مارا گیا، علاقے میں کامران فاروقی کی موجودگی کی اطلاع تھی جو رینجرز کو مطلوب ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ اس سے قبل بھی قانونی تقاضے پورے کیے لیکن کامران فاروقی حاضر نہیں ہوئے۔