منگل, 07 جنوری 2025
×

Warning

JUser: :_load: Unable to load user with ID: 46
JUser: :_load: Unable to load user with ID: 42

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ایڈووکیٹ اظہر صدیق کا وزیراعظم کی نااہلی کیلئے دائر ریفرنس خارج کردیا اور رولنگ جاری کردی ہے، جس کے مطابق وزیراعظم سمیت کسی بھی رکن اسمبلی کی ایوان میں کی گئی بات کوآئین کے آرٹیکل 66 کی شق ون کے تحت کسی عدالت میں چیلنج نہیں کیاجاسکتا۔ اسپیکر سردار ایاز صادق نےریفرنس مستردکرتے ہوئے کہاکہ ریفرنس حقائق کے منافی ہے ، وزیراعظم کو آرٹیکل 66ون کے تحت استثنیٰ حاصل ہے جبکہ 63 ٹو کے تحت وزیراعظم کی اہلیت پر سوال ہی نہیں اُٹھتا۔ اسپیکر کی طرف سے جاری ہونیوالی پانچ صفحات پر مشتمل رولنگ میں کہاگیاکہ نوٹس میں اُٹھائے نکات حقائق کے منافی ہیں ، جو بھی رکن اسمبلی ایوان میں بات کرے ، اُسے کسی عدالت میں چیلنج نہیں کیاجاسکتا، یہ سپیکر کو دیکھناہے کہ اہلیت پر سوال اُٹھتاہے یانہیں، امکان ظاہر کیاجارہاہے کہ رولنگ کو جلدہی سپریم کورٹ میں پیش کردیاجائے گاجہاں فوج سے متعلق اسمبلی میں وزیراعظم کے بیان کو بنیاد بنا کر تحریک انصاف کی درخواست زیرسماعت ہے۔

ایمز ٹی وی (میانوالی) میانوالی میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، میانوالی کو پاکستان تحریک انصاف کا گڑھ سمجھاجاتاہے اور بیس ہزار سے زائد کرسیاں گراﺅنڈ میں لگائی گئی ہیں اس سلسلے میں خیبرپختونخواہ ، فاٹااور میانوالی کے گردونواح سے قافلوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے میانوالی میں پہلی مرتبہ خواتین کے لیے بھی دوہزار الگ نشستیں موجود ہیں ۔ جلسے کے منتظم ڈاکٹر صلاح الدین نے بتایاکہ مختلف مکتبہ فکر کی خواتین کی طرف سے مثبت جواب ملنے پر ہی الگ انتظام کیاگیاہے کیونکہ میانوالی میں زیادہ ترمقامات پر خواتین ووٹ ڈالنے ہی نہیں نکلتیں جبکہ گراﺅنڈ میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد لوگ سمانے کی جگہ موجود ہے، واضح رہے کہ ایک قافلے پر فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔

ایمز ٹی وی (ملتان) تحریک انصاف نے آزاد امیدوار عامر ڈوگر اور ن لیگ نے مخدوم جاوید ہاشمی کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔ این اے 149 کے ضمنی انتخابات میں 18 امیدوار مدمقابل ہیں لیکن ن لیگ کی آشیرباد سے مخدوم جاوید ہاشمی اور تحریک انصاف کی سرپرستی ملنے پر عامر ڈوگر مضبوط امیدوار بن گئے ہیں جنہوں نے الیکشن میں اپنی کامیابی یقینی بنانے کیلئے سیاسی جوڑ توڑ کا سلسلہ تیز کر دیا ہے ۔ این اے 149 شہری حلقہ ہے جس میں پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کے مقابلے میں ن لیگ نے متعدد بار کامیابی حاصل کی ہے لیکن ضمنی الیکشن میں جاوید ہاشمی کی بالٹی اور عامر ڈوگر کے خرگوش کی جیت کا فیصلہ حلقے کے 3 لاکھ 42 ہزار ووٹرز 286 پولنگ سٹیشن پر کریں گے ۔ ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی کے امیدوار ڈاکٹر جاوید صدیقی بھی میدان میں ہیں جنہوں نے اپنی انتخابی مہم صرف بینرز اور پمفلٹس کی حد تک ہی محدود کر رکھی ہے۔

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) سیکیورٹی فورسز نے اسلام آباد کے تھانہ بنی گالا کی حدود میں پنڈ بگوال کے علاقے میں ریکی کے دوران پولیس اور رینجرز کے کمانڈوز کی مدد سے چھاپہ مار کر 3 مشتبہ افراد کو گرفتار کر کے ان کے قبضے بھاری مقدار میں غیر ملکی اسلحہ اور گولیاں برآمد کر لیں۔ سیکیورٹی فورسز نے مشتبہ ملزمان سے اے کے 47 اور 12 بور پستول سمیت بڑی تعداد میں غیر ملکی اسلحہ اور سیکڑوں گولیاں بھی برآمد کی ہیں۔ جبکہ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف تھانہ بنی گالا میں مقدمہ درج کر کے انھیں مزید تحقیقات کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیاہے.

ایمز ٹی وی (پشاور) پشاور کے علاقے بازید خیل میں گاڑی کا سلنڈر روز دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہو گئے۔ امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا جہاں انھیں طبی امداد دی جا رہی ہے.

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) چیف جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے بلدیاتی انتخابات سے متعلق کیس کی سماعت کی، چیف جسٹس آف پاکستان نے خیبر پختونخوا میں حلقہ بندیاں ہونے کے باوجود بلدیاتی انتخابات نہ کروانے پر برہمی کا اظہار کیا ہے، عدالت نے پنجاب ، سندھ اور خیبرپختونخوا کے ایڈووکیٹس جنرل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بتایا جائے تینوں صوبوں میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق کیا اقدامات کیے ہیں۔ عدالت نے کے پی کے میں بلدیاتی انتخابات میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے استفسار کیا کہ حلقہ بندیاں مکمل ہونے کے باوجود انتخابات کیوں نہیں کروائے جا رہے جس پر ایڈووکیٹ جنرل کے پی کے نے کہا فیصلے میں کہا گیا تھا کہ حلقہ بندیاں الیکشن کمیشن نے کرنی ہیں ۔ اس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آپ اپنے طور پر اندازے نہ لگائیں یہ فیصلہ پنجاب اور سندھ سے متعلق تھا ۔ آپ کی بات مان لی جائے تو بلوچستان کے انتخابات کالعدم قرار دے دیئے جائیں گے ۔ جسٹس اعجاز چوہدری کا کہنا تھا کے پی کے حکومت انتخابات کروانا ہی نہیں چاہتی ،ایڈیشنل ایڈوووکیٹ جنرل کے پی کے نے کہا کل صوبائی کابینہ کے اجلاس میں بلدیاتی انتخابات کا مسودہ پیش کیا جائے گا ۔ چیف جسٹس نے کہا بلدیاتی انتخابات نہ کروانے کے لیے تاخیری حربے اختیار کیے جا رہے ہیں۔

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) ڈاکٹر طاہر القادری کی زیر صدارت پاکستان عوامی تحریک کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں انقلابی تحریک کو ملک بھر میں پھیلانے پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر احسن اقبال کے ساتھ مذاکرات پر بھی بات چیت ہوئی۔ طاہر القادری سے مسلم لیگ کی اعلیٰ قیادت نے بھی ملاقات کی۔ جس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ پاکستان عوامی تحریک کا ڈی چوک سے دھرنا ختم نہیں ہو گا۔ اس حوالے سے ڈاکٹر طاہر القادری آج اہم اعلان کریں گے۔

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) وزیراعظم کو نااہلی سے متعلق حاصل استثنیٰ پراسپیکر قومی اسمبلی کی رولنگ سپریم کورٹ میں چیلنج کردی گئی ہے، درخواست گزاراظہرصدیق ایڈووکیٹ نے رولنگ کالعدم قراردینے کی استدعاکرتے ہوئے موقف اپنایاکہ کوئی بھی شخص قانون سے بالاترنہیں۔ اظہرصدیق ایڈووکیٹ نے درخواست میں وزیراعظم ، سپیکر قومی اسمبلی ، الیکشن کمیشن اور وزارت قانون کو فریق بناتے ہوئے موقف اپنایاکہ بنیادی انسانی حقوق سے متصادم کسی قانون پر عدالت نظرثانی کرسکتی ہے۔ آرٹیکل چھیاسٹھ کے تحت وزیراعظم کو دیاگیااستثنیٰ غلط ہے ، آرٹیکل دو اے اور 227کے تحت اسپیکر کی رولنگ غیر اسلامی ہے لہٰذا رولنگ کو کالعدم قراردیتے ہوئے افواج پاکستان کو بدنام کرنے پر وزیراعظم نواز شریف کو نااہل قراردیاجائے۔واضح رہے کہ درخواست گزار اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے وزیراعظم کی نااہلی کیلئے سپیکر قومی اسمبلی کو ریفرنس بھیجا تھا جسے سپیکر نے مستردکرتے ہوئے رولنگ جاری کردی اور واضح کیاکہ وزیراعظم کوآئین کے آرٹیکل 66کے تحت استثنیٰ حاصل ہے اور ایوان میں کی گئی بات کو کسی عدالت میں چیلنج نہیں کیاجاسکتا۔

ایمز ٹی وی (لاہور) ہائیکورٹ کے زیر اہتمام آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ دھرنے میں شریک افراد اب اپنے گھر جانا چاہتے ہیں۔ رحمان ملک نے کہا کہ پاکستان کی بقاء پیپلز پارٹی کے منشور میں ہے جب کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ امن کا پیغام دیا اورمستقبل میں بھی پیپلز پارٹی اپنا کردار ادا کرتی رہے گی، ہم رات کی نہیں بلکہ دن کی سیاست کریں گے، جمہوریت کو خطرہ تھا تو سابق صدر آصف زرداری خود سفر کر کے لاہور پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو اتحاد کی جتنی آج ضرورت ہے اس سے پہلے اتنی کبھی نہ تھی، انکا کہنا تھا کہ وہ خود بھیس بدل کر دھرنوں میں گئے ہیں جہاں انہوں نے دیکھا کہ دھرنے میں شریک افراد اب اپنے گھر جانا چاہتے ہیں، حکومت دھرنے والوں کو محفوظ راستہ فراہم کرے۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کا جلسہ اچھا تھا لیکن پیپلز پارٹی اورعمران خان کے ووٹ بینک میں فرق ہے، بلاول بھٹو زرداری قوم کو سرپرائز دیں گے اورعید کے بعد پنجاب ہمارے ساتھ آئے گا۔

ایمز ٹی وی(کراچی)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سینئر رہنما فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ لاہور اور کراچی کے کامیاب جلسوں کے بعد موروثی سیاستدان حواس باختہ ہوچکے ہیں ، مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی ایکدوسرے کی انشورنس پالیسی ہیں اور یہ دونوں نااہل جماعتیں ملک پاکستان کی خیر خواہ نہیں ہیں ۔ یہ اپنی موروثی سیاست کو ہی جمہوریت سمجھتے ہیں لیکن دراصل حقیقی جمہوریت آج تک پاکستان میں آئی ہی نہیں ہے اس لیے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان حقیقی جمہوریت کے لیے کوشاں ہیں ۔ یہ باتیں انہوں نے مرکزی میڈیا سیل کراچی کے اراکین سے ملاقات کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہیں ۔ فردوس شمیم نقوی نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کے آزادی مارچ اور دھرنوں کے باعث عوام میں سیاسی شعور اجاگر ہوا ہے اس لیے آج عام پاکستانی اپنے حقوق کے حصول کے لیے ان بدمعاش اور کرپٹ حکمرانوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہوگئے ہیں ۔ آج حکمران ٹولہ جہاں بھی جاتا ہے انہیں وہاں عوام کے غیض و غضب اور گو نواز گو کے نعرے کا سامناکرنا پڑتا ہے جو جمہوری تبدیلی کی عکاسی کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ 90کی دہائی نہیں ہے کہ قوم سبز باغ دکھا کر انہیں بےوقوف بنایا جاسکے بلکہ یہ 2014ہے جہاں آج ہر پاکستانی سیاسی سوج بوجھ رکھتے ہیں جو اپنے مستقبل کے ساتھ ساتھ پاکستان کے مستقبل کے لیے بھی فکرمند ہیں ۔ تحریک انصاف اس فرسودہ نظام کے خاتمے کے لیے جمہوری جدوجہد کررہی ہے اور پوری قوم کو جگا رہی ہے ، پاکستانی عوام یہ فیصلہ کرچکی ہے کہ اب وہ کسی صورت اس دھاندلی زدہ حکمرانوں کو برداشت نہیں کرینگے۔