جمعہ, 04 اکتوبر 2024


برطانوی ادارے نے پروفیسرغلا م مشرف کو ’ایف آر ایس سی‘ منتخب کرلیا

دی رائل سوسائٹی آف کیمسٹری، برطانیہ، نےکیمیائی علوم کے شعبے میں گرانقدر خدمات انجام دینے پر پاکستان کے اسپیکٹرمیٹری کے شعبے سے متعلق معروف سائینسدان پروفیسر ڈاکٹر سید غلام مشرف کو ”فیلو آف دی رائل سوسائٹی آف کیمسٹری(ایف آر ایس سی)“ منتخب کیا ہے۔

بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق ایچ ای جے ریسرچ انسٹیٹیوٹ جامعہ کراچی سے وابستہ پروفیسرسید غلام مشرف جامعہ کراچی کے اُن پروفیسروں میں شامل ہیں جنھیں کم عمری میں ڈی ایس سی کی ڈگری کا اعزاز بھی حاصل ہوا ہے۔

واضح رہے کہ برطانیہ کی دی رائل سوسائٹی آف کیمسٹری پیشہ ور ماہرین کی سوسائٹی ہے جس کا مقصد کیمیائی علوم میں پیشرفت کرنا ہے۔ ترجمان کے مطابق بورڈ آف ایڈوانس اسٹڈیز اینڈ ریسرچ، جامعہ کراچی نے حال ہی میں پروفیسر ڈاکٹر سید غلام مشرف کو ڈی ایس سی کی ڈگری تفویض کی ہے۔
آئی سی سی بی ایس، جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق پروفیسر غلام مشرف کی اب تک260تحقیقی تصانیف ہیں جو مستند اور معروف جرنل میں شائع ہوئی ہیں جن کا امپیکٹ فیکٹر1100سے زیادہ ہے جبکہ ان کا ایچ انڈیکس38ہے ان کی تصانیف میں کتابوں کئی اسباق کی اشاعت، جائزے، اورادارت شدہ کتب بھی شامل ہیں، ان کے تحقیقی اعزازات میں امریکی پیٹنٹ بھی شامل ہیں۔

پروفیسر غلام مشرف کو متعدد ملکی اور غیر ملکی اعزازات حاصل ہوئے ہیں جن میں سول ایوارڈ تمغہئ امتیاز، پاکستان اکیڈمی آف سائینسز گولڈ میڈل، فیلو آف کیمیکل سوسائٹی پاکستان شامل ہیں، ان کی نگرانی میں اب تک40اسکالرز نے پی ایچ ڈی کیا ہے جبکہ بڑی تعداد میں ہائی ایجوکیشن کمیشن کے مقامی پی ایچ ڈی اسکالر ان کی ہی زیرِ نگرانی سندیافتہ ہوئے ہیں۔

انھوں نے ایچ ای سی، این ائی ایچ، اسلامک ڈیولپمنٹ بنک وغیرہ جیسی اہم متعدد ملکی اور غیر ملکی فنڈنگ ایجنسیوں سے مسابقتی گرانٹ بھی حاصل کی ہیں۔ آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر فرزانہ شاہین نے پروفیسر غلام مشرف کو اُن کی اس کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔ دوسری جانب شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی اور سابق وفاقی وزیر برائے سائینس اور ٹیکنالوجی اور پروفیسرامریطس ڈاکٹر عطا الرحمن نے بھی پروفیسر غلام مشرف کو اُن کی کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment