بدھ, 08 مئی 2024


یو ایس اوپن چیمپین بننے کا اعزاز جرمن اسٹار کے نام

ایمز ٹی وی (کھیل) اینجلیک کیربر 20 برس بعد یوایس اوپن چیمپئن بننے والی پہلی جرمن اسٹار بن گئیں، ان سے قبل اسٹیفی گراف نے1996میں سیزن کا اختتامی گرینڈسلم ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔
نئی ورلڈ نمبرون اینجلیک کیربر نے یوایس اوپن ویمنز سنگلز ٹائٹل جیت لیا، انھوں نے فائنل میں جمہوریہ چیک کی کیرولینا پلسکووا کو 6-3 ،4-6 اور6-4 سے مات دے دی، وہ دو دہائیوں بعد چیمپئن بننے والی پہلی جرمن کھلاڑی بنیں، اس سے قبل 1996 میں اسٹیفی گراف نے یوایس اوپن چیمپئن بننے کا اعزاز پایا تھا، جنھیں اوپن ایرا میں 22 گرینڈ سلم ٹائٹل جیتنے کا ریکارڈ حاصل ہے۔

جس میں سرینا ولیمز ان کی ساجھے داربنی ہوئی ہیں، کیربر نے رواں برس دوسری بڑی ٹرافی اپنے نام کی ہے، اس سے قبل جنوری میں انھوں نے آسٹریلین اوپن کے فائنل میں بھی سرینا ولیمز کو ٹھکانے لگایا تھا، رنر اپ پلسکووا کی یہ گرینڈ سلم میں اب تک کی بہترین پرفارمنس ثابت ہوئی، اس سے قبل 17 گرینڈ سلم میں شرکت کے باوجود وہ کبھی تیسرے راؤنڈ سے آگے نہیں بڑھ پائی تھیں، انھوں نے فائنل تک رسائی کے سفر میں تجربہ کار وینس ولیمز اور سرینا ولیمز کو ہرادیا تھا، وینس چوتھے مرحلے میں جبکہ ٹاپ سیڈ سرینا سیمی فائنل میں ان سے شکست کھابیٹھی تھیں، دوسری جانب اینجلیک کیربر پیر کو جاری ہونیوالی نئی رینکنگ میں باضابطہ طور پر نمبرون پلیئر کا تاج بھی اپنے سرپر سجالیں گی۔

سیمی فائنل میں سرینا کی شکست اور ان کی فائنل میں رسائی نے انھیں نمبرون پوزیشن کا حقدار گذشتہ دن ہی بنوادیا تھا، تاہم رسمی کارروائی پیر کو مکمل ہوجائے گی، فتح پر خوشی سے سرشار جرمن اسٹار کیربر نے کہاکہ آج میرے تمام خواب سچ ثابت ہوئے اور میں اس لمحے سے محظوظ ہونے کی کوشش کر رہی ہوں، یہ ناقابل یقین ہے، میں اپنی دوسری گرینڈ سلم ٹرافی کے ساتھ یہاں موجود ہوں اور یہ میرے لیے بہت اہمیت کا حامل ہے، کیربر رواں برس تین گرینڈ سلم کے فائنل تک پہنچنے میں کامیاب ہوئیں جس میں دو بار انھیں ٹائٹل مل گیا، دوسری جانب شکست خوردہ پلسکووا نے کہا کہ فائنل میں ناکامی سے قطع نظر مجھے پتہ چل گیاکہ میں بڑے اسٹیج پر اپنا بہترین کھیل پیش کرسکتی ہوں، کیربر نے خود کو نمبرون پلیئر ثابت کردکھایا،مجھے پتہ تھا کہ مقابلہ سخت ہوگا۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment