جمعرات, 09 مئی 2024


برطانوی ایتھلیٹ کی فضائی اہلکار سے تلخ کلامی

ایمز ٹی وی (کھیل) برطانوی ایتھلیٹ مو فاراح کی اہلیہ نے انکشاف کیا کہ امریکا میں پروازمیں سوار ہونے سے قبل فضائی کمپنی کے ایک اہلکار نے میرے شوہر کی تذلیل کی اورانھیں قطار میں سب سے پیچھے بھیج دیا تھا۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ان کی اہلیہ تانیہ فاراح کا کہنا تھا کہ مذکورہ ایئرلائنز کی اہلکار نے میرے ایتھلیٹ شوہر سے زوردارآواز میں بات کی اور اس امر پر یقین کرنے سے انکار دیا کہ ان کے پاس بزنس کلاس کا ٹکٹ ہے، انھوں نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ میں صرف اتنا جانتی ہوں کہ انھیں ان (مو فاراح) سے کوئی مسئلہ تھا، دوسری جانب ایئرلائن کے ترجمان کا کہنا ہے وہ اس معاملے کی تفتیش کر رہے ہیں اور برطانوی اسٹار ایتھلیٹ کے خاندان کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

مو فاراح اٹلانٹا سے اوریگون کے شہر پورٹ لینڈ جارہے تھے، ان کی اہلیہ نے مزید بتایا کہ اس فضائی کمپنی کی خاتون اہلکار نے بنیادی طور پر ان کی بے عزتی کی ، جب تک کچھ لوگ آگے آئے اور انھوں نے کہاکہ یہ مو فاراح، اولمپک چیمپئن ہیں، جسکے بعد وہ شرمندہ ہوئیں،لیکن اس سے قبل وہ میرے شوہر کی تذلیل کرچکی تھیں، ان کا کہنا تھا کہ وہاں وہ اکیلے سیاہ فام شخص تھے، مبینہ طور پر یہ واقعہ 22 اگست کو پیش آیا جب مو فاراح اپنے چار بچوں کے ہمراہ ریو سے واپس آرہے تھے،دوسری جانب 33 سالہ مو فاراح مسلسل تیسری بار گریٹ نارتھ رن کا اعزاز جیتنے میں کامیاب رہے، انھوں نے اتوار کو نیو کاسل میں ہونے والی اس دوڑ میں پہلی پوزیشن حاصل کی، وہ یہ اعزاز حاصل کرنیوالے پہلے شخص بن گئے۔

واضح رہے کہ موفاراح نے ریو اولمپکس میں 5000 میٹر اور 10 ہزار میٹرکی دوڑمیں طلائی تمغے حاصل کیے ہیں اور وہ اس سے قبل لندن گیمز میں بھی برطانیہ کیلیے انہی کیٹیگریز میں ٹائٹل جیت چکے ہیں۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment