جمعرات, 09 مئی 2024


پیرالمپکس میں پاکستانی کھلاڑی کا شاندار اعزاز

ایمز ٹی وی (کھیل) پاکستان کے پیرالمپیئن حیدر علی نے برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں جاری پیرالمپکس میں کانسی کا تمغہ جیت لیا۔ برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں جاری پیرالمپکس میں ایتھلیٹ حیدر علی نے لانگ جمپ مقابلوں میں کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔
حیدر علی نے اس مقابلے میں 6.28 میٹر طویل چھلانگ لگائی۔ مقابلے میں چین کے شانگ گوانگزو نے نئے عالمی ریکارڈ کے ساتھ سونے کا تمغہ جیتا۔

اکتیس سالہ حیدر علی کا تعلق صوبہ پنجاب کے شہر گجرانوالہ سے ہے اور وہ ریو پیرالمپکس میں شرکت کرنے والے واحد پاکستانی ہیں۔ یہ پیرالمپکس میں حیدر کا دوسرا تمغہ ہے۔انہوں نے 8 سال قبل بیجنگ پیرالمپکس میں بھی لانگ جمپ مقابلے میں ہی چاندی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔
اس سے قبل قومی پیرالمپکس کمیٹی مالی مسائل کا شکار تھی اور کمیٹی نے کھلاڑیوں کو ریو بھیجنے کے لیے مالی تعاون کی درخواست کی تھی۔ بعد ازاں پاکستان اسپورٹس بورڈ کے تعاون سے حیدر علی اور ان کے ٹرینر کو ریو بھیجا گیا۔

واضح رہے کہ 1992 سے پیرالمپکس مقابلوں میں پاکستانی کھلاڑی بھیجے جانے کے بعد حیدر واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے اب تک پاکستان کے لیے تمغے حاصل کیے ہیں۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment