پیر, 20 مئی 2024


چار روزہ ٹیسٹ کرکٹ ضروری نہیں ہرجگہ کارآمد ہو

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو ٹام ہیریسن نے ٹیسٹ میچوں کو چار روز تک محدود کرنے کی حمایت کا اشاریہ دے دیا ہے۔
کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق ٹام ہیریسن نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ 'صارف کی نظر سے دیکھا جائے تو یہ بات فائدے سے متعلق ہے اس لیے کیا ہم مخصوص حالات میں چار روزہ میچ کے ذریعے بہتر چیز تیار کرسکتے ہیں'۔
ہیریسن نے ٹیسٹ کرکٹ کی مقبولیت کی کمی کااندیشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ 'میرے نقطہ نظر کے مطابق میرا نہیں خیال کہ ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کرکٹ کی طرح یہ ہرجگہ کارآمد ہو لیکن اس کے لیے صحیح وقت، صحیح جگہ اور ٹھیک حالات ہونے چاہیے'۔
خیال رہے کہ انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کولن گریویز نے ابتدائی طورپر اس خیال کی مخالفت کی تھی تاہم ہیریسن کا کہنا ہے کہ 'ہمیں بورڈز پر دباؤ بڑھانے کی ضرورت ہے تاکہ ٹیسٹ کرکٹ کو لوگوں کے دلوں میں زندہ رکھا جائے'۔
ان کا کہنا تھا کہ'چار روزہ ٹیسٹ کرکٹ ایک دلچسپ بحث ہے جو بڑھے گی اور مجھے یقین ہے کہ ہم کسی نتیجے پر پہنچیں گے'۔
یاد رہے کہ ٹیسٹ کرکٹ کی مقبولیت کو برقرار رکھنے کے لیے آسٹریلیا نے 2015 میں ڈے اینڈ نائٹ ٹسیٹ میچوں کا آغاز کیا تھا جس کا آغاز نیوزی لینڈ اور میزبان آسٹریلیا کے درمیان ہوا تھا جہاں تماشائیوں کی بڑی تعداد نے اسٹیڈیم کا رخ کیا تھا۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تاریخ کا دوسرا ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ متحدہ عرب امارات میں کھیلا گیا تھا جبکہ آسٹریلیا نے 2016 میں جنوبی افریقہ اور بعد ازاں پاکستان کے خلاف ایک، ایک ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کھیلا۔
 

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment