اتوار, 22 ستمبر 2024


اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل، خالد لطیف کی مشکلات میں اضافہ

 

ایمزٹی وی (لاہور) پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں ملوث شرجیل خان کو ویڈیو لنک کے ذریعے گواہوں کے بیان ریکارڈ کرانے کی اجازت مل گئی، اسلام آباد یونائیٹڈ کے ساتھی کھلاڑی نے خالد لطیف کیخلاف گواہی دیدی، بیٹ گرپس تبدیل کرنے سے متعلق اوپنر کا بیان مسترد کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کی تحقیقات کیلیے قائم ٹریبیونل نے شرجیل خان کی بیرون ملک 2گواہوں کے بیان ویڈیو لنک سے ریکارڈ کرنے کی درخواست منظور کرلی، ذرائع کا کہنا ہے کہ اوپنر نے اپنی حق میں گواہی کیلیے ڈین جونز، صادق محمد اور محمد یوسف کے نام دیے ہیں۔دوسری جانب خالد لطیف کی جانب سے بائیکاٹ کے باوجود ٹریبیونل نے کارروائی گزشتہ روز بھی جاری رکھی،اس موقع پی سی بی کے 3 گواہ پیش ہوئے۔
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی سی بی کے قانونی مشیر تفضل رضوی نے کہا کہ خالد لطیف کا موقف ہے کہ بیٹ پر گرپس انھوں نے خود نہیں چڑھائیں بلکہ واش روم جاتے ہوئے ایک ساتھی کرکٹر سے کہا تھا جس نے غلطی سے یہ کام کیا،منگل کو اسلام آباد یونائیٹڈ کا وہی کھلاڑی ٹریبیونل کے سامنے پیش ہوا، اس نے واضح کیاکہ کوئی گرپس نہیں چڑھائیں، اینٹی کرپشن کے آفیشلز سمیت پی سی بی کے مزید گواہ بدھ کو پیش ہوںگے جس کے بعد کیس حتمی مراحل میں داخل ہوجائیگا۔ایک سوال پر تفضل رضوی نے کہا کہ خالد لطیف کو نوٹس جاری ہو چکے،وہ پیش نہ ہوئے تب بھی ٹریبیونل کارروائی جاری رکھتے ہوئے فیصلہ سنائیگا۔ انھوں نے کہا کہ ناصر جمشید کی معطلی کے حوالے سے درخواست کی سماعت 5 جون کو ہو گی۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment