جمعہ, 20 ستمبر 2024


فاسٹ بولر محمد شامی کی اہلیہ گرفتار

نئی دہلی: بھارتی فاسٹ بولر محمد شامی کی اہلیہ کو بدامنی پھیلانے کے الزام میں امروہا پولیس نے گرفتار کرلیا۔
 
بھارتی کرکٹر محمد شامی اور ان کی اہلیہ حسین جہاں کے درمیان تنازع شدت اختیار کرگیا، امروہا پولیس نے شامی کی اہلیہ کو بدامنی پھیلانے کے الزام میں گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔
 
محمد شامی کی اہلیہ کا کہنا ہے کہ امروہا پولیس مجھے بلا وجہ تنگ کررہی ہے اور بیٹی کو بھی بھوکا رکھا گیا مودی سرکار کو میرے ساتھ ہونے والا ظلم نظر نہیں آرہا ہے۔
 
حسین جہاں نے کہا کہ مودی سرکار نعرہ لگاتی ہے بیٹی بچاؤ، بیٹی پڑھاؤ، میں بھی ایک بیٹی ہوں، کیا بھارتی حکومت کو یہ نظر نہیں آرہا، پولیس میرے گھر میں زبردستی داخل ہوئی اور گرفتار کرکے لے گئی۔
 
مزید پڑھیں: بھارتی کرکٹر کی اہلیہ کا شوہر پر سنگین الزام
 
بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ شامی کی اہلیہ ملزمہ حسین جہاں کو سیکشن 151 کے تحت بغیر وارنٹ کے گرفتار کیا گیا ہے، پولیس کے مطابق شامی کی اہلیہ اپنی ساس کے ساتھ جھگڑنے میں مصروف تھیں۔
 
واضح رہے کہ فاسٹ بولر محمد شامی ان دنوں آئی پی ایل کے 12ویں سیزن میں بالی ووڈ اداکارہ پریتی زنٹا کی ٹیم کنگز الیون پنجاب کی نمائندگی کررہے ہیں، شامی نے 11 میچز میں 14 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
 
کنگز الیون پنجاب کی ٹیم نے 11 میچز کھیلے ہیں اور پانچ میچ جیت کر ان کی چھٹی پوزیشن ہے، یہ تنازع شامی کی کارکردگی پر کتنا اثرانداز ہوگا یہ کہنا قبل از وقت ہے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment