ایمز ٹی وی (تجارت) وفاقی حکومت نے گلگت بلتستان کی صوبائی حکومت کو گندم کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق نوٹیفکیشن پرہر صورت عملدرآمد کرانے کے لیے باضابطہ طور پر مراسلہ جاری کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزارت خزانہ نے گلگت بلتستان میں گندم کی فی بوری قیمت میں 500 روپے اضافہ کرتے ہوئے بوری کی قیمت 1100 سے بڑھا کر 1600 روپے کرنا کا حکم دیا ہے تاہم صوبائی حکومت نے اس پر اب تک کوئی عملدرآمد نہیں کیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ وفاقی وزارت خزانہ نے گلگت بلتستان کی صوبائی حکومت کو گندم کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کیلیے جاری نوٹیفکیشن پر عملدرآمد نہ ہونے کے بارے میں باضابطہ طور پر یاد دہانی مراسلہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ رواں سال کی وفاقی بجٹ میں وفاق نے گلگت بلتستان کو گندم پر سبسڈی کی مد میں 6 ارب سے زائد روپے اس شرط پر مختص کیے تھے کہ یکم جولائی سے گندم کی فی خالی بوری 100 روپے اور گندم کی فی کلو قیمت 1100 روپے سے بڑھا کر 1500 روپے کی جائے گی اور اگر وفاق میں گندم کی فی کلو قیمت 32 روپے سے بڑھ جائے تو اس کا اطلاق گلگت بلتستان میں بھی ہوگا۔
ذرائع نے بتایا کہ اس ضمن میں وفاقی وزارت خزانہ نے صوبائی حکومت اور انتظامیہ کو ارسال کردہ یاد دہانی مراسلے میں پوچھا ہے کہ ابھی تک گندم کی قیمتوں میں اضافہ کیوں نہیں کیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ وفاقی وزارت خزانہ نے مراسلے میں کہا ہے کہ گندم کی قیمت میں طے شدہ شرائط کے مطابق ہر صورت اضافہ کیا جائے اور اس کا اطلاق یکم جولائی سے کیا جائے۔ ذرائع کے مطابق رواں برس گندم کوٹے میں بھی کمی کردی گئی ہے۔
صوبائی حکومت کو گندم کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کیلیے نوٹیفکیشن جاری
Leave a comment