منگل, 26 نومبر 2024


یانگ کم آئندہ پانچ سال کے لیے ورلڈ بینک کے صدر منتخب

ایمز ٹی وی (تجارت) جنوبی کوریا سے تعلق رکھنے والے جم یانگ کم دوسری مدت کے لیے بھی عالمی بینک کے صدر منتخب ہوگئے۔ فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق جم یانگ کم کے مقابلے میں کسی اور امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے جس کے بعد یہ بات یقینی ہوگئی ہے کہ یانگ کم ہی آئندہ پانچ سال کے لیے ورلڈ بینک کے صدر رہیں گے۔ جم یانگ کم کی موجودہ مدت ملازمت 30 جون 2017 کو ختم ہوگی اور انہیں باضابطہ طور پر ورلڈ بینک کے صدر کے عہدے پر دوبارہ فائز کرنے کا فیصلہ 7 سے 9 اکتوبر تک ہونے والے سالانہ اجلاس 2016 میں کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ 56 سالہ کم کورین نژاد امریکی شہری ہیں جنہوں نے بطور صدر ورلڈ بینک دنیا سے غربت کے خاتمے پر توجہ مرکوز رکھی اور انہیں عہدہ صدارت کے لیے امریکا، فرانس، جرمنی، چین اور دیگر بڑے ملکوں کی حمایت حاصل ہے۔ وہ 2012 میں پہلی بار ورلڈ بینک کے صدر بنے تھے تاہم ناقدین ورلڈ بینک کے صدر کے انتخاب کے طریقہ کار اور اس کی شفافیت پر سوالات اٹھاتے ہیں۔ یاد رہے کہ دوسری جنگ عظیم کے بعد عالمی معیشت کی بحالی کی غرض سے وجود میں آنے والے عالمی بینک کے غیر تحریر شدہ قانون کے مطابق اس کا سربراہ ہمیشہ ایک امریکی شہری ہوتا ہے جسے واشنگٹن کی جانب سے منتخب کیا جاتا ہے۔ اس حوالے سے 15 ہزار ارکان پر مشتمل ورلڈ بینک گروپ اسٹاف ایسوسی ایشن نے مطالبہ ہے کہ ورلڈ بینک کے سربراہ کے انتخاب کا زیادہ بہتر طریقہ کار اپنایا جائے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment