ایمز ٹی وی (تجارت) وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے صوبے کے 5 لاکھ کسانوں کے لیے بلاسود قرضے دینے کا اعلان کردیا۔ لاہور میں صوبے کے کسانوں کے لیے بلاسود قرضہ اسکیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران شہباز شریف نے گزشتہ حکومتوں کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کسان کی خوشحالی کا نعرہ لگانے والوں نے ہی انہیں بدحال کیا، لیکن موجودہ حکومت نے صوبائی بجٹ میں اربوں روپے کا بجٹ رکھ کر کسان دوستی کی شاندار مثال قائم کی۔
انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومت پر تنقید نہیں کرنا چاہتا لیکن کسان کو 70 سالوں میں کسی نے بھی فائدہ نہ پہنچایا، تاہم پنجاب حکومت کسانوں کی سماجی و اقتصادی حالت بہتر بنانے اور زرعی شعبے کو جدید بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 'اسکیم کے تحت صوبے کے 5 لاکھ کسانوں کو 80 ارب روپے کے قرضے دیئے جائیں گے، جن میں 70 فیصد افراد ایسے ہیں جن کو پہلی مرتبہ قرضہ دیا جائے گا، جبکہ بینکوں کے سی ای اوز سے کہتا ہوں کہ وہ کسانوں کو 80 کی بجائے 100 ارب روپے کے قرضے دیں۔'
وزیر اعلیٰ نے ایک بار پھر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینئر رہنما سید خورشید شاہ کا نام لیے بغیر کہا کہ مال روڈ پر دھرنے ختم ہوگئے، اب وہ دھرنے بھی ختم ہونے چاہیں جو پاکستان کا دھڑن تختہ کرنا چاہتے ہیں۔