ایمز ٹی وی (تجارت) پاکستان اسٹیٹ آئل نے بہتر معیار کی فیول پراڈکٹس الٹرون پریمیئر اور الٹرون ایکس ہائی پرفارمنس متعارف کرادی ہیں۔ نئی مصنوعات کی رینج کی کراچی میں پاکستان اسٹیٹ آئل کے فیول اسٹیشنز پر فروخت شروع کردی گئی ہے جبکہ ملک بھر میں یہ مصنوعات آئندہ تین سے چار روز میں دستیاب ہوں گی جس کے لیے پی ایس او کے سینٹرل اور نارتھ ریجن کو نئی پراڈکٹس کی سپلائی شروع کردی گئی ہے۔
پاکستان اسٹیٹ آئل نے ملک میں پہلی مرتبہ اعلیٰ معیار کے فیول آر اواین (ریسرچ آکٹین نمبر ) کو متعارف کرانے کے لیے حکومت پاکستان اور وفاقی وزارت پیٹرول و قدرتی وسائل کے ویژن کو عملی جامہ پہنانے میں بنیادی کردار ادا کیا ہے۔ ہائی گریڈ آر او این فیول کا استعمال نہ صرف گاڑیوں کے انجن کی معیاد بڑھانے میں معاون ہوگا بلکہ اس کے استعمال سے انجن کی مرمت کی مد میں ہونے والے اخراجات میں بھی کمی واقع ہوگی۔ انجن کی بہتر کارکردگی کی بدولت الٹرون پریمیئم اور الٹرون ایکس ہائی پرفارمنس فیول کاربن کے کم اخراج کی وجہ سے ماحول کے لیے بھی سود مند ثابت ہوگا۔ متعارف کرائے جانے والی نئی پراڈکٹ رینج کم ایندھن خرچ کرتے ہوئے زیادہ مسافت طے کرنے، انجن کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور صارفین کے لیے گاڑی چلانے کے بہترین تجربے کا ذریعہ بنے گی۔
اس پیش رفت کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستان اسٹیٹ آئل کے ایم ڈی شیخ عمران الحق نے کہا کہ الٹرون پریمیئر اور الٹرون ایکس ہائی پرفارمنس پر مشتمل نئی پراڈکٹ رینج متعارف کرانے کا مقصد پی ایس او کے لاکھوں صارفین کے کمپنی پر اعتماد کو مزید مستحکم بنانا ہے۔ نئی پراڈکٹ رینج پاکستان میں ایندھن کے معیار کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ بنانے میں اہم پیش رفت ہے۔ پاکستان اسٹیٹ آئل کو اس بات پر فخر ہے کہ وہ پاکستان کی پہلی آئل مارکیٹنگ کمپنی ہے جو ملک میں اعلیٰ معیار کے ایندھن کو رائج کرنے میں قائدانہ کردار ادا کررہی ہے۔